Kapil Dev Birthday Special: 6 جنوری 1959۔ یہ وہ تاریخ ہے، جب اس کھلاڑی کی پیدائش ہوئی، جس نے ہندوستان کو عالمی کرکٹ میں سب سے پہلے چمپئن بنایا تھا۔ جب بھی 1983 عالمی کپ کی بات ہوتی ہے تو ہر ہندوستانی کا سینہ فخرسے چوڑا ہوجاتا ہے۔ ٹیم انڈیا کے وہ خاص کپتان آج اپنا 64واں یوم پیدائش منا رہے ہیں۔ جی ہاں وہ کوئی اورنہیں کپل دیو ہیں۔ جو بلے اور گیند دونوں سے مخالف ٹیم پر قہر برپا کرتے تھے۔ نہ جانے کتنے ایسے اسٹارکرکٹر ہیں، جنہوں نے کپل دیو کو کھیلتے ہوئے دیکھ کر کرکٹر بننے کا خواب دیکھا۔ یا یوں کہہ لیجئے کی 80 کی دہائی میں کپل دیو ہندوستانی کرکٹ کے آئیڈیل مانے جاتے تھے۔ آئیے ان کے یوم پیدائش کے خاص دن پر آج ان کے بارے میں کچھ دلچسپ باتیں جانتے ہیں۔
واضح رہے کہ کپل دیو کی پیدائش 6 جنوری 1959 کو چنڈی گڑھ میں ہوئی تھی۔ ہریانہ کے اس کھلاڑی نے یکم اکتوبر 1978 کو سخت حریف پاکستان کے خلاف بین الاقوامی ٹسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور اس کے بعد جلد ہی کرکٹ کی دنیا میں وہ ایک بڑا نام بن گئے۔ کپل دیو نے 1983 میں عالمی کپ ٹرافی جیتنے کے ساتھ تاریخ کے صفحات میں اپنا نام درج کرایا۔ کپل دیو نے اپنی تیز گیند بازی اور بلے بازی سے پوری دنیا کو حیران کیا تھا۔ اس وقت انہیں دنیا کے ٹاپ آل راونڈروں میں سے ایک مانا جاتا تھا۔ سابق کپتان کے شاندارکیریئر میں میدان کے اندر اور باہر دونوں جگہ اتار چڑھاو آئے ہیں۔
ایک وقت تھا، جب ہنبدوستان کو کرکٹ کی دنیا کی کمزور ٹیموں میں شمارکیا جاتا تھا۔ پھر آیا 25 جون 1983 کا دن۔ اس دن ٹیم انڈیا نے وہ کردکھایا، جس کے بارے میں کسی نے نہیں سوچا تھا۔ ہندوستان نے کپل دیو کی کپتانی میں اپنا پہلا عالمی کپ جیتا اور وہ بھی دو بار خطاب اپنے نام کرنے والی ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر۔ یہیں سے ہندوستانی کرکٹ کی کہانی بدل گئی، جس کے بعد سے اب تک تیم انڈیا کو عالمی کپ کی بہترین ٹیموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
کیسا رہا کپل دیو کا کیریئر
کپل دیو نے اپنے کیریئر میں 131 ٹسٹ، 225 ونڈے میچ کھیلے۔ اس میں کپل دیو نے 434 اور 253 وکٹ حاصل کئے۔ یہی نہیں، کپل دیو نے ٹسٹ میں 5248 اور ونڈے میں 95.07 کے اسٹرائیک ریٹ سے 3783 رن بھی بنا۔ کپل دیو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے چیف کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ کپل دیو کی زندگی پر حال ہی میں ایک فلم بنی تھی، جس کا نام 83 تھا۔
کپل دیو نے تب کیا تھا بڑا فیصلہ
کپل دیو کیسے تیز گیند باز بنے، اس سے متعلق دلچسپ کہانی ہے۔ وہ جب 15 سال کے تھے، تو ایک ٹریننگ کیمپ میں حصہ لینے کے لئے ممبئی میں آئے تھے۔ یہ کیمپ ہندوستان کے ابھرتے ہوئے کرکٹ کھلاڑیوں کے لئے لگایا گیا تھا۔ کپل دیو کو پہلے دن کھانے میں دو روٹی اور سبزی ملی۔ یہ دیکھ کر کپل دیو کیمپ کے مینیجر کے تارا پور کے پاس پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھانا کم ہے۔ اس سے پیٹ نہیں بھرے گا۔ اس پر تارا پور نے کپل دیو سے کہا کہ یہاں آئے ابھی ایک دن بھی نہیں ہوئے اور شکایت کرنے لگے۔ بولو کیا پریشانی ہے۔ کپل دیو نے کہا کہ میں تیز گیند باز ہوں، میرا دو روٹی سے کام نہیں چلے گا۔ اس پر تارا پور نے جو بات کہی، وہ کپل دیو کے دل میں گھرکرگئی۔ انہوں نے طنزکستے ہوئے کہا کہ آپ کو روٹی تو مل جائے گی، لیکن یہ جان لو کہ ہندوستان میں کئی دہائیوں سے کوئی تیز گیند باز نہیں پیدا ہوا ہے۔ یہ سن کر کپل دیو جذباتی ہوگئے اور عزم کرلیا کہ وہ اب اس قحط سالی کو ختم کریں گے اور تیز گیند باز ہی بنیں گے۔