کشمیرکا مشہور اسکی ریزارٹ- گلمرگ کئی دہائیوں میں پہلی بارکسی بڑے بین الاقوامی تقریب کی میزبانی کے لئے تیارہے۔ گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے حکام نے کہا ہے کہ مشہوراسکی ریزارٹ میں ہائی پروفائل جی-20 ایونٹ کے مندوبین کے استقبال کے لئے تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔
ہندوستان کی صدارت میں جی-20 ٹورازم ورکنگ گروپ کا تیسرا اجلاس 22 سے 24 مئی تک وادی کشمیر میں ہو رہا ہے۔ جب کہ تین روزہ پروگرام کے دوران سری نگرمیں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ غیرملکی مندوبین کو 23 مئی کوگلمرگ کے اسکی ریزارٹ کے سیاحتی دورے پربھی لے جایا جائے گا۔
گلمرگ کے علاقے کو مکمل طور پرپھرسے سنواردیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے صدرعبدالکریم ڈار نے کہا کہ سڑکوں کی مرمت، فٹ پاتھ، بیوٹیفیکیشن کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ لائٹس کے کام کویقینی بنانے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ سڑکوں کو سجایا جا رہا ہے، ہورڈنگزلگائے گئے ہیں۔ گلمرگ میں ویلکم بورڈ (خیرمقدمی) اورسائن بورڈ بھی لگائے گئے ہیں۔ عبدالکریم ڈارنے کہا کہ سری نگرسے گلمرگ اورنربل-گلمرگ تک سڑک کے ساتھ ساتھ دیوارکی پینٹنگ کے ساتھ اس علاقے کو نئی شکل دی جارہی ہے۔
گلمرگ جموں وکشمیر کے بارہمولہ ضلع میں واقع ایک مقبول ہل اسٹیشن ہے۔ اس کے علاوہ یہ ایک مشہور سیاحتی مقام ہے جو اسکیئنگ کے لئے جانا جاتا ہے۔ یہ شہر مغربی ہمالیہ کی پیر پنجال رینج میں گلمرگ جنگلی حیات کی پناہ گاہ کی حدود میں واقع ہے۔ سری نگر میں جی-20 میٹنگ کشمیر میں پہلا بڑا انٹرنیشنل ایونٹ ہوگا، جب جموں وکشمیر کو مرکز کے زیرانتظام دو ریاستوں (جموں وکشمیر اور لداخ) میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ایونٹ کے دوران فلمی سیاحت کو اجاگر کرنے کے لئے ایک بڑا پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا، جسے انتظامیہ گزشتہ کچھ سالوں سے بڑے پیمانے پر فروغ دے رہا ہے۔