نئی دہلی: جنوبی اسپین میں اتوار کے روز ایک درد ناک ریل حادثہ پیش آیا، جہاں دو تیز رفتار ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس درد ناک حادثے میں کم از کم 21 افراد کی موت ہو گئی ،جب کہ درجنوں مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثہ صوبہ قرطبہ کے علاقے آدموز کے قریب پیش آیا، جس کے بعد میڈرڈ اور انڈالوسیا کے درمیان ریل خدمات فوری طور پر معطل کر دی گئیں۔اسپین کے ریلوے نیٹ ورک کے آپریٹر اے ڈی آئی ایف کے مطابق، مالاگا سے میڈرڈ جانے والی شام کی ہائی اسپیڈ ٹرین قرطبہ کے نزدیک تیز رفتاری کے دوران پٹری سے اتر گئی۔ بے قابو ہونے کے بعد یہ ٹرین مخالف سمت کی پٹری پر جا گری، جہاں سامنے سے آ رہی میڈرڈ سے جنوبی شہر ہوئےلوا جانے والی ایک اور ہائی اسپیڈ ٹرین سے اس کی شدید ٹکر ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ٹرینوں میں مجموعی طور پر تقریباً 500 مسافر سوار تھے۔
انڈالوسیا کے علاقائی وزیر صحت انتونیو سانز نے بتایا کہ حکام کو خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 21 سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور 73 زخمی مسافروں کو چھ مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حادثے کے دوران کم از کم ایک کوچ چار میٹر گہری ڈھلان سے نیچے جا گرا، جس سے نقصان اور جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
قرطبہ کے فائر بریگیڈ کے سربراہ فرانسسکو کارمونا نے قومی ریڈیو آر این ای کو بتایا کہ ایک ٹرین بری طرح تباہ ہو چکی ہے اور اس کے کم از کم چار ڈبے پٹری سے اتر گئے ہیں۔ وزیر صحت انتونیو سانز نے جائے حادثہ کی صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ امدادی ٹیموں کے لیے یہ ایک نہایت مشکل رات ہے۔ علاقائی شہری تحفظ کی سربراہ ماریا بیلن مویا روزاس نے بتایا کہ حادثہ ایک دشوار گزار علاقے میں پیش آیا، جس کی وجہ سے ریسکیو کام میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
مقامی افراد بھی متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئے ہیں اور جائے حادثہ پر کمبل اور پانی پہنچا رہے ہیں۔ اسپین میں ہائی اسپیڈ ٹرینیں سفر کا ایک مقبول ذریعہ ہیں اور پورے ملک میں ان کا وسیع نیٹ ورک موجود ہے۔ حادثے کے بعد اسپین کی فوجی ایمرجنسی امدادی یونٹیں، دیگر ریسکیو اداروں اور ریڈ کراس کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر قرطبہ سے آنے والی خوفناک خبروں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اے ڈی آئی ایف نے اعلان کیا ہے کہ میڈرڈ اور انڈالوسیا کے شہروں کے درمیان آج ریل سروس مکمل طور پر بند رہے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
جسٹس پرتبھا ایم سنگھ اور جسٹس دنیش بھٹ کی بنچ نے کہا کہ سپریم کورٹ…
الیکشن کمیشن کے اندرونی اختلافات کی خبروں کے درمیان سابق جوائنٹ ڈائریکٹر محمد امین نے…
راہل راج سنگھ کا شروع سے دعویٰ رہا ہے کہ وہ اور پرتیوشا دسمبر 2016…
گرین انرجی کوریڈور فیز-III کو کابینہ کی منظوری، 135 گیگاواٹ قابلِ تجدید توانائی کی ترسیل…
بھارت نے سیریز کا پہلا میچ بھی 8 وکٹوں سے جیتا تھا۔ اب سیریز کا…
پروگرام کے آغاز میں اکادمی کے سکریٹری لیکھ راج نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے…