جسٹس سوریہ کانت نے پیر کو بھارت کے نئے چیف جسٹس آف انڈیا کے طور پرحلف اٹھا لیا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے انہیں عہدے کا حلف دلایا۔ وہ ملک کے 53ویں چیف جسٹس ہیں اورانہوں نے جسٹس بی آر گوی کی جگہ لیْ جن کی مدت کاراتوار کی شام ختم ہوئی۔ جسٹس سوریہ کانت آئندہ تقریباً 15 ماہ تک اس اہم عدالتی عہدے پر فائزرہیں گے اور 9 فروری 2027 کو 65 برس کی عمر پوری ہونے پر ریٹائر ہوں گے۔ جسٹس سوریہ کانت کا شمار سپریم کورٹ کے ان ججوں میں ہوتا ہے جنہوں نے کئی تاریخی اور دور رس اثرات رکھنے والے فیصلوں کا حصہ بن کرعدلیہ میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کے اہم فیصلوں میں جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے آرٹیکل 370 کے خاتمے سے متعلق فیصلہ، بہارمیں ووٹرلسٹ کے گہرے نظرثانی کا معاملہ اور اسرائیلی اسپائی ویئر پیگاسس کی مبینہ جاسوسی کی تحقیقات شامل ہیں۔
انہیں 30 اکتوبر کو باقاعدہ طور پراگلے چیف جسٹس کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں وکالت اور متعدد اہم فیصلے لکھنے کے بعد وہ 5 اکتوبر 2018 کو ہماچل پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بنے اور بعد میں سپریم کورٹ میں شامل ہوئے۔ 10 فروری 1962 کو ہریانہ کے ضلع حصار میں ایک متوسط خاندان میں پیدا ہونے والے جسٹس سوریہ کانت ایک چھوٹے شہر کے وکیل سے ملک کے اعلیٰ ترین عدالتی منصب تک پہنچے۔ انہوں نے 2011 میں قانون میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور کورس میں ‘پہلی پوزیشن’ حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔
قابل ذکر فیصلے اور اقدامات
جسٹس سوریہ کانت نے انتخابی شفافیت کے لیے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی تھی کہ بہار میں ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے 65 لاکھ ناموں کی تفصیلات عام کی جائیں۔ انہوں نے ایک اہم فیصلے میں غیر قانونی طور پر برطرف کی گئی ایک خاتون سرپنچ کو بحال کیا اور اپنے حکم میں صنفی امتیاز کی مذمت کی۔ انہوں نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سمیت ملک کی تمام بار ایسوسی ایشنز میں ایک تہائی نشستیں خواتین کے لیے مختص کرنے کا حکم دیا۔ وہ اُس بینچ کا حصہ تھے جس نے 2022 میں وزیراعظم نریندر مودی کی پنجاب یاترا کے دوران سیکورٹی میں چوک کی تحقیقات کے لیے جسٹس اندو ملہوترا کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی۔ انہوں نے ون رینک ون پنشن اسکیم کو آئینی قرار دیا اور مسلح افواج میں مستقل کمیشن کے لیے مساوات چاہنے والی خواتین افسران کی درخواستوں پر سماعت کی۔ پیگاسس جاسوسی معاملے میں انہوں نے ماہرین پر مشتمل سائبر کمیٹی بنانے کا فیصلہ سنانے والی بنچ میں حصہ لیا۔جسٹس سوریہ کانت کی حالیہ تقرری کو عدالتی اصلاحات، شفافیت اور صنفی مساوات کے فروغ میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
پیوپلس اویرنس فورم کے صدر اور سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ زیڈ کے فیضان نے…
ایشین گیمز 2026 میں میرابائی چانو نے خواتین کے 49 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں…
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکی صدر ڈونلڈ…
خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر کو لے کر شیوسینا (یو بی ٹی) کے…
گریٹر نوئیڈا کے دیولا میں سرکاری اسکول کا معائنہ کرنے پہنچے سی جے پی ترجمان…
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کابینہ کے ارکان کے ساتھ ’چنتن شِور‘ کا…