بھارت ایکسپریس اردو-
نئی دہلی: دہلی کے اردواسکولوں کے طلبہ وطالبات کی یہ خوش نصیبی ہے کہ ان کے اندراردوفن وثقافت کا ذوق و شوق بیدارکرنے اوراس مسابقتی دورمیں خود اعتمادی وحوصلہ بڑھانے کے لیے اردواکادمی، دہلی ہرسال تعلیمی وثقافتی مقابلے منعقد کرتی ہے، جن میں سیکڑوں طلبہ و طالبات شریک ہوتے ہیں۔ ان مقابلوں میں اول، دوم اورسوم پوزیشن حاصل کرنے والوں کوانعامات دیئے جاتے ہیں، جبکہ بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تشجیعی انعامات بھی پیش کیے جاتے ہیں۔ ان کے علاوہ سب سے زیادہ شرکت کرنے والے اسکول کو ”Best Participating School” (بہترین شرکت کرنے والا اسکول) اور سب سے زیادہ انعامات حاصل کرنے والے اسکول کو ”Best Performing School” (بہترین کارکردگی کا حامل اسکول) کی ٹرافی اور نقد انعامات سے نوازا جاتا ہے۔ان مقابلوں میں تقریر، فی البدیہہ تقریر، بیت بازی، اردو ڈراما، غزل سرائی، کوئز، مضمون نویسی، خطوط نویسی، خوشخطی، امیج پینٹنگ، گروپ سانگ (پرائمری زمرہ) اور بلند خوانی (پرائمری زمرہ) شامل ہیں۔ یہ تعلیمی مقابلے دہلی کے پرائمری سے لے کر سینئر سیکنڈری سطح کے اردو اسکولوں کے درمیان منعقد کیے جاتے ہیں اور 8 ستمبر 2025 تک جاری رہیں گے۔
آج اردو ڈراما مقابلہ برائے سیکنڈری وسینئرسیکنڈری زمرہ (نویں جماعت تا بارہویں جماعت) منعقد ہوا، جس میں 19 اسکولوں سے مجموعی طورپر140 طلبہ وطالبات نے حصہ لیا۔ ان میں سے 10 طلبہ و طالبات کوبہترکارکردگی کی بنیاد پرانفرادی انعامات کے لیے منتخب کیا گیا جبکہ 6 ٹیموں کواول، دوم، سوم اور حوصلہ افزائی کے لیے مستحق قراردیاگیا۔ اس مقابلے میں بطورجج مشہورڈراما نگار پروفیسردانش اقبال اورتحسین منورشریک ہوئے۔
ڈراموں کی پیشکش کے بعد پروفیسردانش اقبال نے بچوں اوراساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے عصرِحاضرسے متعلق موضوعات پربہت عمدہ ڈرامے پیش کیے۔ میں اردوڈراموں کے اس کلچرسے بہت متاثرہوا ہوں۔ اردواکادمی، دہلی اس روایت کومستقل فروغ دیتی رہی ہے اوراسی کا نتیجہ ہے کہ آج 19 اسکولوں سے 140 طلبہ وطالبات نے اپنا ہنرپیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ اکثرڈراموں کے موضوعات تعلیم سے متعلق تھے۔ مزاحیہ ڈراموں میں جذبہ اور جوش نمایاں تھا، جن سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔ بچوں کا یہ حوصلہ اور جنون دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ آنے والے دنوں میں اردو ڈراما ایک منفرد کردار ادا کرے گا۔
جناب تحسین منور نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب بھی آپ ڈراما پیش کریں تو کوشش کریں کہ آزمودہ اور معیاری ڈرامے منتخب کریں۔ مجھے یہ محسوس ہوا کہ بچے ڈراما تو پیش کرتے ہیں لیکن تھیٹر دیکھنے نہیں جاتے، بلکہ اسکرین پر زیادہ وقت گزارتے ہیں۔ سیکھنے کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تھیٹر جانا بھی ضروری ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ سینٹر اسٹیج کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، کیونکہ یہ ڈرامے کی تاثیر کو بڑھاتا ہے۔ لڑکیوں نے زیادہ تر ڈاکٹر کے کردار ادا کیے، لیکن ضروری ہے کہ نئے اور متنوع کرداروں کو بھی پیش کیا جائے۔
آج کے مقابلے میں ’’جہالت سے قیادت تک‘‘، ’’قومی اتحاد‘‘، ’’جلا نہیں زندہ ہوں‘‘، ’’شمولیاتی تعلیم‘‘،’’ سے نوٹوریگنگ‘‘ (Say to No Ragging )، ’’سوشل میڈیا‘‘، ’’جہیزایک لعنت ہے‘‘، ’’پرورش‘‘، ’’سوشل میڈیا کے اثرات‘‘، ’’بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ‘‘، ’’تعلیم وتربیت‘‘، ’’خدا حافظ‘‘، ’’اندھیرنگری چوپٹ سلطان‘‘، ’’بچوں کی بدلتی دنیا‘‘، ’’سائبرسیکوریٹی‘‘ او’’کھیتی باڑی کے نئے طریقے‘‘ جیسے اہم موضوعات پر ڈرامے پیش کیے گئے۔ ان میں سے بہترین کارکردگی پرپہلے انعام کے لیے سروودیہ کنیا ودیالیہ، نورنگر(ڈراما: بچوں کی بدلتی دنیا)، دوسرے انعام کے لیے سیدعابد حسین سینئرسیکنڈری اسکول، جامعہ ملیہ اسلامیہ (ڈراما: جہالت سے قیادت تک)، اورتیسرے انعام کے لیے ہمدرد پبلک اسکول، تعلیم آباد سنگم وہار(ڈراما: گھریلوتشدد) کومنتخب کیا گیا، جبکہ حوصلہ افزائی انعام کے لیے گورنمنٹ بوائزسینئر سیکنڈری اسکول نمبر2، تخمیرپور(ڈراما:قومی اتحاد)، گورنمنٹ بوائزسینئرسیکنڈری اسکول، ہرکیش نگر(ڈراما: شمولیاتی تعلیم) اور اینگلو عربک سینئر سیکنڈری اسکول، اجمیری گیٹ (ڈراما: اندھیر نگری چوپٹ سلطان) کا انتخاب کیا گیا۔
ان ٹیم انعامات کے علاوہ بہترین انفرادی اداکاری کے لیے آفرین بانو بنت ارشد حسین، حمیرہ علی بنت امتیازعلی (ہمدرد پبلک اسکول، تعلیم آباد، سنگم وہار)، عاقب ارسلان( سید عابدحسین سینئرسیکنڈری اسکول)، دانش ولدانتظار(گورنمنٹ بوائزسینئرسیکنڈری اسکول نمبر۲، تخمیر پور)، ارسلان ولد شوکت حسین اورثاقب ولدذوالفقار(سروودیہ بال ودیالیہ، کھجوری خاص)، اتل کمارسنگھ ولدامت کمارسنگھ (گورنمنٹ بوائز سینئرسیکنڈری اسکول، ہرکیش نگر)، صوفیہ وسیم بنت محمد وسیم (سروودیہ کنیا ودیالیہ، احاطہ کیدارہ)، زعیم کمال ولد مصطفی کمال اور نِتن شرما ولد وجے (اینگلوعربک سینئرسیکنڈری اسکول، اجمیری گیٹ)، امیمہ عمارہ بنت محمد شاہنوازاورمنہا عزیزبنت عزیزالحق (سروودیہ کنیا ودیالیہ، نورنگر) کومنتخب کیا گیا۔
عام آدمی پارٹی، ڈی ایم کے اور بی جے ڈی کے انڈیا بلاک کی جانب…
پارلیمنٹ میں وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا تھا کہ اپوزیشن کے کچھ رہنما دعویٰ…
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 4200 میٹر اور اس سے زیادہ بلندی والے علاقوں میں…
یہ ہائیڈرو پاور منصوبہ وسطی بھوٹان کے جھیمگانگ ضلع میں چامکھرچھو دریا پر قائم کیا…
منگل کی علی الصبح 4:27 بجے منی پور کے تامینگ لونگ میں بھی 2.9 شدت…
دماغ ہماری جذبات، رویوں اور جسم کی مختلف سرگرمیوں کو کس طرح کنٹرول کرتا ہے،…