قومی

Law Ministers Meeting: بھارت 2026 دولت مشترکہ کے وزرائے قانون کانفرنس میں ہوگا شریک، فیجی میں 9 سے 12 فروری تک منعقد ہوگا اجلاس

نئی دہلی: بھارت سمیت دولت مشترکہ (کامن ویلتھ) کے رکن ممالک کے وزرائے قانون اور اٹارنی جنرل 9 سے 12 فروری 2026 تک فیجی کے شہر ناڈی میں منعقد ہونے والے کامن ویلتھ لاء منسٹرز میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ دولتِ مشترکہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق فیجی حکومت اس اہم عالمی اجلاس کی میزبانی کرے گی۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب دنیا کے مختلف حصوں میں قانون کی حکمرانی (Rule of Law) مسلسل کمزور پڑتی جا رہی ہے، جس کے باعث جمہوریت، انصاف اور سماجی تحفظ کو سنگین چیلنجز لاحق ہیں۔

قانون کی حکمرانی پر عالمی تشویش

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ تین روزہ اجلاس کے دوران وزرائے قانون اس بات پر تفصیلی غور کریں گے کہ مضبوط قانونی تحفظات کس طرح روزمرہ زندگی کو محفوظ بناتے ہیں، خواہ وہ عوام کی جمہوری عمل میں شرکت ہو، منصفانہ روزگار کے مواقع ہوں، یا محفوظ اور صحت مند معاشروں میں زندگی گزارنے کا حق ہو۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ انصاف تک رسائی کو بہتر بنانے اور قانونی اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے کون سے عملی اقدامات کیے جا سکتے ہیں، تاکہ مستحکم معاشروں، منصفانہ معیشتوں اور ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دیا جا سکے۔

دولتِ مشترکہ کی سکریٹری جنرل کا بیان

دولتِ مشترکہ کی سکریٹری جنرل شرلی بوٹشوے نے اجلاس کی میزبانی پر فیجی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: ’’قانون کی حکمرانی امن، استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے، مگر بدقسمتی سے دنیا کے کئی حصوں میں اس پر شدید دباؤ ہے۔ جہاں قانون کمزور ہو یا اس کا اطلاق غیر مساوی ہو، وہاں اس کے سب سے زیادہ منفی اثرات عام لوگوں پر پڑتے ہیں۔ دولتِ مشترکہ کے لیے قانون کی حکمرانی ہمارے چارٹر اور ہمارے مشن کا بنیادی ستون ہے، جس کے لیے عملی اقدامات اور باہمی تعاون ضروری ہے، نہ کہ صرف نعرے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ فیجی میں ہونے والا اجلاس ایک مضبوط اور پائیدار مستقبل کی بنیاد رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا، جہاں ہر فرد کو جمہوریت میں آواز ملے، ہر کارکن کو عزت و وقار حاصل ہو اور ہر کمزور طبقے کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

اجلاس کی صدارت اور مرکزی موضوع

اس اجلاس کی صدارت سیرومی توراگا کریں گے، جو فیجی کے وزیرِ انصاف اور قائم مقام اٹارنی جنرل ہیں۔ اجلاس کا مرکزی موضوع ہوگا:  ’’تبدیل ہوتی دنیا میں انصاف کی بنیادیں: پائیدار مستقبل کے لیے قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنانا۔‘‘ سیرومی توراگا نے کہا کہ فیجی کو امید ہے کہ یہ اجلاس دولت مشترکہ کے ممالک کو اس بات پر متحد کرے گا کہ کس طرح لچکدار، جامع اور مؤثر عدالتی نظام قائم کیے جائیں، تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے مضبوط قانونی ڈھانچہ تشکیل دیا جا سکے۔

نوجوانوں اور خصوصی طبقات کی شمولیت

پریس ریلیز کے مطابق اجلاس کے دوران پانچ ضمنی تقاریب بھی منعقد ہوں گی، جن میں نوجوان قائدین، انصاف کے نظام سے براہ راست متاثر افراد اور معذور افراد کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن شریک ہوں گے، تاکہ ان کے تجربات اور آرا وزارتی مباحثوں کا حصہ بن سکیں۔ اس اجلاس کے نتائج سے دولت مشترکہ کے آئندہ سربراہی اجلاس (CHOGM) کے ایجنڈے کو ترتیب دینے میں مدد ملنے کی توقع ہے، جو رواں سال کے آخر میں اینٹیگوا اور باربوڈا میں منعقد ہوگا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

World Rhino Day 2026: ورلڈ رائنو ڈے پر پی ایم مودی کا بڑا اعلان، ’پروجیکٹ رائنو‘ شروع، آسام میں دنیا کے 80 فیصد گینڈے

وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر گینڈوں کے تحفظ سے متعلق…

9 hours ago

Asian Games 2026: ایشین گیمز میں بھارت کا ڈنکا، خواتین ٹیم نے جیتا گولڈ میڈل، وزیر داخلہ امت شاہ نے دی مبارکباد

بھارتی خواتین ٹیم کی اس تاریخی اور ریکارڈ ساز جیت پر مرکزی وزیر داخلہ امت…

9 hours ago

Prime Minister Narendra Modi: ’مکسڈ مارشل آرٹس میں بھارت کا تاریخی کمال…‘، وزیر اعظم نریندر مودی نے سچیکا تاریال کو دی مبارکباد

وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سچیکا تاریال کو مبارکباد…

10 hours ago