نئی دہلی: دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے ’انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ‘ کے دوران احتجاج کرنے کے الزام میں یوتھ کانگریس کے چار کارکنان کو پانچ دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔ گرفتاری کے ایک دن بعد دہلی پولیس نے ہفتہ کے روز تمام ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔ گرفتار کیے گئے یوتھ کانگریس کارکنان میں کرشنا ہری، کندن یادو، اجے کمار اور نرسمہا یادو شامل ہیں۔ جمعہ کے روز انہیں دہلی کے بھارت منڈپم سے احتجاج کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا۔
پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں سماعت کے دوران دہلی پولیس کے وکیل نے کہا کہ احتجاج کے دوران ملک مخالف نعرے لگائے گئے۔ پولیس کے مطابق مظاہرین نے ایسے نعرے لگائے جو ملک کو تقسیم کرنے والے تھے اور یہ احتجاج اس مقام پر کیا گیا جہاں مختلف ممالک کے نمائندے بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مظاہرین نے دھکا مکی کی جس کے نتیجے میں چند پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
دہلی پولیس نے عدالت سے پانچ دن کی ریمانڈ کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی مکمل تفتیش ضروری ہے، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس احتجاج کی سازش کس نے تیار کی اور اس میں مزید کون لوگ شامل تھے۔ پولیس کے مطابق یہ بھی جانچ کی جائے گی کہ احتجاج کے دوران استعمال ہونے والی ٹی شرٹس کہاں تیار کی گئیں۔
ملزمان کے وکیل نے کی ریمانڈ کی مخالفت
دوسری جانب ملزمان کے وکیل نے پولیس ریمانڈ کی سخت مخالفت کی۔ انہوں نے عدالت میں کہا کہ یہ گرفتاریاں جمہوری اقدار کے خلاف ہیں۔ اگر احتجاج کی بنیاد پر گرفتاریاں کی جائیں تو پارلیمنٹ میں احتجاج کرنے والے ارکانِ پارلیمنٹ کو بھی گرفتار کرنا پڑے گا۔
اپوزیشن پارٹی سے وابستہ ہیں تمام ملزمان
یوتھ کانگریس کارکنان کے وکیل نے مزید کہا کہ تمام ملزمان ایک اپوزیشن سیاسی جماعت سے وابستہ ہیں اور انہوں نے بھارت منڈپم میں پُرامن احتجاج کیا۔ ان کے خلاف ایسا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے جس سے ثابت ہو کہ انہوں نے کسی کو نقصان پہنچایا ہو۔ احتجاج کرنا آئینی حق ہے، اس لیے پولیس ریمانڈ کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔
چاروں ملزمان کو پانچ دن کی پولیس تحویل
تمام دلائل سننے کے بعد پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے دہلی پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو پانچ دن کی پولیس تحویل میں بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔
بھارت ایکسپریس۔
الیکٹرک ٹرکوں کے استعمال سے سڑک پر سفر کے دوران ان کے ایگزاسٹ پائپ سے…
راہل گاندھی نے پولیس اہلکاروں کے مبینہ تشدد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں…
آئی آئی ٹیین بابا ابھے سنگھ گریوال ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں، لیکن اس…
سرجری کے دوران جانچے گئے بافتوں سے پہلے کیے گئے ٹیسٹوں کی بنیاد پر لگائے…
دہلی کے لاجپت نگر کے ایک دکاندار نے کہا کہ یو پی آئی لین دین…
طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد جے پور ہوائی اڈے پر افرا تفری کا ماحول…