چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار ایک پرانے مبینہ رشوت معاملے کو لے کر نئی مشکل میں گھر سکتے ہیں۔ کیرالہ حکومت نے تقریباً دو دہائی پرانے اس معاملے میں دوبارہ ابتدائی جانچ کا حکم دیا ہے۔ یہ معاملہ دو کروڑ روپے کی مبینہ رشوت طلب کرنے کے الزام سے متعلق ہے۔ کیرالہ کے وزیر داخلہ رمیش چنیتھلا نے ایک سابق ٹھیکیدار کی جانب سے لگائے گئے نئے الزامات کی جانچ ویجیلنس اینڈ اینٹی کرپشن بیورو (وی اے سی بی) سے کرانے کی ہدایت دی ہے۔ پی ٹی آئی-بھاشا نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک بھر میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے معاملے پر اپوزیشن جماعتیں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔
اس وقت پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری تھے گیانیش کمار
کیرالہ کے ضلع کولم کے چدیامنگلم کے رہنے والے ٹھیکیدار ساجن نے وی اے سی بی کے ڈائریکٹر کو دی گئی شکایت میں الزام لگایا ہے کہ اس وقت پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے سکریٹری کی حیثیت سے کام کر رہے گیانیش کمار نے کیرالہ اسٹیٹ ٹرانسپورٹ پروجیکٹ (کے ایس ٹی پی) کے تحت مکمل کیے گئے کاموں کی ادائیگی جاری کرنے کے عوض دو کروڑ روپے رشوت طلب کی تھی۔ ساجن کے مطابق، کمار نے انجینئروں کی جانب سے پہلے ہی منظور کیے جاچکے تقریباً 17 کروڑ روپے کے بلوں کے چیک جان بوجھ کر روک رکھے تھے۔ اس کے نتیجے میں ملائیشیا کی کمپنی پی اے ٹی آئی-بی ای ایل اور اس کے ٹھیکیداروں و ملازمین کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کے پروجیکٹ انجینئر اور ملیشیا کے شہری لی سی بین نے ساجن کو بتایا تھا کہ جب تک رشوت کا مطالبہ پورا نہیں ہوتا، کمار چیک جاری کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔ ساجن نے دعویٰ کیا کہ جب انہوں نے لی کو کچھ رقم دے کر معاملہ حل کرنے کا مشورہ دیا تو لی نے بتایا کہ کمپنی کے افسران رشوت دے کر چیک حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔
ادائیگی میں تاخیر کے بعد کمپنی کے انجینئر کی مبینہ خودکشی
ساجن نے دعویٰ کیا کہ لی نے ٹھیکیداروں اور ملازمین کے بقایا جات ادا کرنے کے لیے بنگلورو میں کمپنی کے ایک دوسرے پروجیکٹ سے حاصل ہونے والی رقم استعمال کی تھی۔ ان کا الزام ہے کہ منظور شدہ بلوں کی ادائیگی میں تاخیر اور رشوت کے مبینہ مطالبے کے باعث لی نے 2006 میں خودکشی کرلی تھی۔ شکایت کنندہ کے مطابق، لی نے اپنے خودکشی نوٹ میں گیانیش کمار کے کردار کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملائیشیا میں لی کے اہل خانہ نے کمپنی کے ملازمین کو اس بارے میں معلومات فراہم کی تھیں۔ ساجن کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی پہلے ہونے والی ویجیلنس جانچ کے دوران ان سے اور رشوت کے مبینہ مطالبے کی براہ راست معلومات رکھنے والے دیگر افراد سے پوچھ گچھ نہیں کی گئی تھی۔ انہوں نے لی کے اہل خانہ، کمپنی کے سابق ملازمین اور دیگر گواہوں کو ثبوت کے طور پر پیش کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔ شکایت کی بنیاد پر ویجیلنس محکمہ نے ابتدائی جانچ کے بعد معاملہ درج کرنے کی اجازت کے لیے محکمہ داخلہ سے رجوع کیا تھا۔
کیرالہ حکومت نے ابتدائی جانچ کا حکم دیا
پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق، وزیر داخلہ رمیش چنیتھلا نے قانونی رائے حاصل کرنے کے بعد اس معاملے میں ابتدائی جانچ کا حکم دیا ہے۔ امکان ہے کہ نئی شکایت کی جانچ وہی ویجیلنس ٹیم کرے گی جو چنیتھلا کی ہدایت پر کے ایس ٹی پی سے متعلق الزامات کی پہلے ہی ابتدائی جانچ کر رہی ہے۔ اس سے قبل وزیر داخلہ نے 4 اکتوبر کو کیرالہ پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) کے رہنما ملئین کیژو وینوگوپال کی شکایت پر بھی ویجیلنس جانچ کا حکم دیا تھا۔ یہ معاملہ کے ایس ٹی پی کے تحت ایم سی روڈ کی توسیع کے کام میں مبینہ بدعنوانی سے متعلق ہے۔ یہ کام پی اے ٹی آئی-بی ای ایل گروپ کو سونپا گیا تھا اور اس وقت گیانیش کمار ریاست کے پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری تھے۔ لی کی موت کے بعد 2006 میں بھی ویجیلنس جانچ شروع کی گئی تھی، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق الزامات کی تصدیق نہ ہونے کے باعث بعد میں مزید کارروائی کیے بغیر جانچ بند کردی گئی تھی۔ نئی جانچ میں اس پہلو کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ آیا سابقہ تحقیقات میں الزامات کے اہم نکات کی مناسب چھان بین نہیں کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ گیانیش کمار پر لگائے گئے رشوت طلب کرنے کے الزامات کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ ویجیلنس جانچ کے دوران ان دعوؤں کی حقیقت کا پتہ لگایا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے اب تک ان الزامات پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
گورکھپور دورے کے دوسرے دن مندر پہنچے نتن نبین، تنظیمی عہدیداروں اور سابق ارکان پارلیمنٹ…
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایران کی مدد کرنے والے افراد…
کارلوس نصر نے مقابلے میں اپنی تمام چھ کوششیں کامیابی سے مکمل کیں۔ انہوں نے…
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق، دہلی کے سات مانیٹرنگ اسٹیشنوں…
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نوین آج گورکھپور پہنچے، جہاں…
ممبئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل-1 کی ازسرنو تعمیر کے پیش نظر 14 بین الاقوامی مقامات کے…