نیویارک، 4 مارچ (آئی اے این ایس): امریکہ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی مبینہ سازش کے ماسٹر مائنڈ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے بدھ کے روز کہا کہ صدر ٹرمپ کے خلاف ناکام قتل کی سازشوں کے کلیدی کردار کو تلاش کرکے مار دیا گیا ہے۔ ادھر ایک پاکستانی شہری کے خلاف بھی ان سازشوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران ہیگسیتھ نے کہا، ’’کل اس یونٹ کے لیڈر کو، جس نے صدر ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی، ڈھونڈ کر ہلاک کر دیا گیا۔” تاہم انہوں نے اسلامی انقلابی گارڈز کارپس (آئی آر جی سی) کی اس یونٹ کے لیڈر کا نام ظاہر نہیں کیا۔ ہیگسیتھ نے مزید کہا، ’’صدر ٹرمپ نے آخرکار بدلہ لے لیا۔”
پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کا مقدمہ نیویارک کے بروکلین میں واقع وفاقی عدالت میں پہلے سے طے شدہ تھا، جو ایران کے ساتھ جنگ شروع ہونے سے کافی پہلے مقرر کیا گیا تھا۔ مقدمے کی سماعت کرنے والے جج ایرک کومِٹی نے وقت کے اس اتفاق پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’یہ مقدمہ ایک دلچسپ وقت میں ہو رہا ہے۔”
آصف مرچنٹ پر دہشت گردی سے متعلق الزامات
آصف مرچنٹ پر دہشت گردی سے متعلق الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس پر 2024 کے صدارتی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ پر حملے کے لیے مبینہ طور پر شوٹرز کو کرائے پر لینے کی سازش میں ایران کے ساتھ کام کرنے کا الزام ہے۔
استغاثہ کی وکیل نینا گپتا نے پیر کے روز عدالت کو بتایا کہ مرچنٹ نے آپریشن کے لیے کپڑوں کے کاروبار کو بطور پردہ استعمال کیا اور وہ ان افراد کو نشانہ بنانا چاہتا تھا جنہیں وہ پاکستان اور مسلم دنیا کے خلاف سمجھتا تھا۔ آصف کو جولائی 2024 میں امریکہ چھوڑنے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
اس مبینہ سازش سے غیر متعلق ایک اور واقعے میں، مرچنٹ کی گرفتاری کے ایک دن بعد، پنسلوانیا میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ایک امریکی شخص نے ٹرمپ پر فائرنگ کی کوشش کی، لیکن گولی چند انچ کے فرق سے خطا کر گئی اور صرف ان کے کان کو معمولی زخم آیا۔
انتخابی مہم کے دوران بائیڈن انتظامیہ نے ٹرمپ کو درپیش ممکنہ خطرات کے بارے میں خبردار کیا تھا۔ استغاثہ کے مطابق، مرچنٹ نے اپنے رابطے میں موجود ایک پاکستانی شخص سے شوٹرز کو کرائے پر لینے کی بات کی تھی، جو بعد میں فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کا مخبر نکلا۔
اس شخص نے مرچنٹ کو ایسے خفیہ ایجنٹس سے ملوایا جو خود کو کرائے کے شوٹر ظاہر کر رہے تھے۔ آصف نے انہیں اپنی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا اور پیشگی رقم کے طور پر پانچ ہزار ڈالر بھی ادا کیے۔ ایف بی آئی ایجنٹ جیکلین اسمتھ نے عدالت کو بتایا کہ آصف نے اعتراف کیا تھا کہ اسے آئی آر جی سی سے تربیت ملی تھی۔ حکام کے مطابق، وہ پاکستان کے راستے بھیجے گئے تحفے کے پیکٹوں میں معلومات چھپا کر رابطہ کیا کرتا تھا۔
سال 2024 میں ٹرمپ کے خلاف ایک اور مبینہ سازش بھی سامنے آئی تھی۔ اسی سال دائر ایک علیحدہ مقدمے میں استغاثہ نے افغان شہری فرہاد شاکری پر قتل کے لیے سپاری دینے کا الزام عائد کیا تھا۔ چونکہ وہ امریکہ سے باہر تھا، اس لیے اس پر عدم موجودگی میں فردِ جرم عائد کی گئی۔
آئی آر جی سی نے ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت کے دوران 2020 میں امریکی ڈرون حملے میں اپنے اعلیٰ کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا عہد کیا تھا۔
بھارت ایکسپریس۔
ریاستی دارالحکومت لکھنؤ میں آندھی اور بارش نے کئی برسوں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔…
کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا- ہم اپنی پارٹی کے وفادار ہیں، اتحاد پر فیصلہ پارٹی…
چیف الیکشن کمشنر (CEC) گیانیش کمار سے متعلق جاری تنازع کے درمیان الیکشن کمیشن نے…
سری گرو گرنتھ صاحب بھون میں منعقدہ سیمینار میں دانشوروں، قانون دانوں، مذہبی و سماجی…
غیر ملکی زرِمبادلہ سے 2.76 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ آمدنی، سیاحت کے شعبے نے…
SIR اور الیکشن کمیشن کے معاملے پر اپوزیشن جماعتیں ایک بار پھر ایک پلیٹ فارم…