چنڈی گڑھ/فریدآباد: قومی دارالحکومت دہلی سے متصل ہریانہ کے شہر فریدآباد میں دہشت گردی سے وابستہ سرگرمیوں پر پولیس اور خفیہ ایجنسیوں نے مسلسل دوسرے روز بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ کرائم برانچ نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 50 سے 60 کلو دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا ہے، جبکہ دو مشتبہ افراد کو موقع سے گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق کارروائی فریدآباد کے سیکٹر-56 علاقے میں کی گئی، جہاں سے دونوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران مزید انکشافات متوقع ہیں، کیونکہ یہ کارروائی پیر کے روز پکڑے گئے بڑے دہشت گرد نیٹ ورک سے جڑی ہوئی معلوم ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ پیر کو فریدآباد میں ایک وسیع آپریشن کے دوران تقریباً 2900 کلو دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں خفیہ ایجنسیوں نے سات مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا، جن میں دو ڈاکٹر بھی شامل تھے۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان دہشت گردوں کا تعلق جموں و کشمیر سے ہے۔ گرفتار شدگان میں عارف نثار ڈار عرف ساحل، یاسر الاشرف اور مقصود احمد ڈار عرف شاہد کا تعلق سری نگر کے نوگام علاقے سے ہے۔ اسی طرح ضمیر احمد گاندربل کے واکورہ، ڈاکٹر مُزَمِّل احمد گنائی عرف مصعب پلوامہ کے کوئل اور ڈاکٹر عدیل کولگام کے وانپورہ کے رہنے والے ہیں۔
تحقیقات کے دوران یہ حیران کن انکشاف بھی ہوا کہ دہشت گرد نیٹ ورک کے کچھ روابط فریدآباد کے دھوج علاقے میں واقع ”الفلّاح یونیورسٹی“ سے جڑے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر مُزَمِّل احمد گنائی عرف مصعب اسی یونیورسٹی میں تدریس کے فرائض انجام دے چکا ہے۔ فریدآباد پولیس نے بتایا کہ یونیورسٹی میں مصعب کے ساتھ کام کرنے والے اساتذہ، طلبہ اور میڈیکل کالج کے پرنسپل سے تفصیلی پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ اب تک 50 سے زائد افراد سے تفتیش ہو چکی ہے، جبکہ مزید پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب، ہریانہ کے ڈی جی پی او پی سنگھ نے منگل کو میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ الفلاح یونیورسٹی کے پورے کیمپس میں تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ ڈی جی پی کے مطابق، تفتیش کا دائرہ صرف فریدآباد تک محدود نہیں بلکہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی سرچ آپریشن جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پوری ریاست کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں، تاہم دستیاب شواہد سے اندازہ ہوتا ہے کہ فریدآباد میں سرگرم یہ گروہ ایک منظم دہشت گرد نیٹ ورک کا حصہ تھا، جس کا مقصد قومی سلامتی کو نشانہ بنانا تھا۔
بھارت ایکسپریس اردو
اسرائیلی وزیر اعظم نے نیویارک کے میئر زوہران ممدانی پر یہود مخالف جذبات کو ہوا…
مرکزی وزیر ہرش ملہوترا نے نئی دہلی سے ’یوتھ سیفٹی اینڈ اسمارٹ موبلٹی مہم 2026‘…
مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ نے پنڈت دین دیال اپادھیائے کو خراجِ عقیدت…
وزیر اعظم نریندر مودی نے پنڈت دین دیال اپادھیائے کو خراجِ عقیدت پیش کیا، کہا-…
امریکی فوج ہائی انرجی لیزر ٹیکنالوجی کو حقیقی آپریشنز میں استعمال کر رہی ہے، ڈرونز…
10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم مقابلے میں سُروچی سنگھ اور کمل جیت نے 484.6…