نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے نالندہ یونیورسٹی میں قدیم ہندوستانی علمی روایت ’’شاسترارتھ‘‘ (علمی مباحثہ) کی بحالی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ادارہ ہندوستان کی تہذیبی میراث کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ساتھ کامیابی سے ہم آہنگ کر رہا ہے۔ اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کی 135ویں قسط سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے یاد دلایا کہ دو سال قبل انہیں نالندہ یونیورسٹی کے نئے کیمپس کا افتتاح کرنے کا موقع ملا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نالندہ یونیورسٹی نے شاسترارتھ کی قدیم روایت کو دوبارہ زندہ کیا ہے، جو صرف اپنی بات رکھنے کا ذریعہ نہیں بلکہ منظم انداز میں مباحثہ، مکالمہ اور اجتماعی غور و فکر کا ایک باقاعدہ عمل ہے۔
دلیل، مکالمہ اور مخالف رائے کے احترام کا درس
وزیرِ اعظم نے کہا کہ شاسترارتھ کی روایت انسان کو یہ سکھاتی ہے کہ وہ اپنی بات دلیل اور حقائق کی بنیاد پر پیش کرے، ساتھ ہی دوسروں کے نقطۂ نظر کو تحمل کے ساتھ سنے اور اسے سمجھنے کی کوشش بھی کرے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نالندہ یونیورسٹی نے اس روایت کو اپنے کانووکیشن (تقریب تقسیم اسناد) کا حصہ بنایا، جس میں شریک طلبہ میں تقریباً نصف تعداد بیرونِ ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی تھی۔ وزیراعظم نے اس اقدام کو قدیم روایات کو جدید دور سے جوڑنے کی ایک قابلِ ستائش کوشش قرار دیتے ہوئے نالندہ یونیورسٹی کو مبارک باد دی اور ملک کے دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ ایسی روایات کو اپنانے پر غور کریں۔
قدیم علم اور جدید ٹیکنالوجی کا امتزاج
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی، نئی تحقیق اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا دور ہے، جہاں ہر روز نئی اختراعات سامنے آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ انسانی تخلیقی صلاحیتوں کو کیسے محفوظ رکھا جائے اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے اپنی تہذیبی جڑوں سے تعلق کیسے برقرار رکھا جائے۔ وزیراعظم کے مطابق نالندہ یونیورسٹی نے قدیم ہندوستانی علمی روایت اور جدید تعلیم کو یکجا کر کے اس سوال کا مؤثر جواب پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں برس پرانی نالندہ یونیورسٹی اب اپنے نئے روپ میں بھارت کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
امت شاہ نے ’’ویژن ڈاکیومنٹ 2026-2029‘‘ کو منشیات کے خطرے کے خلاف جنگ میں شامل…
25 ستمبر سے موسم میں معمولی تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ…
سورو داس نے کہا کہ اگر دہلی پولیس کے پاس ان کے، احتجاج یا سپریم…
پی این بی نے یوزر کو بھیجے گئے ٹیکسٹ پیغام میں آنے والی ہڑتال کے…
وارانسی زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس نوین اروڑہ نے بتایا کہ پولیس نے تقریباً…
انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر (IICC) میں منعقدہ ’ہندی میری جان‘ پروگرام میں بھارت ایکسپریس کے…