مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام بیسواں دو روزہ آل انڈیا مسابقہ حفظ وتجوید و تفسیر قرآن کریم کا آغاز کل مورخہ ۳؍ اگست ۲۰۲۴ء کو صبح آٹھ بجے اہلحدیث کمپلیکس ، اوکھلا، نئی دہلی میں نہایت ہی تزک واہتمام کے ساتھ ہورہا ہے جو کہ مورخہ ۴؍ اگست ۲۰۲۴ء کی شام تک جاری رہے گا۔ اس مسابقہ میں کشمیر سے لے کر کنیا کماری تک کے دینی مدارس ، عربی جامعات اور عصری، اسکول، کالج اور یونیورسٹی کے تقریبا پانچ سو حفاظ و قراء اور طلبہ شریک ہورہے ہیں اور بحیثیت حکم بلا تفریق مسلک ملک کے مقتدر جامعات و مدارس سے مشہور قراء تشریف لارہے ہیں۔ یہ جانکاری مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند سے جاری اخباری بیان میں دی گئی۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مسابقہ کا افتتاحی اجلاس کل مورخہ ۳؍ اگست ۲۰۲۴ء کو آٹھ بجے صبح منعقد ہوگا اور دس بجے صبح سے باضابطہ مسابقہ کے تمام زمروں کے امتحانات کا آغاز ہوجائے گا۔ ان شاء اللہ ، جو مورخہ ۴؍ اگست ۲۰۲۴ء، اتوار کی شام تک جاری رہے گا اور اسی روز بعد نماز مغرب اس مسابقہ کا اختتامی اجلاس اہل حدیث کمپلیکس اوکھلا، نئی دہلی میں منعقد ہوگا جس میں اکابرین جماعت و ملک وملت کے ہاتھوں پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیب طلباء کے مابین انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
اس مو قع پر مرکز جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے اس مسابقہ کے اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم پروردگار عالم کا نازل کردہ ایک مکمل نظام حیات اور کتاب رشد و ہدایت ہے اور اس میں ملت اسلامیہ ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی فوز وفلاح ، عروج و ازدہار، امن وشانتی ، اخوت و محبت اور سعادت و فیروز مندی کا راز مضمر ہے۔ یہ ایسا نسخہ ہے جس کو اپنا کر قومیں سرخرو، اقبال مند اور کارزار حیات میں فتحیاب و نیک نام ہوئیں اور جس سے روگردانی کی پاداش میں زوال و انحطاط، ذلت و پستی،خوف دہشت اور شقاوت و بدبختی سے دو چار ہوئیں۔ آج جب کہ دنیا ترقی کے ہزار بلند بانگ دعوے کے باوجود مختلف قسم کے عائلی، سماجی،معاشی ، روحانی ،جسمانی، تہذیبی ، جغرافیائی ،سیاسی اور ملکی و بین الاقوامی مسائل و چیلنجز سے نبردآزما اور حقیقی چین وسکون ، امن وشانتی ، خیریت وسعادت کی متلاشی ہے ایسے نازک ترین وقت میں قرآن کریم کی تعلیم وتعلم ساری انسانیت کی خیریت و بہتری اور امن وسعادت کی شاہ کلید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرآن کریم کے پیغام امن وانسانیت کو عام کرنے، اس کی تعلیم و تدریس ، تلاوت و تفہیم اور اس پر عمل کو ملک و معاشرہ میں رواج دینے اور نئی نسل کے اندر مسابقتی ذوق ورجحان پیدا کرنے کی غرض سے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند ہر سال آل انڈیا مسابقہ حفظ و تجوید و تفسیر قرآن کریم بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منعقد کرتی ہے،جس کے خوشگوار اثرات الحمد للہ قومی وملی سطح پر محسوس کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس مسابقے کے کل چھ زمرے ہیں، زمرہ اول حفظ قرآن کریم مکمل، دوسرا زمرہ دوم حفظ قرآن کریم بیس پارے، تیسرا زمرہ حفظ قرآن کریم دس پارے، چوتھا زمرہ حفظ قرآن کریم پانچ پارے، پانچواں زمرہ ناظرہ قرآن کریم مکمل ، چھٹا زمرہ ترجمہ و تفسیر قرآن کریم پر مشتمل ہے ۔
بھارت ایکسپریس۔
اسمبلی انتخابات کے لیے کل 10 ہزار 900 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیے تھے۔…
جماعت اسلامی ہند کے مرکزی وفد نے نائب صدر ملک معتصم خان کی قیادت میں…
سنگھم اگین، جو اجے دیوگن کے کیرئیر کی سب سے بڑی اوپنر بن گئی ہے،…
یووا چیتنا کے ذریعہ 7 نومبر 1966 کو ’گورکشا آندولن‘میں ہلاک ہونے والے گائے کے…
ایم سی ڈی کے میئر کے عہدہ کا انتخاب گزشتہ چھ ماہ سے زیر التوا…
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پرایکس پر لکھا کہ "میں کینیڈا…