ملک بھر میں موسم کا مزاج تیزی سے بدلتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ بھارتی محکمۂ موسمیات نے آئندہ دنوں کے لیے کئی ریاستوں میں خراب موسم کی وارننگ جاری کی ہے۔ ایک طرف جنوبی بھارت کے کئی حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، تو دوسری جانب شمالی بھارت شدید سردی، شیت لہر، گھنے کہرے اور کولڈ ڈے کی لپیٹ میں رہے گا۔دہلی این سی آر میں سردی کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی بھی سنگین سطح پر برقرار ہے۔ ہلکی بارش کے باوجود ہوا کے معیار میں کوئی خاص بہتری دیکھنے کو نہیں ملی۔ سینٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق آنند وہار، نہرو نگر، چاندنی چوک، آر کے پورم اور پنجابی باغ جیسے علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس 400 سے تجاوز کر گیا، جو انتہائی سنگین زمرے میں آتا ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں دہلی میں کم سے کم درجۂ حرارت 5 ڈگری سیلسیس تک گر سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والے گہرے دباؤ کے اثر سے تمل ناڈو، آندھرا پردیش، تلنگانہ، کرناٹک اور کیرالہ میں اگلے 48 گھنٹوں تک موسم سرگرم رہے گا۔ ان ریاستوں کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات نے تمل ناڈو کے متعدد اضلاع کے لیے 11 سے 13 جنوری تک اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ چنئی، پدوچیری، ناگاپٹنم، تروولور، کانچی پورم، تنجاور اور آس پاس کے علاقوں میں بھاری بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔شمالی بھارت میں ایک بار پھر سردی نے شدت اختیار کر لی ہے۔ 11 سے 15 جنوری کے دوران دہلی، اتر پردیش، بہار، راجستھان، پنجاب، ہریانہ اور مدھیہ پردیش میں شیت لہر اور گھنا سے انتہائی گھنا کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق کئی ریاستوں میں کولڈ ڈے جیسی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے، جس کے باعث دن بھر شدید سردی کا احساس ہوگا۔ صبح کے وقت پالا پڑنے اور حدِ نگاہ میں نمایاں کمی کے سبب سڑک، ریل اور ہوائی آمد و رفت متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
بہار میں تقریباً 15 اضلاع کے لیے یلو اور 16 اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ پٹنہ، مظفرپور، دربھنگہ، سیتامڑھی اور مدھوبنی سمیت کئی اضلاع میں دن بھر شیت لہر کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر رہیں گے۔ اتر پردیش کے قریب 30 اضلاع میں گھنے کہرے اور شدید سردی کا الرٹ ہے، جبکہ راجستھان کے کئی حصوں میں کم سے کم درجۂ حرارت 3 سے 4 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔پہاڑی ریاستوں اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور لداخ کے بلند علاقوں میں مسلسل برف باری سے درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے چلا گیا ہے۔ سری نگر، گلمرگ، پہلگام اور لاہول اسپیتی جیسے علاقوں میں سخت سردی پڑ رہی ہے، جس سے سڑکوں پر پھسلن اور پالا پڑنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔خراب موسم اور گھنے کہرے کے باعث کئی ٹرینوں کے تاخیر سے چلنے اور بعض کے منسوخ ہونے کا امکان ہے، جب کہ فضائی خدمات بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔ محکمۂ موسمیات نے عوام کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
ساحل کے والد نے صرف استاد کے خلاف ہی نہیں بلکہ فیکلٹی کے سینئر افسران…
اویسی نے حال ہی میں بھوپال میں منعقد اپنے پروگرام کا بھی ذکر کیا۔ وہاں…
واقعے کے بعد سرکاری طبی مرکز میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات پر بھی سوال…
پریم سنگھ کے پاس اس وقت تقریباً 6.3 کلوگرام سونا ہے، جسے وہ روزانہ پہن…
ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے دہلی پولیس پارک اور اس کے آس پاس…
گزشتہ ہفتے روس اور یوکرین دونوں نے توانائی اور نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے…