نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی کا دو روزہ دورۂ اردن سفارتی، ثقافتی اور باہمی تعلقات کے اعتبار سے نہایت یادگار ثابت ہوا۔ حُسینیہ پیلس میں شاہ اردن شاہ عبداللہ دوم کی جانب سے شاندار استقبال سے لے کر شاہی خاندان کی خصوصی رخصتی تک، اس دورے نے بھارت–اردن تعلقات میں ایک نئی گرمجوشی کا اضافہ کیا۔
حُسینیہ پیلس میں شاہانہ استقبال
اردن پہنچنے پر شاہ اردن کنگ عبداللہ دوم نے دارالحکومت عمان میں واقع عالی شان حُسینیہ پیلس میں وزیرِاعظم مودی کا پرتپاک استقبال کیا۔ کنگ عبداللہ دوم کو پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی 41ویں نسل کا وارث مانا جاتا ہے جبکہ ان کا خاندان گزشتہ 1400 برسوں سے اردن کی قیادت کرتا آ رہا ہے۔
ولی عہد خود گاڑی چلا کر میوزیم لے گئے
اس دورے کا ایک نہایت منفرد اور تاریخی لمحہ اس وقت سامنے آیا جب اردن کے ولی عہد الحسین بن عبداللہ دوم نے خود گاڑی چلا کر وزیراعظم مودی کو ’دی اردن میوزیم‘ تک پہنچایا۔ وزیرِاعظم نے میوزیم کی گیسٹ بُک میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے، اس موقع پر ولی عہد خود موجود رہے۔ اس واقعے کو سفارتی تاریخ میں غیر معمولی گرمجوشی کی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
نوجوانوں، کھیل، خلا اور اختراع پر گفتگو
وزیرِاعظم مودی نے ولی عہد الحسین کے جذبے اور وژن کی ستائش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ نوجوانوں کی ترقی، کھیل، خلائی سائنس، اختراع (انوویشن) اور معذور افراد کی فلاح کے شعبوں میں کراؤن پرنس کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے اردن کی ترقی کے لیے کراؤن پرنس کی کوششوں کو مستقبل کے لیے نہایت مضبوط بنیاد قرار دیا۔
شاہی رخصتی، ایتھوپیا کے لیے روانگی
خصوصی احترام اور ذاتی تعلقات کی مثال قائم کرتے ہوئے ولی عہد الحسین بن عبداللہ دوم خود وزیراعظم مودی کو ایئرپورٹ تک چھوڑنے پہنچے، جہاں سے وزیراعظم اپنے اگلے دورے کے لیے افریقی ملک ایتھوپیا روانہ ہوئے۔
بھارت اور اردن کے درمیان پانچ اہم معاہدے
اس دورے کے دوران بھارت اور اردن کے درمیان پانچ اہم مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے۔ ان میں ثقافتی تعاون، قابل تجدید توانائی، آبی وسائل کا انتظام، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر اور تاریخی ورثے کے تحفظ جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔ دونوں ممالک نے ثقافت، گرین اور کلین انرجی، ڈیجیٹل گورننس اور عوامی خدمات میں ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
انڈیا–اردن بزنس فورم میں خطاب
انڈیا–اردن بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے دونوں ممالک کے درمیان قدیم ثقافتی رشتوں کو اجاگر کیا اور سرمایہ کاری، ترقی اور اختراع کے نئے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
نئی دہلی کے تین مورتی حائفہ چوک پر حائفہ فتح کی 108ویں سالانہ یادگاری تقریب…
کانگریس لیڈر نے انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی اور انتخابی کمیشن کے اندر اختلافِ رائے…
ٹی ایم سی کی رکن پارلیمنٹ نے انتخابی کمیشن کے فیصلوں میں طریقۂ کار کی…
ممتا بنرجی کی عرضی پر سماعت، عدالت نے الیکشن کمیشن سے دونوں فریقوں کے مفاد…
یمنا ایکسپریس وے پر سلیپر بس میں آگ لگنے سے 9 مسافروں کی موت، متعدد…
ووشو میں روشیبینا دیوی نے سلور جبکہ روئنگ کے مینز ڈبل اسکلز مقابلے میں ستنم…