مرکزی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی گیس ہردیپ سنگھ پوری نے پیر کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت میں بایو فیولز کے ذریعے توانائی کے شعبے میں ایک نیا انقلاب برپا ہو رہا ہے۔ ہردیپ سنگھ پوری کا یہ یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب نمیبیا نے بھارت کی قیادت میں قائم کیے گئے گلوبل بایو فیول الائنس (GBA) میں باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کی۔ اس اتحاد کا مقصد دنیا بھر میں صاف اور پائیدار توانائی کے ذرائع کو فروغ دینا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں ہردیپ پوری نے ایک بیان میں کہا کہ ’’بھارت کی صاف توانائی کے لیے دور اندیش سوچ اور گلوبل بایو فیول الائنس کی مسلسل توسیع وزیر اعظم مودی کی وژنری قیادت کا مظہر ہے، جو ’وسودھیو کٹمبکم‘ (یعنی پوری دنیا ایک خاندان ہے) کے اصول پر مبنی ہے۔‘‘
انھوں نے وضاحت کی کہ بایو فیولز زرعی فضلہ، خراب اناج اور گھریلو نامیاتی مواد سے تیار کیے جاتے ہیں اور یہ ماحول دوست توانائی کا ذریعہ ہیں۔ ان کے مطابق یہ صرف ایک متبادل ایندھن نہیں بلکہ جامع ترقی کا ذریعہ بھی ہے۔ ہردیپ پوری نے مزید کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی کے بایو فیولز پر زور نے دیہی سے شہری علاقوں تک ترقی کی نئی راہیں کھولی ہیں، روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں اور توانائی کے شعبے کا منظرنامہ بدل دیا ہے۔‘‘
دیہی آمدنی اور روزگار میں اضافہ
انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدام دیہی معیشت کو نئی زندگی دے رہا ہے۔ ہردیپ سنگھ پوری نے لکھا کہ ’’یہ نہ صرف کسانوں کی آمدنی بڑھا رہا ہے بلکہ دیہی علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کر رہا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ بھارت کے ایتھنول ملاوٹ پروگرام میں قابلِ ذکر پیش رفت ہوئی ہے۔ 2014 میں ملاوٹ کی شرح صرف 1.4 فیصد تھی، جو 2025 تک بڑھ کر 20 فیصد ہو چکی ہے۔ بھارت اب بایو فیولز کا تیسرا سب سے بڑا عالمی پیدا کنندہ بن چکا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس پروگرام سے کسانوں، خاص طور پر گنا کاشت کرنے والوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے، دیہی روزگار پیدا ہوا ہے اور کاربن اخراج میں نمایاں کمی ہوئی ہے — جو 17.5 کروڑ درخت لگانے کے برابر ہے۔ وہیں فوسل فیول کی درآمدات میں کمی کے باعث ملک نے اب تک تقریباً 85,000 کروڑ روپے کا زرمبادلہ بھی بچایا ہے۔
انڈین آئل، بھارت پٹرولیم اور ہندوستان پٹرولیم جیسے عوامی شعبے کے ادارے اس مہم میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہردیپ پوری کے مطابق بھارت کی یہ سبز توانائی کی مہم دنیا بھر کے لیے ایک مثالی ماڈل پیش کر رہی ہے، جو جدت، شمولیت اور پائیدار ترقی پر مبنی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
انڈیا آئی ٹی ایم ای 2026 اس دسمبر گریٹر نوئیڈا میں منعقد ہونے جا رہا…
سن سٹی میں 28 اکتوبر تک جاری رہے گا چھترپتی شیواجی مہاراج کی زندگی پر…
اڈانی انرجی سولیوشنز لمیٹڈ (AESL) نے مالی سال 2027 کی دوسری سہ ماہی کے نتائج…
مسجد انتظامیہ کو جوابی حلف نامے کا مطالعہ کرنے کے لیے تین ہفتے کی مہلت…
کانگریس کی سینئر لیڈر نے انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ بنایا، 10 نومبر کو جاری ہوگی…
چھتیس گڑھ کے راجناندگاؤں کی ایس پی انکیتا شرما کا وجے دشمی کے موقع پر…