نئی دہلی: ہندوستان کی دستکاری روایت اتنی وسیع اور رنگارنگ ہے کہ دنیا بھر میں اپنی پہچان رکھتی ہے۔ مدھیہ پردیش کی نازک چندیری ساڑیاں، مغربی بنگال کی کانتھا کڑھائی، اڈیشہ کی نایاب تارکشی (چاندی کے دھاگے) کا کام اور جے پور کی معروف نیلی مٹی کے برتن، یہ تمام فنون ہندوستانی کاریگروں کی مہارت، ہنر اور صدیوں پرانی تہذیب کا زندہ ثبوت ہیں۔ ہر سال 8 سے 14 دسمبر تک منایا جانے والا آل انڈیا ہینڈی کرافٹ ویک انہی روایتوں، فنکاروں اور ان کی محنت کا جشن ہوتا ہے۔ یہ صرف ایک تہوار نہیں بلکہ ایک ایسا قومی پلیٹ فارم ہے جہاں فنکار اپنی صلاحیت، روایت اور منفرد تخلیقی پہچان کے ساتھ سامنے آتے ہیں۔
نوجوان فنکاروں کیلئے بھی موقع
یہ ہفتہ اُن نوجوان تخلیق کاروں کیلئے بھی امید کا دروازہ کھولتا ہے جو ہنر تو رکھتے ہیں مگر مناسب پلیٹ فارم سے محروم ہیں۔ نمائشوں میں آنے والے لوگ نہ صرف فن کو دیکھتے ہیں بلکہ خریداری اور مکالمے کے ذریعے فنکاروں کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔
قومی اعزازات—روایت اور احترام کی علامت
حکومت ہند کی جانب سے دستکاری کو فروغ دینے کیلئے کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں 9 دسمبر کو دہلی کے وگیان بھون میں سال 2023 اور 2024 کے قومی ہینڈی کرافٹ ایوارڈ پیش کیے جائیں گے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اس تقریب میں کُل نمایاں کاریگروں کو اعزاز سے نوازیں گی۔ اس موقع پر مرکزی وزیر گری راج سنگھ اور وزیر مملکت پبیترا مارگریٹا بھی شرکت کریں گے۔ قومی دستکاری اعزازات کا سلسلہ 1965 سے جاری ہے جبکہ ’’شلپ گرو ایوارڈ‘‘ جو سال 2002 میں شروع ہوا، ہندوستانی دستکاری کا سب سے بڑا اعزاز مانا جاتا ہے، خصوصاً اُن فنکاروں کیلئے جو نہ صرف فن میں مہارت رکھتے ہیں بلکہ اسے نئی نسل تک منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ملک بھر میں سرگرمیاں
ہفتہ بھر مختلف ریاستوں میں درج ذیل سرگرمیاں منعقد ہوں گی: ہینڈی کرافٹس نمائشیں، ورکشاپ اور تربیتی نشستیں، پینل مباحثے، ثقافتی پروگرام، نئی مارکیٹنگ اور برانڈنگ تربیت اور بین الاقوامی خریداروں سے ملاقاتیں۔ یہ سرگرمیاں کاریگروں کو نہ صرف بہتر بازار فراہم کرتی ہیں بلکہ انہیں نئی ٹیکنالوجی اور جدت سے جوڑتی ہیں۔
معیشت اور شناخت میں اہم کردار
ہندستان کا دستکاری شعبہ نہ صرف ثقافتی ورثہ ہے بلکہ معیشت کا ایک مضبوط ستون بھی ہے۔ یہ شعبہ لاکھوں لوگوں کی روزگار کا ذریعہ ہے۔ دیہی اور نیم شہری آبادی کیلئے آمدنی کا بنیادی راستہ ہے اور بین الاقوامی تجارت میں بھاری حصہ رکھتا ہے۔ وزارت ٹیکسٹائل ہنرمند کاریگروں کو بہتر مارکیٹ، اقتصادی مدد اور عالمی خریداروں تک رسائی جیسے اقدامات کے ذریعے اس شعبے کو مضبوط بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ ہینڈی کرافٹس ویک ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ اصل ہندوستان صرف میٹرو شہروں میں نہیں، بلکہ اُن ہاتھوں میں ہے جو مٹی، دھاگے، رنگ اور دھات سے تاریخ، روایت اور حسن تخلیق کرتے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بہار کے ضلع ویشالی میں راگھوپور کے قریب کشتی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔…
کیشوپور، جنک پوری، روہنی، سونیا وہار اور منگول پوری سمیت کئی علاقوں میں خفیہ کیمرے…
دہلی پولیس نے جنتر منتر کے علاقے میں بغیر اجازت داخل ہونے کے الزام میں…
تجارت، توانائی، ٹیکنالوجی، سلامتی اور عوامی روابط سمیت اہم شعبوں میں ٹھوس نتائج حاصل کرنے…
وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مبینہ ’چوکیدار چور ہے‘ تبصرے سے متعلق فوجداری ہتک…
رشی سونک نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی، آج نئی…