کولکتہ: ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں پر انڈے اور پتھر پھینکنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے لوک سبھا حلقے میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ایک میٹنگ کر رہی تھیں، اسی دوران بی جے پی کے حامی وہاں پہنچ گئے اور دفتر کے باہر سے انڈے پھینکنے لگے۔
مہوا موئترا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) ان کی کال ریسیو نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’میں اپنے لوک سبھا حلقے کے دفتر میں میٹنگ کر رہی تھی۔ اس دوران بڑی تعداد میں بی جے پی کے لوگ پارٹی دفتر کے باہر جمع ہو گئے۔ یہ لوگ کھڑکی کے ذریعے انڈے اور پتھر پھینک رہے ہیں۔‘‘
مہوا موئترا نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کارکنوں کی جانب سے پھینکے گئے انڈے اور پتھر انہیں بھی لگے، جس سے ان کے کپڑے بھی خراب ہو گئے۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے پولیس کو فون کیا، لیکن کوئی مدد نہیں ملی۔ میں نے آپ کو بھی فون کیا، اس کے بعد پولیس تو آئی، مگر وہ صرف تماشائی بنی رہی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’میں یہاں سے نہیں جاؤں گی۔ ڈی جی پی صاحب، ہجوم کو منتشر کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ یہ ویڈیو دیکھیں گے۔ آپ ایک آئی پی ایس افسر اور مغربی بنگال کے ڈی جی پی ہیں، اس لیے مجھے امید ہے کہ آپ فوری طور پر اس بھیڑ کو ہٹانے کا حکم دیں گے۔‘‘
ایک اور ویڈیو میں مہوا موئترا نے کہا، ’’ہم پر حملہ ہو رہا ہے اور پولیس کچھ نہیں کر پا رہی۔ میں یہاں کی رکن پارلیمنٹ ہوں، اس کے باوجود یہ ہجوم حملہ آور ہے جبکہ پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس صرف تماشہ دیکھ رہی ہے۔‘‘ انہوں نے ایکس پر ایک اور پوسٹ میں لکھا، ’’گزشتہ دو گھنٹوں سے آپ کی پولیس صرف تماشہ دیکھ رہی ہے اور ہجوم کو نہیں ہٹا رہی۔ وہ چاہتے ہیں کہ میں یہاں سے نکلوں اور جیسے ہی میں اپنی گاڑی میں بیٹھوں مجھ پر انڈے یا پتھر پھینکے جائیں۔ براہِ کرم اپنی ذمہ داری ادا کریں، ہجوم کو منتشر کریں۔ میں اس طرح یہاں سے نہیں جاؤں گی۔‘‘
قابلِ ذکر ہے کہ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد متعدد ترنمول کانگریس لیڈران پر انڈے پھینکے جانے کے واقعات سامنے آئے تھے۔ اب ٹی ایم سی کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے بھی اسی نوعیت کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
بہار کے ضلع ویشالی میں راگھوپور کے قریب کشتی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔…
کیشوپور، جنک پوری، روہنی، سونیا وہار اور منگول پوری سمیت کئی علاقوں میں خفیہ کیمرے…
دہلی پولیس نے جنتر منتر کے علاقے میں بغیر اجازت داخل ہونے کے الزام میں…
تجارت، توانائی، ٹیکنالوجی، سلامتی اور عوامی روابط سمیت اہم شعبوں میں ٹھوس نتائج حاصل کرنے…
وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مبینہ ’چوکیدار چور ہے‘ تبصرے سے متعلق فوجداری ہتک…
رشی سونک نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی، آج نئی…