مصنف ۔ مائیکل گیلنٹ
ثنا جاویری قادری کے لیے پرگتی ہلدی، بندو سیاہ سرسوں اور نندنی دھنیا، یہ سب اور دیگر مخصوص جنوبی ایشیائی مصالحے ذائقہ دار کھانوں کے لیے مزیدار پاؤڈر سے کہیں زیادہ اہمیت کے حامل ہیں ۔لہٰذا ،وہ مصالحوں کی دنیا کو دلچسپ بین الاقوامی کاروبار کے لیے ایک موقع کے طور پربھی دیکھتی ہیں۔
قادری ڈائسپورا کمپنی کی بانی اور سی ای او ہیں جس کا صدر دفتر کیلیفورنیا میں واقع ہے اور جو امریکہ اور اس سے باہر کے صارفین کے ساتھ مزیدار مصالحوں کا اشتراک کرنے کے لیے کسانوں کے ساتھ براہ راست کام کرتی ہے۔
نامیاتی مصالحے اور بین الاقوامی ستائش
قادری کی کمپنی ایسے مصالحے فروخت کرنے میں مہارت رکھتی ہے جو نقصان دہ کیمیاوی اجزا کی آمیزش کے بغیر اگائے جاتے ہیں۔ کمپنی بازار میں بھیجے جانے سے پہلے آلودگی کے لیے ہر مصالحے کی احتیاط سے جانچ بھی کرتی ہےاور اس پر نازاں بھی ہے۔
کمپنی کے مسالوں کی جائے پیدائش ایک ہی ہے ۔ اس کا مطلب ہے کہ اس کمپنی کے ذریعہ بازار میں فروخت کے لیے بھیجے جانے والے مسالے، خواہ وہ دھنیا ہو یا مرچ یا سرسوں سب ایک ہی کھیت میں اگائے گئے ہوتے ہیں۔ اس طور پر مسالوں کو حاصل کرنے سے قادری اور ان کی ٹیم کو اس بات کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے کہ ہر مصالحے کا معیار اعلیٰ ہو اور کسانوں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ بھی دیا جائے۔ بھارت کے اپنے سالانہ دوروں کے دوران قادری کسانوں کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے لیے کمپنی کے ساتھ کام کرنے والے کسانوں کے ہر کھیت کا ذاتی طور پرمعائنہ کرتی ہیں۔ وہ ان کسانوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے ساتھ حشرات کُش ادویات کے بغیر مصالحے اگانے کے طریقے تلاش کرنے میں ان کی مدد بھی کرتی ہیں۔
۲۰۲۱ء کے ووگ میگزین کے ایک مضمون میں منی پور میں کمپنی کے لیے سیوتھائی مرچ اگانے والی زینورین انگ کانگ کہتی ہیں’’ثنا بہت زیادہ منافع فراہم کرتی ہیں اور وہ ہم سب کو ایک ہی وقت میں پیسے بھی دے دیتی ہیں۔ وہ مرچوں کے درمیان یام، سویا اور چاول لگانے جیسے دیسی کاشتکاری کے طریقوں کو بھی اپناتی ہیں۔‘‘
قادری کی کمپنی اپنے لیے پورے بھارت سے مصالحے حاصل کرتی ہے۔ کشمیری مرچ اور زعفران جہاں شمال سے آتے ہیں تو بھارت کے مشرقی علاقوں سے سیوتھائی مرچ، ناگا پہاڑوں میں اگایا جانے والاگلِ خطمی اوراسی طرح کے دیگر مصالحے آتے ہیں۔ بندو سیاہ سرسوں ملک کے وسطی علاقے سے تو برکا الائچی جنوب سے اور نندنی دھنیا مغرب سے منگائے جاتے ہیں۔
کمپنی کی کوششیں بین الاقوامی توجہ اور وسیع پیمانے پر ستائش کا باعث بنی ہیں۔ فوڈ اینڈ وائن نے اس کمپنی کے بارے میں لکھاہے’’پرچون کی دکان سے ملنے والی ہلدی کے مقابلے میں اس میں دن اور رات کا فرق ہے۔ آپ کو اس نامیاتی طور پر کاشت کی جانے والی اور ایک ہی جگہ اگائی جانے والی ہلدی کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے۔‘‘ ووگ میگزین میں تمر ایڈ لر نے لکھا ’’ کمپنی کی پرگتی ہلدی اتنی خوشبودار ہے کہ یہ آپ کو مخمور کردیتی ہے۔ آرنیا سیاہ مرچ سے پکے ہوئے پھل کی خوشبو آتی ہے جس کا ذائقہ دھوئیں، چاکلیٹ اور چپٹے چینی سنترے کی طرح ہوتا ہے۔‘‘ دی انفیچوئشن فوڈ ویب سائٹ کی تجزیہ کار ڈائنا سوئی نے لکھا ’’اِن مصالحوں اور اُن مصالحوں کے درمیان جنہیں میں سپر مارکیٹ کی الماریوں سے خریدا کرتی تھی بہت زیادہ فرق ہے۔ ان کے ذائقے یقینی طور پر بہتر ہوتے ہیں اور ان پودوں کی طرح ہوتے ہیں جن سے انہیں حاصل کیا جاتا ہے۔‘‘
قادری نے اسپَین کو بتایا کہ تنقیدی شناخت ہمیشہ سنسنی خیز ہوتی ہے اور یہ کہ کمپنی اس طرح کی مثبت تشہیر کے بغیر اتنی بلندی پر نہیں پہنچ سکتی۔ لیکن کمپنی کی کامیابیوں کو وسیع پیمانے پر تسلیم کرنا بھی زبردست اہمیت کا حامل ہے۔ وہ کہتی ہیں ’’اب ہم خود کو ثقافت کے مترجم، جنوبی ایشیا کے بہترین تجدیدی کسانوں کے اساتذہ اور ترجمان کے طور پر دیکھتے ہیں اور یہ سب ہمارے مشن کی تکمیل میں کوشاں ہیں۔‘‘وہ مزید کہتی ہیں’’زیادہ نظر آنے کا مطلب ہے زیادہ مصالحے اور زیادہ مصالحوں کا مطلب ہے ہمارے کسانوں کے لیے بہتر، زیادہ موثر خدمت۔ اور یہ ہمارا نارتھ اسٹار(ایک ایسا درخشاں تارہ جو آسمان کے شمالی خطے میں قطب ِ شمالی کے ٹھیک اوپر نظر آتا ہے) ہے۔‘‘
کمپنی کا قیام
ثنا قادری کی پیدائش اور پرورش ممبئی میں ہوئی ۔ ۲۰۱۲ء میں وہ کیلیفورنیا کے پومونا کالج میں داخلہ لینے کے لیے امریکہ چلی گئیں جہاں انہوں نے کھانوں اور بصری آرٹ کی تعلیم حاصل کی۔ چار سال بعد سان فرانسسکو میں واقع ایک پنساری کی دکان کے لیے فوڈ مارکیٹ میں کام کرتے ہوئے قادری نے امریکی فوڈ کلچر میں ہلدی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا علم ہوا، خاص طور پر مقبول کافی مشروبات میں ایک جزو کے طور پر۔ انہوں نے یہ بھی محسوس کیا کہ امریکہ میں انہوں نے جس ہلدی کا ذائقہ چکھا تھا اس میں ممبئی میں چکھی جانی والی ہلدی سے کہیں کم خوشبواورذائقہ تھا۔ مزید معلومات حاصل کرنے کے تجسس میں قادری نے بھارت واپس آنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کئی مہینوں تک بھارت میں کھیتوں کا دورہ کیا اور کیرالہ میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسپائس ریسرچ کے اہلکارو ں سے بات کی، جسے وہ زندگی بدل دینے والی ملاقات قرار دیتی ہیں۔ انہوں نے ۲۰۱۷ء میں صرف ایک پروڈکٹ پرگتی ہلدی کے ساتھ ڈائسپورا کمپنی کی بنیاد رکھی جسے انہوں نے پربھو کاسارنینی نامی ایک نوجوان کسان شراکت دار سے منگوایا تھا۔
قادری لکھتی ہیں’’سب سے بڑا اور دلیرانہ خواب مصالحے کی ایک بالکل نئی، بہتر اور حقیقی معنوں میں مساوی تجارت کو فروغ دینا تھا۔‘‘
ان کی کمپنی کی ترقی اور بین الاقوامی کامیابی اپنی کہانی خود بیان کرتی ہے۔ آج بھارت، امریکہ، برطانیہ اور سعودی عرب میں ایک درجن سے زیادہ ملازمین کمپنی کے لیے کام کرتے ہیں۔ وہ ۱۵۰ سے زیادہ کھیتوں سے درجنوں مصالحے فروخت کرتے ہیں۔
کمپنی کا پائیدار اور نامیاتی زراعت پر زور اور کسانوں کے ساتھ براہ راست رابطے، کیمیائی آلودگی اور گرین ہاؤس اخراج کوکم کرتے ہیں جس کا تعلق عام طورسے مصالحے کی صنعت سے ہے۔ امریکہ جومصالحوں کا دنیا کا سب سے بڑا صارف اوردر آمد کنندہ ہے، میں کمپنی کی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مقبولیت، کھانا تیار کرنےکے بھارتی طریقوں اور بھارت کی ثقافت کے بارے میں معلومات اور سمجھ کو پھیلانے میں مدد کرتی ہے۔
قادری کے خیال میں ان کی کمپنی کی وسیع پیمانے پر کامیابی کا آغاز ماضی شکستہ کی معلومات اور بہتر مستقبل کے خوابوں سے ہوا۔ وہ کمپنی کی ویب سائٹ پر لکھتی ہیں ’’اس طبقے میں ہونے کا مطلب ان علاقوں کی ثقافت اور ورثے سے گہرا تعلق قائم کرنا ہے جہاں سے ہم مسالے حاصل کرتے ہیں اور جیسے جیسے ہم آگے بڑھتے ہیں ، سیکھتے جاتے ہیں۔‘‘ وہ مزید لکھتی ہیں ’میڈ ان ساؤتھ ایشیا‘ کا وسیع تر اور گہرا مطلب یہ ہے کہ ہم کس طرح کھانوں کے ذریعے آزادی، جدوجہد اور تارکین وطن کی اپنی کہانیاں بیان کرتے ہیں۔
بشکریہ سہ ماہی اسپَین میگزین، شعبہ عوامی سفارت کاری، پریس آفس، امریکی سفارت خانہ، نئی دہلی
این سی پی لیڈرچھگن بھجبل کی وزیراعلیٰ دیویندرفڑنویس سے ملاقات سے متعلق قیاس آرائیاں تیزہوگئی…
سردی کی لہر کی وجہ سے دہلی پر دھند کی ایک تہہ چھائی ہوئی ہے۔…
ڈلیوال کا معائنہ کرنے والے ایک ڈاکٹر نے صحافیوں کو بتایاکہ ان کے ہاتھ پاؤں…
سنبھل میں یو پی پی سی ایل کے سب ڈویژنل افسر سنتوش ترپاٹھی نے کہاکہ…
حادثے کے فوری بعد پولیس نے ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیاہے۔ پولیس کے مطابق…
یہ انکاؤنٹر پیلی بھیت کے پورن پور تھانہ علاقے میں ہواہے۔پولیس کو اطلاع ملنے کے…