Congress Budget Session Strategy: بجٹ سیشن میں ذات پر مبنی مردم شماری، منریگا، خارجہ پالیسی اور روپے کی گراوٹ پر حکومت کو گھیرے گی کانگریس

نئی دہلی: پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن سے قبل کانگریس نے حکومت کو گھیرنے کے لیے اپنی حکمتِ عملی طے کر لی ہے۔ کانگریس پارلیمانی اسٹریٹیجی گروپ کی ایک اہم میٹنگ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی کی صدارت میں ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جس میں بجٹ سیشن کے دوران اٹھائے جانے والے اہم قومی، معاشی اور سماجی مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس اجلاس میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی سمیت پارٹی کے سینئر لیڈر اور ارکانِ پارلیمنٹ موجود رہے۔

میٹنگ کے بعد کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ ناصر حسین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ بجٹ اجلاس میں حکومت سے سخت سوالات پوچھے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس خاص طور پر منریگا کے تحت روزگار میں کمی، بقایاجات کی عدم ادائیگی اور اسکیم کے بجٹ میں ممکنہ کٹوتی کے معاملے کو زور و شور سے اٹھائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دیہی بھارت میں منریگا لاکھوں غریب خاندانوں کے لیے زندگی کی ڈور ہے، لیکن حکومت اسے کمزور کرنے پر تلی ہوئی ہے۔

کانگریس نے ذات پر مبنی مردم شماری (کاسٹ سینسس) کے مسئلے پر بھی حکومت سے اس کی نیت صاف کرنے کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ناصر حسین نے کہا کہ کانگریس طویل عرصے سے ذات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ کر رہی ہے، کیونکہ اسی سے سماجی اور معاشی عدم مساوات کی حقیقی تصویر سامنے آئے گی اور پالیسی سازی میں شفافیت آئے گی۔ ان کے مطابق کاسٹ سینسس ہونے سے تعلیم، روزگار اور فلاحی اسکیموں سے جڑی کئی پیچیدگیاں خود بخود حل ہو جائیں گی۔

اجلاس میں ماحولیات سے متعلق مسائل، خاص طور پر اراؤلی پہاڑی سلسلے میں جاری مبینہ بے ضابطگیوں پر بھی حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی بنائی گئی۔ اس کے علاوہ ایس آئی آر اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) سے متعلق معاملات پر بھی سوال اٹھانے کا فیصلہ ہوا، جہاں کانگریس نے ایک آزاد کمیٹی میں ریٹائرڈ یا حاضر سروس جج کو شامل کرنے کا مطالبہ دہرانے کی تیاری کی ہے۔ کانگریس نے خارجہ پالیسی اور عالمی سطح پر بھارت کی پوزیشن کو بھی بجٹ اجلاس کا اہم موضوع بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ناصر حسین نے الزام لگایا کہ بھارت کی خارجہ پالیسی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ٹیرف اور روس سے تیل خریدنے کے معاملے پر بھارت کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جو حکومت کی کمزور سفارت کاری کو ظاہر کرتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی روپے کی مسلسل گراوٹ اور اس کے سبب معیشت کے مختلف شعبوں کو پہنچنے والے نقصان پر بھی کانگریس حکومت سے جواب طلب کرے گی۔ اجلاس میں یہ بھی طے ہوا کہ جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ بحال کرنے کا مطالبہ ایوان میں زور دار طریقے سے اٹھایا جائے گا، جبکہ اندور اور احمد آباد میں پیش آنے والے حالیہ ہلاکت خیز واقعات کو بھی پارلیمنٹ میں زیرِ بحث لایا جائے گا۔ کانگریس نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام مسائل بجٹ اجلاس کے پہلے مرحلے میں اٹھائے جائیں گے، جبکہ دوسرے مرحلے کے لیے ایک اور اسٹریٹیجی میٹنگ منعقد کی جائے گی، جس میں آئندہ کے موضوعات طے کیے جائیں گے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Sibghatullah

Recent Posts

Azam Khan: اعظم خان نے ای ڈی کی گرفتاری کو سپریم کورٹ میں کیا چیلنج، فوری سماعت کی درخواست

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کا یہ مقدمہ رام پور میں ’مولانا محمد علی جوہر ٹرسٹ‘…

30 minutes ago

We have to get the Senate: سینیٹ پر قبضہ برقرار رکھنے کے لیے ٹرمپ نے جھونکی پوری طاقت، بولے ’ہمیں ہر حال میں جیتنا ہوگا‘

کینیڈا کے ساتھ تجارتی مذاکرات کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ممالک کے…

2 hours ago

Cyclone Murasu: سائیکلون ’موراسو‘ مچائے گا تباہی، تیز ہواؤں اور سیلاب کا خطرہ، ماہی گیروں کو الرٹ

سمندری طوفان موراسو کے پیش نظر چنئی کے تمام اسکولوں میں پیر کے روز تعطیل…

3 hours ago

Florida Plane Crash Video: فلوریڈا میں طیارہ حادثہ، پائلٹ سمیت 9 افراد ہلاک، سڑک سے ٹکراتے ہی طیارہ آگ کے گولے میں تبدیل

حادثے کی ایک خوفناک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ کاروں میں بیٹھے لوگوں نے طیارے…

3 hours ago