مرکزی وزیرداخلہ و وزیرِ تعاون امت شاہ نے ہفتہ کے روز آسام پولیس کی دسویں بٹالین کے ہیڈکوارٹر کا سنگ بنیاد رکھا اور ایک عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ اس موقع پر آسام کے گورنر لکشمن پرساد آچاریہ، وزیراعلیٰ ہمانتا بسوا سرما، مرکزی داخلہ سکریٹری اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ اپنے خطاب میں امت شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے آسام کو ہر شعبے میں ترقی دی ہے اور آئندہ پانچ برسوں میں آسام مشرقی اور شمال مشرقی بھارت کا صنعتی مرکز بن جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابقہ حکومت کے دور میں دراندازوں نے 174 بیگھا زمین پر قبضہ کر لیا تھا، جسے موجودہ حکومت نے واگزار کرا لیا ہے اور آج کا پروگرام اسی زمین پر منعقد ہو رہا ہے۔
جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا ہیڈکوارٹر
امت شاہ نے بتایا کہ 124 بیگھا رقبے پر قائم ہونے والے اس ہیڈکوارٹر میں رہائشی اور آپریشنل ڈھانچہ تیار کیا جائے گا۔ یہاں 750 مرد اور 450 خواتین اہلکاروں کے لیے بیرکس، ایک چھوٹا اسپتال، تربیتی مرکز، فائرنگ رینج، جدید سرویلنس سینٹر اور بڑا اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس مقام سے کبھی سیکورٹی چیلنجز پیدا ہوتے تھے، اب وہیں آسام پولیس کی دسویں بٹالین قائم ہو رہی ہے جو ان چیلنجز کا خاتمہ کرے گی۔ امت شاہ نے کہا کہ سابقہ حکومت کے دور میں دراندازی کے باعث آسام کی آبادیاتی صورتحال خطرناک سطح تک پہنچ گئی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دھوبری، برپیٹا، موری گاؤں، درنگ، بونگائی گاؤں اور ناگاؤں جیسے اضلاع دراندازوں کے زیراثر ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمنتا بسوا سرما نے تقریباً 1.45 لاکھ بیگھا زمین دراندازوں سے خالی کرائی ہے اور اگلے پانچ برس میں اگر ان کی حکومت دوبارہ قائم ہوئی تو ہر درانداز کی نشاندہی کر کے اسے ملک سے باہر کیا جائے گا۔
ایس آئی آر اور آئی ایم ڈی ٹی ایکٹ کا ذکر
امت شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ایس آئی آر عمل دراندازوں کی شناخت میں مدد دے گا، تاہم اپوزیشن اس کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ انہوں نے 1983 کے آئی ایم ڈی ٹی ایکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ اسے دراندازوں کو سہولت دینے کے مقصد سے لایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے طویل دورِ اقتدار میں لچیت بورفوکن کو وہ مقام نہیں ملا جو آج حاصل ہے، اور آج گجرات سے کاماکھیا اور کشمیر سے کنیا کماری تک ہر بچہ ان کے نام سے واقف ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت نے آسام کی ثقافت کو فروغ دیا، پدم ایوارڈز کے ذریعے آسام کے لوگوں کو اعزاز دیا اور بھوپن ہزاریکا کو بھارت رتن سے نوازا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسام میں 27 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے سیمی کنڈکٹر پلانٹ قائم ہو رہا ہے، تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں اصلاحات کی جا رہی ہیں، لاکھوں خواتین کو سیلف ہیلپ گروپس سے جوڑا گیا ہے اور ڈھائی لاکھ بے زمین مقامی افراد کو زمین کے حقوق دیے گئے ہیں۔ امت شاہ نے کہا کہ ملک نکسل ازم سے آزاد ہو رہا ہے اور اسی طرح آسام اور پورا ملک دراندازوں سے بھی آزاد ہوگا۔ انہوں نے اپیل کی کہ شورش، غربت، بے روزگاری اور سیلاب سے پاک اور ترقی یافتہ آسام کی تعمیر کے لیے ان کی جماعت کی حکومت دوبارہ قائم کی جائے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ پائیدار ترقی (Sustainability) ہندوستان کی روایت…
اننت سنگھ نے نیرج کمار کے خلاف کھل کر محاذ کھولا، آزاد امیدوار انوج سنگھ…
لیفٹیننٹ گورنر ڈاکٹر دنیش شرما نے کہا کہ انڈمان نکوبار میں نئے سیاحتی مراکز تیار…
بھارت ایکسپریس کے اردو صحافت کانکلیو میں مرکزی وزیر کرن رجیجو نے اردو کو محبت…
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ آئچی-ناگویا میں…
سپریم کورٹ میں راہل گاندھی کی عرضی پر 21 ستمبر کو سماعت، عدالت نے پہلے…