بین الاقوامی

Labor Swept Out in Victoria, Australia: لبرل لیڈر جیس ولسن پہلی منتخب خاتون وزیر اعلیٰ بننے جا رہی ہیں، آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں گزشتہ 12 سال سے اقتدار پر قابض لیبر پارٹی کو اسمبلی انتخابات میں ملی شکست

نئی دہلی : آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں گزشتہ 12 سال سے اقتدار پر قابض لیبر پارٹی کو اسمبلی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انتخابی نتائج میں بڑا سیاسی الٹ پھیر کرتے ہوئے لبرل-نیشنل اتحاد نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی 36 سالہ لبرل لیڈر جیس ولسن ریاست کی پہلی منتخب خاتون وزیر اعلیٰ بننے جا رہی ہیں۔ہفتے کے روز ہونے والی ووٹنگ کے بعد اتوار کو سامنے آنے والے ابتدائی انتخابی نتائج نے وکٹوریہ کی سیاسی تصویر بدل دی ہے۔ آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی) کے انتخابی اعداد و شمار کے مطابق، 88 رکنی ایوان زیریں میں اکثریت کے لیے ضروری 45 نشستوں کے مقابلے لبرل-نیشنل اتحاد 49 نشستیں جیت چکا تھا۔ وہیں لیبر پارٹی کو صرف 3 نشستوں پر کامیابی ملی تھی، جبکہ گرینز پارٹی نے 6 نشستیں حاصل کی تھیں۔ 30 نشستوں پر ووٹوں کی گنتی جاری تھی۔

لیبر پارٹی کی تاریخ کی بڑی انتخابی شکست

اس انتخاب میں لیبر پارٹی کی شکست کو اس کی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی ناکامیوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔ پارٹی گزشتہ 12 برس سے وکٹوریہ میں اقتدار میں تھی۔ ڈین اینڈریوز اور جیسنٹا ایلن کی قیادت میں پارٹی نے مسلسل 3 انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔تاہم، بڑھتے ہوئے سرکاری قرض، جرائم، بدعنوانی کے الزامات اور روزمرہ اخراجات میں اضافے نے حکومت کے خلاف ووٹروں کی ناراضگی بڑھا دی۔ یہی مسائل انتخابی نتائج میں لیبر پارٹی کی شکست کی اہم وجوہات بن کر سامنے آئے۔لیبر لیڈربین کیرول نے شکست تسلیم کرتے ہوئے جیس ولسن کو کامیابی پر مبارک باد دی اور انتخابی نتائج کی ذمہ داری خود لینے کی بات کہی۔ کیرول خود میلبورن کی نڈری نشست سے انتخاب ہار گئے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ووٹروں نے تبدیلی کے حق میں واضح فیصلہ دیا ہے۔

جیس ولسن نے جیت کو بتایا نئی شروعات

دوسری جانب جیس ولسن نے اپنی کامیابی کو وکٹوریہ کے لیے ایک نئی شروعات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام نے تبدیلی کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور ان کی حکومت کا مقصد لوگوں کے دلوں میں امید بحال کرنا ہوگا۔انتخابی مہم کے دوران جیس ولسن نے جرائم، خراب سڑکوں، سرکاری قرض اور ریاست کی معاشی صورت حال کو اہم انتخابی مسائل کے طور پر اٹھایا تھا۔

گرینز پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ

اس انتخاب کا ایک اہم پہلو گرینز پارٹی کا ابھرنا بھی ہے۔ ابتدائی نتائج میں پارٹی نے اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے۔ گرینز پارٹی کی لیڈرایلن سینڈل نے اشارہ دیا کہ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد ان کی پارٹی اہم اپوزیشن جماعت کا کردار بھی ادا کر سکتی ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ آسٹریلیا کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت ہوگی۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’ہم نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ وکٹوریہ میں گرین لہر آئی ہے۔ ہم نے گرینز کی تاریخ میں ریاستی سطح پر اب تک کے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں اور پہلے سے کہیں زیادہ گرینز امیدواروں کو ایوان میں بھیج رہے ہیں۔‘‘

ون نیشن پارٹی کو توقع کے مطابق کامیابی نہیں ملی

 امیگریشن مخالف ون نیشن پارٹی کو انتخابی مہم کے دوران بڑھتی ہوئی حمایت کے باوجود ابتدائی نتائج میں نشستوں کے معاملے میں متوقع کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ اس طرح وکٹوریہ کے انتخابی نتائج نے ریاست کی سیاست میں ایک نئی تبدیلی کی راہ ہموار کر دی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو

Abu Danish Rehman

Recent Posts

Adani Marathon: احمد آباد میں اڈانی میراتھن کے 10ویں ایڈیشن کا انعقاد، باکسر لولینا بولیں، خوشی ہے کہ اس کا حصہ بن سکی

اڈانی میراتھن میں پہلی بار حصہ لینے والے ایک شرکا نے بھی انتظامات کی خوب…

42 minutes ago

Horrific Road Accident in Jharkhand: جھارکھنڈ کے رام گڑھ میں بھیانک سڑک حادثہ، 4 بچوں سمیت 13 افراد کی موت

خاندان کے ایک رکن نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کو بتایا کہ…

2 hours ago

Earthquake: لاس اینجلس میں 5.0 شدت کا زلزلہ، 40 سے زائد آفٹر شاکس، لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شیشے ٹوٹے

زلزلے کے باعث لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ایل اے ایکس) کے ٹرمینل 7 میں کچھ…

2 hours ago

دہلی کے وشواس نگر میں آتشزدگی سے 4 افراد کی موت، واقعے کے وقت سو رہے تھے 6 افراد

ریسکیو آپریشن کے دوران فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے مکان سے 6 افراد کو باہر…

3 hours ago