بھارت ایکسپریس اردو۔
ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سینٹر کے صدر مولانا محمد رحمانی مدنی۔ (فائل فوٹو)
نئی دہلی: اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں جس انداز سے عبادات اور اللہ تعالیٰ کی رضا مندی کے لئے کوششیں کرتے تھے، اس انداز سے پورے سال میں کبھی نہیں کرتے تھے۔ آپ رات کو بیدار رہتے، اپنے اہل وعیال کو بھی بیدار کرتے اور کمرکس لیا کرتے تھے۔ نیزاسی مبارک عشرہ میں اللہ تعالیٰ نے شب قدر رکھی ہے، جس کی عباد کو ہزار مہینوں کی عبادت سے افضل قرار دیا گیا ہے۔ اس مبارک گھڑی اور شب قدرکو تلاش کرنے کے لئے آخری عشرہ میں اعتکاف کا اہتمام بھی کیا جاتا تھا۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ شب قدر کو ماہ رمضان کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں تلاش کرو۔ ان خیالات کا اظہار ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سینٹر، نئی دہلی کے صدر مولانا محمد رحمانی مدنی نے سینٹر کی جامع مسجد ابوبکر صدیقی، جوگابائی، نئی دہلی میں خطبہ جمعہ کے دوران کیا۔
مولانا محمد رحمانی مدنی نے ماہ رمضان کے آخری عشرہ سے متعلق خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک سال اعتکاف کے خیمے اس وجہ سے ہٹوا دیئے کہ مسابقت اور مقابلہ کی شکل اختیارکی جانے لگی تھی، جبکہ اعتکاف محض اللہ کے لئے ہوتا ہے اور اس کے ذریعہ اس کی رضا مندی تلاش کی جاتی ہے۔ مولانا رحمانی نے مزید کہا کہ آج کل آخری عشرہ بازاروں میں گزارا جاتا ہے اور چند لوگ اکثرمساجد میں آتے بھی ہیں تو کھانے پینے اور بات چیت کرنے میں وقت ضائع کردیتے ہیں جبکہ یہ راتیں اللہ کے ذکر اور عبادات کی راتیں ہیں، ان میں اپنا وقت ضائع کرنا بہت بڑی محرومی ہے۔ لہٰذا ہماری ذمہ داری ہے کہ صرف عبادات کے لئے اپنے آپ کو تیار کریں اور کوشش کریں کہ یہ عبادات تنہائی میں انجام دی جائیں تاکہ ان میں اخلاص پیدا ہو اور ریاکاری سے محفوظ رہے۔
آخری عشرہ کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں مسلمان
انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان بہت تیزی کے ساتھ گزررہا ہے، ہمیں اب اس سے مزید فائدہ اٹھانا چاہئے اور باقی ایام میں کثرت کے ساتھ نوافل اور صدقات وخیرات کا اہتمام کرنا چاہئے۔ لیکن دیکھا یہ جاتا ہے کہ ماہ مبارک بھی سنت کی مخالفت اور سنت پر عمل پیرا افراد کو بدنام کرنے میں گزرجاتا ہے، ہرسال رکعات تراویح کی بحث چلتی ہے اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اورصحابہ کرام کے طریقہ کو صرف نظرانداز ہی نہیں کیا جاتا ہے بلکہ اس طریقہ کی مخالفت بھی کی جاتی ہے۔ افطار میں جلدی کرنے کی سنت کو بھی نظرانداز کرکے اس اہم سنت کو زندہ رکھنے والوں کی بھی مخالفت کی جاتی ہے۔
ملک کی سلامتی اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لئے دعا کی اپیل
مولانا محمد رحمانی مدنی نے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماہ مبارک میں ملک میں امن وسلامتی کے قیام کے لئے دعائیں کریں۔ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لئے دعائیں، نیزجس انداز سے اوقاف اور اورنگ زیب رحمہ اللہ سے متعلق ملک میں فضا خراب کرنے کی کوشش جاری ہے، اس سے متعلق بھی اللہ سے رورو کر دعائیں کریں کہ ملک میں شرپسندی کی فضا ختم ہو۔ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ توحیدوسنت اور صحابہ کرام کی عظمت کی طرف رجوع کریں اور اللہ پربھروسہ رکھیں اور صبروتحمل سے کام لیں، نیزمشکلات میں اپنے عمل پرنظرثانی کرکے اپنی اصلاح پرتوجہ دیں۔ انہوں نے اخیرمیں آخری عشرہ سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ایک بار پھر سے اپیل کی اور کہا کہ مساجد کو گفتگو، چغل خوری اور وقت گزاری کے لئے ہرگز استعمال نہ کیا جائے اور نہ ہی مساجد میں کھانے پینے کا اہتمام کیا جائے۔ بلکہ مساجد کو محض عبادات کے لئے استعمال کیا جائے۔ تاکہ مساجد کا حق بھی ادا ہو اور اللہ کی رضا مندی بھی حاصل ہوسکے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
’Switcheko‘ کا موبائل ویسٹ پروسیسنگ ماڈل، کچرا پیدا ہونے والی جگہ پر ہی کرے گا…
بنگال کی خلیج میں بننے والے موسمی نظام اور ہمالیائی خطے میں فعال مغربی ہواؤں…
آئچی-ناگویا ایشین گیمز 2026 میں بھارت کی شاندار شروعات، منی پور کی روشیبینا دیوی نے…
چین کے صدر شی جن پنگ تین روزہ دورے پر واشنگٹن پہنچ گئے، صدر ڈونلڈ…
اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر ایک دل دہلا دینے والا…
’سیوا یاترا‘ میں شامل نوجوان اسکولوں، اسپتالوں، یتیم خانوں اور اولڈ ایج ہومز میں صفائی…