سعودی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ حج سیکیورٹی فورسز نے مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں پر 10 غیر ملکیوں اور 16 سعودی شہریوں کو گرفتار کیا ہے جنھوں نے 83 ایسے افراد کو حج پر لے جانے کی کوشش کی جن کے پاس حج کا اجازت نامہ نہیں تھا۔
وزارت نے بتایا کہ سیزنل انتظامی کمیٹیوں کے ذریعے ان خلاف ورزی کرنے والوں، ان کے مدد گاروں اور بغیر اجازت حج کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف انتظامی فیصلے جاری کیے گئے ہیں جن میں قید کی سزائیں، ایک لاکھ ریال تک جرمانے، خلاف ورزی کرنے والوں کی تشہیر، اور غیر ملکیوں کی سزا مکمل ہونے کے بعد ملک بدر کر کے دس سال کے لیے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی شامل ہے۔ علاوہ ازیں، حج کے نقل و حمل میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو عدالتی کارروائی کے ذریعے ضبط کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ مزید یہ کہ بغیر اجازت حج کرنے کی کوشش کرنے والے پر بیس ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ وزارتِ داخلہ نے تمام شہریوں اور مقیم افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ حج کے ضوابط و ہدایات کی سختی سے پابندی کریں تاکہ حجاج کرام اپنے مناسک امن و اطمینان کے ساتھ ادا کر سکیں۔
وزارتِ داخلہ وزٹ ویزوں پر مقیم غیرملکیوں کو پہلے ہی متنبہ کیا گیا تھا
واضح رہے کہ وزارتِ داخلہ نے وزٹ ویزوں پر آنے والوں کو یاد دہانی کرائی تھی کہ وہ حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ نہ جائیں ایسا کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارتِ داخلہ کی جانب سے مملکت میں وزٹ ویزوں پر مقیم غیرملکیوں کو مسلسل انتباہ دیا گیا تھا کہ کہ وہ کسی بھی صورت قانون شکنی کے مرتکب نہ ہوں۔ قانون کے مطابق وہ افراد جو کسی بھی قسم کے وزٹ ویزے پر مملکت میں موجود ہیں وہ قطعی طورپر حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ جانے کی کوشش نہ کریں ایسا کرنے پر 20 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
مکہ مکرمہ میں وہی افراد ہی داخل ہوسکتے ہیں جن کے پاس پرمٹ ہو
وزارت کا جانب سے سختی سے ہدایت کی گئی تھی کہ حج ویزے کی خلاف ورزی کرانے والوں سے بھی سختی سے نمٹا جائے گا۔ وہ غیرملکی جو غیرقانونی طورپر مملکت میں مقیم ہیں اور مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پائے گئے انہیں گرفتار کرکے نہ صرف ملک بدر کیا جائے گا بلکہ ان پر 10 برس کے لیے مملکت آنے کی پابندی عائد کردی جائے گی۔ حج کے دوران مکہ مکرمہ میں وہی افراد ہی داخل ہوسکتے ہیں جن کے پاس’مکہ پرمٹ‘ ہو جو’تصریح‘ پورٹل کے ذریعے جاری کیا گیا ہو۔
حج 2024اعداد و شمار کی روشنی میں
2024 کے حج میں کل 18 لاکھ 33 ہزار 164 حجاج شریک ہوئے۔ ان میں 2 لاکھ 21 ہزار 854 یعنی 12 اعشاریہ ایک فیصد حجاج مقامی جبکہ 16 لاکھ 11 ہزار 310 یعنی 87 اعشاریہ نو فیصد غیر ملکی حجاج شامل تھے۔ مقامی حجاج میں 53 اعشاریہ 5 فیصد مرد اور 46 اعشاریہ 5 فیصد خواتین تھیں۔ غیر ملکی حجاج میں 52 اعشاریہ ایک فیصد مرد اور47 اعشاریہ 9 فیصد خواتین تھیں۔ 2024ء میں غیر ملکی حجاج میں 96 فیصد حجاج ہوائی راستے، 3 اعشاریہ 7 فیصد حجاج زمینی راستے سے اور صفر اعشاریہ 3 فیصد حجاج سمندری راستے سے مکہ پہنچے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر (IICC) میں منعقدہ ’ہندی میری جان‘ پروگرام میں بھارت ایکسپریس کے…
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر گینڈوں کے تحفظ سے متعلق…
بھارتی خواتین ٹیم کی اس تاریخی اور ریکارڈ ساز جیت پر مرکزی وزیر داخلہ امت…
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ٹیم کو مبارکباد دیتے…
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سچیکا تاریال کو مبارکباد…
ایران کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ فوجی دباؤ کم کرنے اور ایرانی بندرگاہوں کی…