دہلی پولیس کی جانب سے ایک سرکاری خط میں بنگالی زبان کو ’’بنگلہ دیشی زبان‘‘ کہنے پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ انھوں نے اسے ’’شرمناک، توہین آمیز، غیرآئینی اور ملک دشمن‘‘ عمل قرار دیا۔ واضح رہے کہ دہلی کے لودھی کالونی تھانے کے انسپکٹر امت دت نے مغربی بنگال کے بنگا بھون کو ایک خط میں مبینہ طور پر بنگالی زبان کو ’’بنگلہ دیشی زبان‘‘ لکھا ہے۔
ممتا بنرجی نے خط کی تصویر شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’رابندرناتھ ٹیگور اور سوامی وویکانند کی زبان، جس میں ہمارا قومی ترانہ اور قومی گیت لکھے گئے، آج اسے بنگلہ دیشی زبان کہا جا رہا ہے۔ یہ نہ صرف توہین ہے بلکہ ملک کے آئین پر حملہ ہے۔‘‘ انھوں نے اس واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج کی اپیل بھی کی۔ دریں اثنا ترنمول کانگریس کے جنرل سیکرٹری ابھشیک بنرجی نے اسے ’’بنگالی شناخت کو مٹانے کی سازش‘‘ قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ متعلقہ پولیس افسر کو فوراً معطل کیا جائے اور بی جے پی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو اس کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔
بی جے پی نے کیا دہلی پولیس کا دفاع
دوسری جانب بی جے پی کی مغربی بنگال یونٹ کے صدر سامک بھٹاچاریہ نے دہلی پولیس کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ زبان کا ذکر ’’بالکل درست‘‘ تناظر میں کیا گیا ہے۔ وہیں بی جے پی آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ نے ممتا بنرجی پر ’’غیرقانونی بنگلہ دیشی دراندازوں‘‘ کا دفاع کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ووٹ بینک کی سیاست کے لیے قومی سلامتی سے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اس دوران بائیں بازو کی جماعتوں نے ممتا بنرجی کا ساتھ دیا ہے۔ سی پی آئی (ایم) کے ریاستی سیکریٹری محمد سلیم نے دہلی پولیس کے خط کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اسے ’’جہالت کی انتہا‘‘ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کیا دہلی پولیس بتا سکتی ہے کہ بنگلہ دیشی زبان کیا ہوتی ہے؟ کیا انھوں نے آئین کے آٹھویں شیڈیول کا مطالعہ نہیں کیا؟‘‘ وہیں سی پی آئی (ایم ایل) لبریشن کے رہنما دیپنکر بھٹاچاریہ نے بھی اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ فاشزم کی وہ شکل ہے جو بھارت کے لسانی اور ثقافتی تنوع پر حملہ آور ہو رہی ہے۔ بنگالی مزدوروں کو ’بنگلہ دیشی‘ کہنے کے بعد اب بنگالی زبان کو ہی ہندوستانی زبان ماننے سے انکار کیا جا رہا ہے۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو
کولکاتا کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے بین الاقوامی دوستانہ میچ میں برازیل نے…
وزیر اعظم کے دفتر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پی ایم مودی کے…
امت شاہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 31 دسمبر 2029 تک مدھیہ پردیش…
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ منوج تیواری نے بھارت اور برازیل کے درمیان مقابلے…
ہفتہ کy کے روز بھارت کی مردوں کی ہاکی ٹیم نے ککامی گاہارا کے گیفو…
اسپتال سے پہلی بار کیپٹن اسمت مچھار کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔ تصاویر میں…