نئی دہلی: سشستر سیما بل (ایس ایس بی) کے یومِ تاسیس کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے فورس کے بہادر جوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے ناقابلِ تسخیر حوصلے، فرض شناسی اور ملک کے تئیں بے مثال وابستگی کو سلام پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایس ایس بی کے جوان ملک کی سرحدوں کے محافظ ہی نہیں بلکہ قومی سلامتی کے مضبوط ستون بھی ہیں، جو ہر مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے سرکاری ایکس ہینڈل پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ سشستر سیما بل کی خدمات اور قربانیاں ملک کی سلامتی کے نظام کی مضبوط بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے دشوار گزار جغرافیائی حالات ہوں یا سخت موسمی چیلنجز، ایس ایس بی کے جوان مکمل چوکسی اور فرض شناسی کے ساتھ سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے فورس کے روشن مستقبل اور آئندہ ذمہ داریوں کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے بھی ایس ایس بی کے یومِ تاسیس پر جوانوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا سشستر سیما بل کی پہچان ہے۔ گڈکری نے کہا کہ ملک ایس ایس بی کے جوانوں کی خدمات کا ہمیشہ مقروض رہے گا، جنہوں نے سرحدی سلامتی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
مرکزی وزیر زراعت اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے بھی ایس ایس بی کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماں بھارتی کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ تیار رہنے والے ایس ایس بی کے جوانوں کی وفاداری، خدمت اور قربانی پورے ملک کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے جوانوں کے حوصلے اور حب الوطنی کی ستائش کرتے ہوئے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔
اڈیشہ کے گورنر ڈاکٹر ہری بابو کمبھم پتی نے ایس ایس بی کے 62ویں یومِ تاسیس کے موقع پر فورس کے شجاعت، قربانی اور بے لوث خدمات کو سلام کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرض کے تئیں ایس ایس بی کے جوانوں کی وابستگی پورے ملک کو متاثر کرتی ہے اور سرحدی سلامتی میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی ایس ایس بی کو خدمت، تحفظ اور قربانی کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے جوانوں اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی وحدت، سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ میں ایس ایس بی کا تعاون بے مثال ہے۔ وزیر اعلیٰ نے فورس کے تمام اہلکاروں کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
FRRO کی جانب سے عمران خان کو بھارت چھوڑنے کا نوٹس ملنے کے بعد معاملہ…
الیکشن کمیشن نے کہا کہ ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرثانی (SIR) سے متعلق تینوں…
پریاگ راج میں منعقدہ عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آزاد سماج پارٹی (کانشی رام)…
لیفٹیننٹ گورنر ڈاکٹر دنیش شرما نے آئی لینڈ کے ٹورزم فیسٹیول کی تیاریوں کا جائزہ…
امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے والے بھارتی طلبہ یونیورسٹی کے اندر مختلف پارٹ ٹائم نوکریاں…
کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے پنجاب کی موجودہ صورت حال سے متعلق عام…