قومی

Syed Shahnawaz Hussain: ”مرکزی حکومت کا خزانہ بہار کے لیے کھلا ہے“: شاہنواز حسین

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان سید شاہنواز حسین نے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان حالیہ ملاقات کو نہایت مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ این ڈی اے کی حکومت بننے کے بعد یہ نتیش کمار کا پہلا دورۂ دہلی تھا اور مرکزی حکومت بہار کی ترقی کے لیے پوری طرح سنجیدہ ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ”مرکزی حکومت کا خزانہ بہار کے لیے کھلا ہے“ اور ریاست کو ترقی کے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ نئی دہلی میں آئی اے این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے شاہنواز حسین نے کہا کہ وزیراعظم مودی اور وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جوڑی ایک بار پھر کامیاب ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ نتیش کمار کی حلف برداری کی تقریب میں خود وزیراعظم شریک ہوئے تھے اور اس کے بعد اب نتیش کمار پہلی مرتبہ دہلی آئے۔ دونوں لیڈروں کے درمیان ملاقات خوشگوار رہی اور بہار کے مفاد سے جڑے کئی اہم امور پر بات چیت ہوئی۔ ان کے مطابق، مرکز کی جانب سے بہار پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور آنے والے وقت میں اس کے اثرات زمینی سطح پر نظر آئیں گے۔

ترنمول کانگریس سے معطل رکن اسمبلی ہمایوں کبیر کی جانب سے نئی پارٹی بنانے کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شاہنواز حسین نے کہا کہ ہمایوں کبیر دراصل ٹی ایم سی کے ایجنٹ ہیں۔ ان کے مطابق، ممتا بنرجی نے جان بوجھ کر یہ حکمت عملی اپنائی ہے تاکہ سیاسی پولرائزیشن ہو اور ان سے ناراض مسلم ووٹ اپوزیشن کے پاس جانے کے بجائے بٹ جائیں۔ شاہنواز حسین نے الزام لگایا کہ یہ پوری اسکرپٹ ممتا بنرجی نے خود تیار کی ہے اور ٹی ایم سی ووٹ بینک کی سیاست کر رہی ہے، جس کا جواب بنگال کی عوام آنے والے انتخابات میں دے گی۔

بنگالی گلوکارہ کی مخالفت کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں تمام جمہوری اور سماجی قدریں ٹوٹتی جا رہی ہیں۔ فنکاروں کو اپنی آواز بلند کرنے اور پروگرام پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جو ایک خطرناک رجحان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگال میں حالات ایسے ہو گئے ہیں جیسے اظہارِ رائے پر مکمل پابندی عائد ہو، یہاں تک کہ مذہبی نعرے یا گیت بھی سیاست کی نذر ہو رہے ہیں۔

مہاراشٹر کے بلدیاتی انتخابات پر بات کرتے ہوئے شاہنواز حسین نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کا وجود تقریباً ختم ہوتا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق، بہار سے شروع ہونے والی سیاسی لہر مہاراشٹر تک پہنچ چکی ہے اور بی جے پی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اروناچل پردیش اور گوا میں بھی بی جے پی کو کامیابی مل رہی ہے اور جہاں بھی انتخابات ہوں گے، وہاں بی جے پی ہی اقتدار میں آئے گی۔ بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر ہونے والے مبینہ مظالم کے بارے میں شاہنواز حسین نے کہا کہ وہاں جہادی عناصر کی کارروائیوں کی پوری دنیا کے مسلمانوں کو کھل کر مذمت کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق، ایسے عناصر نے اسلام کو بدنام کیا ہے اور انسانیت کے دشمن بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت حکومت اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کر رہی ہے اور سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے بھی ان واقعات کی مذمت کی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Sibghatullah

Recent Posts

Food Fact: اسنیکس خریدنے سے پہلے پیکٹ پلٹ کر دیکھیں، صحت کے لیے ان 3 چیزوں کو ضرور چیک کریں

پیکٹ بند غذائی اشیا خریدتے وقت سب سے پہلے ان میں موجود شکر کی مقدار…

49 minutes ago

Poster Outside SP Office in Lucknow: یوپی انتخابات 2027 سے پہلے سماج وادی پارٹی کے دفتر کے باہر لگا پوسٹر،’27 میں کرشن آئیں گے‘

سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور پارٹی کو لے کر ان کے کارکن…

1 hour ago

آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل جماعت اسلامی ہند کا ایس آئی آراورووٹرلسٹ سے متعلق تمام مسائل کومکمل طورپرحل کرنے کا مطالبہ

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند نے ایس آئی آر کی کارروائی کے بعد انتخابی فہرستوں…

2 hours ago