مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں بدھ کی رات ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جس نے پورے علاقے کو غم میں مبتلا کر دیا۔ بیرسیا تھانہ حلقے میں ودیا وہار اسکول کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور ایک لوڈنگ گاڑی کے درمیان آمنے سامنے شدید ٹکر ہو گئی۔ حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ موقع پر ہی پانچ افراد کی موت ہو گئی، جب کہ 12دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے فوراً بعد علاقے میں چیخ و پکار اور افراتفری کا عالم رہا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد ودیشا ضلع کے سیرونج علاقے کے رہنے والے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ لوگ مکر سنکرانتی کے موقع پر لوڈنگ گاڑی کے ذریعے ہوشنگ آباد میں اسنان کے لیے جا رہے تھے۔ جیسے ہی گاڑی ودیا وہار اسکول کے پاس پہنچی، سامنے سے آ رہی ٹریکٹر ٹرالی سے اس کی زوردار ٹکر ہو گئی۔ ٹکر کے نتیجے میں لوڈنگ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار کئی افراد بری طرح پھنس گئے، جنہیں مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے نکالا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کے افسران فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال بھیجا گیا، جب کہ جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کی گئیں۔ اس دوران بیرسیا کے ایس ڈی ایم آشو توش شرما، اے ایس پی نیرج چورسیا، تھانہ انچارج ویریندر سین اور مقامی ایم ایل اے وشنو کھتری بھی اسپتال پہنچے۔ انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ تمام مریضوں کو بروقت اور بہتر علاج فراہم کیا جائے۔
ایس ڈی ایم آشو توش شرما نے ابتدائی جانچ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حادثے کی بنیادی وجہ تیز رفتار معلوم ہو رہی ہے، تاہم اصل وجوہات کی تصدیق تفصیلی تفتیش کے بعد ہی ہو سکے گی۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔
ادھر اسی دن مدھیہ پردیش کے سیدھی ضلع میں بھی ایک اور سڑک حادثہ پیش آیا۔ جمودی تھانہ علاقے میں سیدھی-ریوا شاہراہ پر نکتا نالہ کے قریب ایک ٹریولس بس اور موٹر سائیکل کے درمیان ٹکر ہو گئی۔ اس حادثے میں موٹر سائیکل سوار دو نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک شدید زخمی نوجوان نے اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ اس طرح ایک ہی دن میں مختلف حادثات کے دوران آٹھ افراد کی قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں، جس سے علاقے میں غم اور تشویش کی فضا قائم ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو نے کمیلا سماگولووا کو یکطرفہ…
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 48000 کروڑ روپے کی لاگت والا یہ منصوبہ آسام میں…
اڈانی احمد آباد مریاتھن کے 10ویں ایڈیشن کی آفشل جرسی جاری کر دی گئی۔ احمد…
پتنجلی یوگ پیٹھ پہنچنے پر سوامی رام دیو جی نے انتہائی احترام اور سادگی کے…
جیت اڈانی نے کہا، ’’اگرچہ وہ آسام کے وزیر اعلیٰ ہیں، لیکن کئی بار ان…
احتجاج کے دوران سماج وادی پارٹی کے لیڈران پی ایم کے نام ایک میمورنڈم بھی…