قومی

مہاراشٹر میں حد بندی کے معاملے پر مہا وکاس اگھاڑی میں زبردست اختلافات، سپریا سولے کے موقف سے ادھو سینا اور کانگریس ناراض

مہاراشٹرمیں حد بندی بل سے متعلق مہا وکاس اگھاڑی کے اندرسیاسی اختلافات شروع ہوگئے ہیں۔ این سی پی (شردچندرپوار) کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے حد بندی کی حمایت کے اشارے کیا دیئے کہ ادھوٹھاکرے کی شیوسینا اورکانگریس نے اس پرسوال کھڑے کردیئے۔ شیوسینا (ادھوٹھاکرے گروپ) کے لیڈرسنجے راوت نے واضح طورپرکہا کہ اگرکوئی حد بندی بل کی حمایت کرتا ہے تواسے انڈیا الائنس سے باہرچلے جانا چاہئے۔ کانگریس نے بھی سنجے راوت کے بیان کی حمایت کی ہے۔ تاہم شرد پوارکی پارٹی نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی نظریاتی بنیاد پرقائم ہے اورفی الحال بل کا مسودہ سامنے آنے کا انتظارکیا جانا چاہئے۔

دراصل، حد بندی کے معاملے پرمہا وکاس اگھاڑی میں ابھی سے اختلافات سامنے آنے لگے ہیں۔ سپریا سولے کی جانب سے حد بندی کی حمایت کے اشارے ملنے کے بعد ادھوٹھاکرے گروپ کے لیڈرسنجے راوت نے ناراضگی ظاہر کی۔ سنجے راوت نے کہا کہ انڈیا الائنس کے اندراس معاملے پربحث ہونی چاہئے۔ اگرکوئی این ڈی اے کے حد بندی بل کی حمایت کرتا ہے تواسے انڈیا الائنس سے باہرچلا جانا چاہئے۔

کانگریس نے سنجے راوت کے بیان کی حمایت کی

کانگریس نے بھی سنجے راوت کے بیان کی حمایت کی ہے۔ کانگریس لیڈر، سابق رکن پارلیمنٹ اورسابق وزیرحسین دلوائی نے کہا کہ سنجے راوت بالکل صحیح کہہ رہے ہیں۔ سپریا سولے کو حد بندی کے معاملے پراپنا موقف انڈیا الائنس کی میٹنگ میں رکھنا چاہئے۔ اس معاملے پراتحادی جماعتوں کے درمیان بات چیت ہونی چاہئے۔ وہیں کانگریس کے لیڈراورقومی ترجمان اتل لونڈھے پاٹل نے بھی سنجے راوت کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سپریا سولے کوحد بندی کے معاملے پراپنا موقف انڈیا الائنس کی میٹنگ میں رکھنا چاہئے۔ اس معاملے پراتحاد کے اندربات چیت ہونی چاہئے۔ باہربیان بازی کرنا مناسب نہیں ہے۔ اگرکوئی اس بل کی حمایت کرنے کی بات کرتا ہے تووہ انڈیا الائنس کے ساتھ نہیں ہے۔ اسے اتحاد سے باہرچلے جانا چاہئے۔ دوسری جانب کانگریس اورادھو ٹھاکرے گروپ کے موقف پراین سی پی (شردچندرپوار) نے بھی اپنا ردعمل ظاہرکیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدرششی کانت شندے نے کہا کہ اس طرح کی بحث کرنا مناسب نہیں ہے۔ ان کی پارٹی ایک نظریے پرچلتی ہے اوراسے بی جے پی کی بی ٹیم کے طورپردیکھنا غلط ہے۔

این ڈی اے میں شامل نہیں ہوگی شردپوارکی این سی پی

وہیں این سی پی (شردچندرپوار) کے رکن اسمبلی روہت پوارنے بھی واضح کیا کہ شرد پوارکا نظریہ شاہو، پھولے اورامبیڈکرکے نظریات پرمبنی ہے اوران کی پارٹی این ڈی اے میں شامل نہیں ہوگی۔ تاہم انہوں نے سنجے راوت اور دیگرلیڈران کے بیانات پرتبصرہ کرنے سے انکارکردیا۔ روہت پوارنے کہا کہ ابھی حد بندی بل کا مسودہ ہی سامنے نہیں آیا ہے۔ مسودہ آنے کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ کتنی سیٹوں میں اضافہ ہوگا اورحد بندی کی بنیاد کیا ہوگی۔

بی جے پی نے سپریا سولے کے بیان کا کیا خیرمقدم

ایک طرف جہاں مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کی اتحادی جماعتیں سپریا سولے کے موقف پرسوال اٹھا رہی ہیں، وہیں بی جے پی نے ان کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔ مہاراشٹرکے وزیرمحصولات اوربی جے پی لیڈرچندرشیکھر باونکولے نے کہا کہ سپریا سولے نے عوامی نمائندوں کے مسائل کوسمجھتے ہوئے حد بندی کی حمایت کا موقف اختیارکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے انتخابی حلقوں کی وجہ سے اراکین پارلیمنٹ اوراراکین اسمبلی کوعوام تک پہنچنے میں دشواری ہوتی ہے۔ ایسے میں انتخابی حلقوں کا رقبہ چھوٹا ہونا ضروری ہے۔ فی الحال سپریا سولے کی جانب سے اس پورے تنازعہ پرکوئی نیا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ وہ ابھی مہاراشٹرسے باہرہیں، لیکن حد بندی کے معاملے پران کے موقف نے مہا وکاس اگھاڑی کے اندراختلافات کو ضروراجاگرکردیا ہے۔ ایک طرف ادھوٹھاکرے کی شیوسینا اورکانگریس انڈیا الائنس کے مشترکہ موقف پرزوردے رہی ہیں، تودوسری طرف شرد پوارکی پارٹی بل کا مسودہ سامنے آنے کے بعد اپنا موقف طے کرنے کی بات کہہ رہی ہے۔ ایسے میں حد بندی بل کے معاملے پرمہا وکاس اگھاڑی کے اتحاد سے متعلق سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

سپریا سولے نے قیاس آرائیوں کو کیا تھا مسترد

واضح رہے کہ اس سے پہلے جولائی میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) کی کارگزارصدراوررکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے این ڈی اے میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کوپوری طرح مسترد کردیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ان کی پارٹی کسی کے دباؤمیں کام کرنے والی نہیں ہے۔ سپریا سولے نے واضح طورپرکہا تھا کہ ان کی پارٹی انڈیا الائنس کا حصہ ہے اورحد بندی جیسے اہم معاملے پراتحاد کی تمام جماعتیں مل کرفیصلہ کریں گی۔

Nisar Ahmad

Recent Posts

Russia Ukraine War: روس یوکرین جنگ میں 4.90 لاکھ روسی فوجیوں کی ہلاکت؟ لیک شدہ اعداد و شمار میں بڑا دعویٰ

روس کی سرکاری شماریاتی ایجنسی روس اسٹیٹ کے مبینہ طور پر لیک ہونے والے اعداد…

42 minutes ago

SP Congress Seat Sharing: اکھلیش یادو نے اتحاد پر کھولے پتے، بولے- سیٹوں کی تقسیم میں ضروری سمجھوتے کے لیے تیار

یوپی اسمبلی انتخابات 2027 سے پہلے سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد کو لے…

1 hour ago

Daler Mehndi Expressed PM Modi: ننکانہ صاحب کی یاترا آسان بنانے پر دلیر مہندی نے وزیر اعظم مودی کا ادا کیا شکریہ

وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو گرو نانک دیو جی کے پرکاش پرو کے…

1 hour ago

PM Modi Statement: اسکل ڈیولپمنٹ کو نئی پہچان دینے کی ضرورت، ہندوستان نوجوانوں کو مستقبل کے مواقع کے لیے تیار کر رہا ہے: وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان نوجوانوں کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق…

1 hour ago