جمعیۃ علماء ہند نے مالیگاؤں بم دھماکہ سے متعلق این آئی اے کورٹ کے فیصلے کے خلاف بامبے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔
نئی دہلی: بامبے ہائی کورٹ نے بالآخرآج مالیگاؤں 2008 بھکوچوک بم دھماکہ متاثرین کی جانب سے نچلی عدالت کے فیصلے کے خلاف داخل پٹیشن کوسماعت کے لئے قبول کرتے ہوئے سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، کرنل پروہت سمیت تمام سات ملزمین اورقومی تفتیشی ایجنسی کونوٹس جاری کردیا۔ گزشتہ تین دنوں سے چیف جسٹس بامبے ہائی کورٹ اورجسٹس گوتم انکھڑ اس مقدمہ کی سماعت کررہے تھے، جس کے دوران انہوں نے ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کرنے والے بم دھماکہ مارے گئے لوگوں کے ورثاء کے تعلق سے انکوائری کی، بطور عرضی گزاران کی قانونی حیثیت پروکلاء سے سوالات کئے اورانہیں عدالتی دستاویزات کی روشنی میں بحث کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نوٹس کرنے کے لئے راضی
دوران سماعت چیف جسٹس نے یہ بھی سوال کیا کہ آیا عرضی گزاروں کے بیانات کا اندراج خصوصی عدالت میں ہوا تھا یا نہیں۔ عدالت کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا آج ایڈوکیٹ متین شیخ اورایڈوکیٹ شاہد ندیم نے زبانی اورتحریری جواب دیا، جس کے بعد دورکنی بینچ نوٹس جاری کرنے پرراضی ہوئی۔ وکلاء نے آج عدالت میں تمام 6عرضی گزاروں کے دستاویزات جمع کئے نیزعدالت میں سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی نقل بھی پیش کی، جس میں سپریم کورٹ نے متاثرین کونچلی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل داخل کرنے کا قانونی حق دیا ہے۔ پہلی سماعت پرچیف جسٹس نے یہ زبانی تبصرہ کیا تھا کہ بم دھماکہ جیسے حساس مقدمہ میں کسی کو بھی اپیل داخل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے، لہٰذا عرضی گزارپہلے عدالت کو مطمئن کریں اس کے بعد ہی نوٹس جاری کی جائے گی۔
بم دھماکہ متاثرین نے داخل کی پٹیشن
مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ مقدمہ میں خصوصی این آئی اے عدالت سے بری کئے گئے تمام ملزمین کے خلاف بم دھماکہ متاثرین نثاراحمد حاجی سید بلال، شیخ لیاقت محی الدین، شیخ اسحق شیخ یوسف، عثمان خان عین اللہ خان، مشتاق شاہ ہارون شاہ اور شیخ ابراہیم شیخ سپڑونے جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے توسط سے پٹیشن داخل کی تھی، جس پر آج سماعت عمل میں آئی۔ بم دھماکہ متاثرین نے 2 ستمبرکوہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کی تھی جس پرایک ہفتہ تک رجسٹرارآفس کے عملے نے تفتیش کی اورپھراسے چیف جسٹس کے سامنے سماعت کے لئے پیش کیا جہاں تین دنوں تک مسلسل سماعت ہوئی۔بامبے ہائی کورٹ کی جانب سے نوٹس جاری ہونے کے بعد اب ملزمین کو عدالت سے رجوع ہونا ہوگا اور بذریعہ وکلاء یا پھرذاتی طورپراپنے دلائل پیش کرنے ہوں گے۔ فریق مخالف یعنی ملزمین اوراین آئی اے کی نمائندگی اوردلائل کی سماعت کے بعد ہی ہائی کورٹ متاثرین کی جانب سے داخل پٹیشن پرمزید کارروائی کئے جانے کا حکم جاری کرے گی۔ بم دھماکہ متاثرین نے بامبے ہائی کورٹ سے بی این ایس ایس کی دفعہ 391 کے تحت مزید گواہان کو طلب کرنے کی اور نچلی عدالت کے فیصلے پرنظرثانی کی درخواست کی ہے۔
عدالت سے بری ہوگئے تھے تمام ملزمین
واضح رہے کہ خصوصی این آئی اے عدالت نے مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ مقدمہ کا سامنا کررہے ملزمین سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر،اجے راہیکر، میجر رمیش اپادھیائے، سمیرکلکرنی، کرنل پروہت، سوامی سدھاکردھردویدی اورسدھاکراونکارچتروید کو31جولائی 2025 کو ناکافی ثبوت وشواہد کی بنیاد پرمقدمہ سے بری کردیا تھا۔اس مقدمہ میں کل 323 سرکاری گواہان اور8 دفاعی گواہان نے اپنے بیانات کا خصوصی عدالت میں اندراج کرایا تھا۔ دوران گواہی 39 سرکاری گواہان اپنے سابقہ بیانات سے منحرف ہوگئے تھے جس کی بنیاد پرعدالت نے ملزمین کو مقدمہ سے بری کردیاتھا۔بم دھماکہ متاثرین جمعیۃعلماء ہند قانونی امدادکمیٹی کی توسط سے انصاف کے حصول کے لئے پھر سے عدالت سے رجوع ہوئے ہیں ا ور عدالت نے ان کی عرضداشت پردیرسے ہی سہی، لیکن نوٹس جاری کیا ہے یعنی اب بم دھماکہ ملزمین کوعدالت میں اپنا جواب داخل کرنا ہوگا۔ تین دن لگاتاربامبے ہائی کورٹ میں سماعت چلی، جس کے بعد جمعیۃعلماء ہند کے وکلاء کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے پٹیشن کوسماعت کیلئے قبول کرلیا ہے، لہذا اب یہ این آئی اے کی اخلاقی اورآئینی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بھی بامبے ہائی کورٹ میں نچلی عدالت کے فیصلے کے خلاف پٹیشن داخل کرے۔ اس معاملہ پراپنے ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے مولانا ارشدمدنی نے کہا کہ بم دھماکہ متاثرین نے جمعیۃ علماء پرمکمل اعتماد کرتے ہوئے ان کی جانب سے ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کرنے کی اجاز ت دی ہے، جس کے بعد ہی ہمارے وکلاء نے ہائی کورٹ میں عرضداشت داخل کی، جس پرآج سماعت عمل میں آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں اس اہم مقدمہ کی سماعت کے دوران ملک کے نامورکریمنل وکلاء کی خدمات لینے کے لئے لائحہ عمل تیارکیا جائے گا اورہائی کورٹ میں پوری شدت سے مقدمہ کی پیروی کی جائے گی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ این آئی اے بھی اس فیصلہ کے خلاف عدالت سے رجوع ہوگی۔
بھارت ایکسپریس اردو-
ٹرمپ اب بھی سمجھتے ہیں کہ تجارتی جنگ میں امریکہ کے پاس برتری ہے، لیکن…
گجرات سے شروع ہونے والا بالاجی ہے، جس نے محدود وسائل سے سفر شروع کیا…
راہل گاندھی کی موجودگی میں ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کی…
پنجاب کے بٹالہ میں اچل بائی پاس واقع سچکھنڈ نانک دھام درشن دربار میں اتوار،…
بھارت میں اکتوبر سے ملک کی پہلی کاربن مارکیٹ شروع ہونے جا رہی ہے۔ اس…
سی بی ایس ای کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے 2 اگست 2026 کو ملک…