نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کے روز سعودی عرب میں بھارتی عمرہ زائرین کی بس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ریاض میں بھارتی سفارت خانہ اور جدہ میں قونصلیٹ ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں، جب کہ بھارتی حکام سعودی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
وزیراعظم نے لکھا: ’’مدینہ میں بھارتی شہریوں سے متعلق حادثے پر بے حد افسردہ ہوں۔ جن خاندانوں نے اپنے پیارے کھوئے ہیں، ان سے دلی تعزیت۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ ہمارے سفارت خانے اور قونصلیٹ کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے اور حکام سعودی حکام سے قریبی رابطے میں ہیں۔‘‘
حادثے کی ابتدائی تفصیلات
اطلاعات کے مطابق مکہ سے مدینہ جاتے ہوئے حیدرآباد کے متعدد زائرین کو لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثہ صبح 1:30 بجے (IST) مفریحات کے قریب پیش آیا۔ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ بس میں 43 مسافر سوار تھے جن میں صرف ایک زندہ بچنے کی تصدیق ہوئی ہے۔ قافلہ مبینہ طور پر حیدرآباد سے روانہ ہوا تھا اور ان میں 20 خواتین اور 11 بچے شامل تھے۔ تمام زائرین مکہ میں عمرہ کی ادائیگی مکمل کر کے مدینہ کی سمت روانہ ہوئے تھے۔
وزیر خارجہ نے حادثے پر کیا غم کا اظہار
اس سے قبل وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی حادثے پر شدید صدمے کا اظہار کیا۔ اپنے ایکس پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ ریاض میں بھارتی سفارت خانہ اور جدہ میں قونصلیٹ متاثرہ خاندانوں کو ’’مکمل مدد‘‘ فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا: ’’مدینہ، سعودی عرب میں بھارتی شہریوں سے متعلق حادثے پر شدید صدمہ ہے۔ ہمارا سفارت خانہ اور قونصلیٹ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ جاں بحق افراد کے خاندانوں سے مخلصانہ تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا۔‘‘
بھارتی قونصلیٹ نے 24/7 کنٹرول روم قائم کیا
حادثے کے بعد جدہ میں بھارتی قونصلیٹ نے اعلان کیا کہ ہنگامی معاونت اور اہلِ خانہ سے رابطے کے لیے 24/7 کنٹرول روم فعال کر دیا گیا ہے۔ قونصلیٹ کے مطابق: ’’مدینہ کے قریب بھارتی عمرہ زائرین کی بس کے المناک حادثے کے پیش نظر جدہ میں بھارتی قونصلیٹ نے 24×7 کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔‘‘ حکام نے بتایا کہ وہ سعودی حکام سے زخمیوں، جاں بحق افراد اور اسپتالوں میں داخل مریضوں کی تفصیلات کے لیے مستقل رابطے میں ہیں۔
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کا ردعمل
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے۔ ریونت ریڈی نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے، خصوصاً جب یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ کئی متاثرین حیدرآباد سے تھے۔ سرکاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ نے دہلی میں متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے ریاض میں بھارتی سفارت خانے کے ساتھ قریبی تال میل رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
پی ایم مودی نے کہا کہ ہر جگہ الگ الگ روایات ہیں اور کھانے پینے…
گریٹر نوئیڈا میں منعقد ہونے والا یہ بین الاقوامی ٹریڈ شو محض ایک نمائش نہیں…
دوسرا زمرہ، 50 فیصد فیس معافی: جن خاندانوں کی سالانہ آمدنی 4.1 لاکھ روپے سے…
کانگریس آج ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر تک احتجاجی مارچ نکالے گی۔ وہیں…
حکام کے مطابق، سڑکوں کے کئی حصے اب بھی متاثر ہیں، جس کی وجہ سے…
بیشتر معاملات میں ووٹروں کا ریکارڈ 2002 میں دہلی میں ہونے والی گزشتہ SIR کی…