قومی

Bihar Fire Service IG Sunil Nayak Arrested: بہار فائر سروس کے آئی جی سنیل نائک گرفتار، دفعہ 307 کے تحت کارروائی، جانئے کیا ہیں الزامات؟

پٹنہ: بہار فائر سروس کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) ایم سنیل نائک کو آندھرا پردیش پولیس نے 2021 کے مبینہ حراستی تشدد معاملے میں پٹنہ سے گرفتار کر لیا ہے۔ ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 307 کے تحت مقدمہ درج ہے، جو اقدامِ قتل سے متعلق ہے۔ گرفتاری کے بعد پرکاشم ضلع پولیس انہیں ٹرانزٹ ریمانڈ پر آندھرا پردیش لے جانے کی تیاری کر رہی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سنیل نائک کی گرفتاری ایک ایسے مقدمے میں ہوئی ہے جس کا تعلق نرساپورم لوک سبھا حلقے کے سابق رکن پارلیمان کے رگھورام کرشنا راجو سے ہے۔ الزام ہے کہ 2021 میں گرفتاری کے دوران سی آئی ڈی ٹیم نے ان کے ساتھ شدید مارپیٹ اور حراستی تشدد کیا تھا۔ عدالت کی ہدایت پر اسی معاملے میں سنیل نائک کے خلاف دفعہ 307 کے تحت کیس درج کیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق 2021 میں جب سنیل کمار نائک مرکزی ڈیپوٹیشن پر آندھرا پردیش میں تعینات تھے، تب وہ سی آئی ڈی میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ اسی دوران ان کی نگرانی میں سی آئی ڈی ٹیم نے رگھورام کرشنا راجو کو ایک سنگین فوجداری مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔ بعد ازاں راجو نے الزام عائد کیا کہ دورانِ حراست انہیں جسمانی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

حال ہی میں عدالت کی جانب سے سنیل نائک کی ضمانت منسوخ ہونے کے بعد آندھرا پردیش پولیس کی ٹیم پٹنہ پہنچی اور انہیں گرفتار کر لیا۔ اب پولیس انہیں مقامی عدالت میں پیش کر کے ٹرانزٹ ریمانڈ کی درخواست دے گی۔ ریمانڈ ملنے کی صورت میں انہیں آندھرا پردیش منتقل کیا جائے گا تاکہ مزید قانونی کارروائی کی جا سکے۔ قابل ذکر ہے کہ رگھورام کرشنا راجو اس وقت آندھرا پردیش اسمبلی میں نائب اسپیکر کے عہدے پر فائز ہیں۔ سنیل کمار نائک 2005 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں اور بہار کیڈر سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کا آبائی تعلق آندھرا پردیش کے ضلع گنٹور سے ہے، تاہم انہیں بہار کیڈر الاٹ ہوا تھا۔ انہوں نے 12 دسمبر 2005 کو آئی پی ایس سروس جوائن کی اور بہار کے مختلف اضلاع میں بطور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس خدمات انجام دیں۔

سنہ 2019 میں ذاتی وجوہات کی بنا پر انہیں انٹر کیڈر ڈیپوٹیشن پر آندھرا پردیش بھیجا گیا، جہاں وہ تقریباً تین برس تک تعینات رہے۔ ڈیپوٹیشن کی مدت مکمل ہونے کے بعد وہ 2023 میں واپس بہار لوٹ آئے۔ فروری 2026 تک وہ بہار فائر سروسز میں آئی جی و ڈائریکٹر کم اسٹیٹ فائر آفیسر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔ اس عہدے پر وہ محکمہ جاتی آپریشنز، جدید کاری، وسائل کے انتظام اور تربیتی امور کی نگرانی کر رہے تھے۔ حالیہ برسوں میں بہار فائر سروس کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور آلات کی اپ گریڈیشن کا کام بھی جاری تھا، جس کی نگرانی ان کی سطح پر ہو رہی تھی۔ تاہم اب ان کی گرفتاری نے انتظامی اور سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ معاملے کی آئندہ سماعت اور ٹرانزٹ ریمانڈ پر فیصلہ آنے کے بعد مزید پیش رفت متوقع ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Sibghatullah

Recent Posts

Punam Raut Quits International Cricket: پونم راوت نے بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان

پونم نے جمعرات کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے لکھا، ’’کافی…

4 hours ago