بہارکے بانکی پوراسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخاب میں جیت کے بعد جن سوراج پارٹی کے سربراہ پرشانت کشورنے کہا ہے کہ ان کی اوروزیراعلیٰ سمراٹ چودھری کے درمیان کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، لیکن اس انتخابی نتیجے نے بہارکی سیاست کوواضح پیغام دیا ہے۔ ان کے مطابق، بانکی پورکا نتیجہ صرف ایک اسمبلی سیٹ کا فیصلہ نہیں بلکہ سمراٹ چودھری کی قیادت پر عوامی رائے بھی ہے۔
پرشانت کشورنے دعویٰ کیا کہ بہارکے عوام سمراٹ چودھری کی قیادت کوقبول نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمراٹ چودھری انہیں اپنا بھائی کہتے ہیں اورضمنی الیکشن کے نتائج آنے کے بعد بھی انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پرجن سوراج اورانہیں جیت کی مبارک باد دی۔ سمراٹ چودھری نے اپنی پوسٹ میں لکھا، “جمہوریت کے اس عظیم تہوارمیں بانکی پورکے عوام نے جن سوراج کومنتخب کیا ہے۔ میں عوام کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے پرشانت کشورکوجیت کی مبارک باد دیتا ہوں۔”
سمراٹ چودھری کی قیادت پرتنقید
پرشانت کشورنے کہا کہ سمراٹ چودھری کے پاس ریاستی سطح پرتنظیم کومتحد رکھنے اورنئے ووٹروں کوجوڑنے کا وژن نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف نتیش کمارکی سیاسی حمایت کے سہارے بی جے پی کی قیادت کررہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانکی پورجیسی بی جے پی کی روایتی مضبوط سیٹ پراین ڈی اے کے ووٹ شیئراورجیت کے مارجن میں کمی اس بات کا ثبوت ہے کہ سمراٹ چودھری کی قیادت عوام کومتاثرکرنے میں ناکام رہی ہے۔
بی جے پی کونئے چہرے کی تجویز
پرشانت کشورنے بی جے پی کی مرکزی قیادت کومشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بانکی پورکے عوام نے یہ پیغام دیا ہے کہ بہارکی قیادت کے لئے بہتر، دیانت داراوراہل شخصیت کوآگے لایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگربی جے پی کشواہا برادری سے ہی کسی لیڈرکوآگے بڑھانا چاہتی ہے تواس سماج میں کئی باصلاحیت اورصاف ستھری شبیہ رکھنے والے لیڈرموجود ہیں، جنہیں موقع دیا جانا چاہئے۔
بی جے پی کا جوابی پلٹ وار
پرشانت کشورکے بیانات پرسمراٹ چودھری کے حامیوں اوربی جے پی نے سخت ردعمل ظاہرکیا ہے۔ پارٹی ترجمانوں نے کہا کہ “جیت، جیت ہوتی ہے” اورضمنی انتخابات میں عموماً ووٹنگ کا تناسب کم رہتا ہے، جس کا اثرجیت کے مارجن پرپڑتا ہے۔ بی جے پی نے پرشانت کشورکوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جوپارٹی ایک بھی نشست جیتنے میں کامیاب نہ ہو، اسے کامیاب لیڈران کی قیادت پرسوال اٹھانے کا کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
آئی آئی ٹی کانپور میں 29 اکتوبر سے یکم نومبر تک سالانہ ثقافتی میلہ ’انتراگنی…
بھارتی مردوں نے 50-23 سے کامیابی حاصل کی، جبکہ خواتین ٹیم نے نائجیریا کو 38-10…
مدھیہ پردیش کے نیمچ ضلع میں لکھ پتی دیدی اسکیم کے مثبت نتائج سامنے آ…
FRRO کی جانب سے عمران خان کو بھارت چھوڑنے کا نوٹس ملنے کے بعد معاملہ…
الیکشن کمیشن نے کہا کہ ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرثانی (SIR) سے متعلق تینوں…
پریاگ راج میں منعقدہ عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آزاد سماج پارٹی (کانشی رام)…