لداخ کو ریاستی درجہ اور آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کے مطالبات ایک بار پھر زور پکڑ گئے ہیں، جووزارت داخلہ اور لداخ کے نمائندہ رہنماؤں کے درمیان جاری مذاکرات ایک اہم مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔ مرکز کے زیر انتظام لداخ کے لیے ڈومیسائل پالیسی کے نفاذ کے بعد، لداخ کے عوام اور رہنماؤں کو امید ہے کہ آئندہ مذاکرات میں انھیں زیادہ خودمختاری اور آئینی تحفظات حاصل ہوں گے۔
لیہ اپیکس باڈی (LAB) کے ایگزیکٹو رکن چرینگ دورجے کے مطابق ’’اگلے مرحلے میں ہماری توجہ صرف دو اہم مطالبات پر مرکوز ہوگی—ریاستی درجہ مع مقننہ اور لداخ کو چھٹے شیڈول میں شامل کرنا۔ یہ ہمارے بنیادی مطالبات ہیں، جن سے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘‘
27 مئی کو ہوئے تھے گزشتہ مذاکرات
واضح رہے کہ اس سے قبل 27 مئی کو ہونے والے گزشتہ مذاکرات کو کامیاب قرار دیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 2019 سے مؤثر ہونے والی 15 سالہ اہلیت کی بنیاد پر ڈومیسائل پالیسی متعارف کرائی گئی۔ بعد ازاں صدر جمہوریہ نے “یونین ٹیریٹری آف لداخ ریزرویشن (ترمیمی) ضابطہ 2025” نافذ کیا، جس کے تحت علاقے میں 85 فیصد ملازمتیں مقامی افراد کے لیے مختص کر دی گئیں۔
تاہم دورجے نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ابھی تک آئندہ مذاکرات کے لیے کوئی باضابطہ دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہمیں امید تھی کہ اس ماہ کے دوران بات چیت ہوگی، لیکن اب تک ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ لیہ اپیکس باڈی (LAB) اور کارگل ڈیموکریٹک الائنس (KDA)، جو کہ لیہ اور کارگل کے مختلف سیاسی، سماجی، تجارتی و مذہبی اداروں کا اتحاد ہے، مشترکہ طور پر لداخ کے لیے ریاستی درجہ، چھٹے شیڈول میں شمولیت، دو لوک سبھا نشستیں اور علیحدہ پبلک سروس کمیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
کارگل ڈیموکریٹک الائنس کے سینئر لیڈرسجاد کارگلی نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ انھیں کسی نئی میٹنگ کے لیے دعوت نہیں ملی۔ انھوں نے بھی کہا کہ ’’جب بھی بات چیت ہوگی، ہم صرف ریاستی درجہ اور چھٹے شیڈول کے مطالبات پر زور دیں گے۔‘‘ ان کا مؤقف ہے کہ اگر سکم (Sikkim) اور میزورم (Mizoram) کو ریاستی درجہ دیا جا سکتا ہے، تو لداخ بھی اس کا مستحق ہے۔
لداخ کو ملا پہلا سیاسی لیفٹیننٹ گورنر
دریں اثنا مرکزی حکومت نے حال ہی میں سابق نائب وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر اور بی جے پی رہنما کویندر گپتا کو لداخ کا نیا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا ہے۔ وہ اس عہدے پر تعینات ہونے والی پہلی سیاسی شخصیت ہیں۔ وہیں کویندر گپتا نے کہا ہے کہ وہ لداخ میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے وسیع مشاورت کریں گے اور ریاستی درجہ و چھٹے شیڈول سے متعلق مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔
بھارت ایکسپریس اردو
آئچی-ناگویا ایشین گیمز 2026 میں بھارتی ایتھلیٹس نے ٹریک اینڈ فیلڈ میں دو سلور اور…
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی شام دہلی کے دین دیال اپادھیائے پارک پہنچ…
انتخابی کمیشن کی کارروائی اور ووٹر فہرست کی نظرثانی سے متعلق اپوزیشن کا احتجاج، کانگریس…
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر نے امریکہ…
آئی بی سی کے ذریعے ممبئی کے ٹیک ٹین بی کے سی اور بھارت نگر…
عدالت نے میٹا کو مبینہ قابل اعتراض تصویر ہٹانے کی ہدایت دی، کاکروچ جنتا پارٹی…