بین الاقوامی

Southern Spain Wildfire: جنوبی اسپین میں خوفناک جنگلاتی آگ، کم از کم 11 افراد ہلاک، 19 لاپتہ، 600 سے زائد افراد بے گھر

میڈرڈ: اسپین کے جنوبی علاقے اندلسیا میں لگنے والی ہولناک جنگلاتی آگ کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک، 19 لاپتہ اور تقریباً 600 افراد بے گھر ہو گئے ہیں، جبکہ امدادی اور فائر فائٹنگ ٹیمیں آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوششوں میں مصروف ہیں۔ اندلسیا کی علاقائی حکومت نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ لاس گیارڈوس (Los Gallardos) کے علاقے میں بھڑکنے والی آگ سے اب تک 11 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل 12 ہلاکتوں کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم بعد میں اس کی تصحیح کر دی گئی۔ یہ آگ اسپین کے صوبہ المیریا کی لاس گیارڈوس، بیدار (Bedar) اور انتاس (Antas) میونسپلٹیوں تک پھیل چکی ہے۔

600 افراد بے گھر، درجنوں کا انخلا

علاقائی حکومت کے مطابق تقریباً 600 افراد اپنے گھروں سے بے دخل ہو چکے ہیں، جبکہ گزشتہ رات مزید 120 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ اس سے قبل الموکائثار، فوئنٹے دل الباریکو، لاس پینوس، لا سرینا اور بیدار کے پینار علاقے سے بھی لوگوں کا انخلا کیا جا چکا تھا۔ حکام کے مطابق 74 متاثرین کو لوبرین تھیٹر جبکہ مزید 74 افراد کو گاروچا تھیٹر میں عارضی پناہ فراہم کی گئی ہے۔ اندلسیا کے وزیر برائے صدارت، صحت اور ہنگامی امور انتونیو سانز کابیو نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہنگامی حالات میں حکام کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔ انہوں نے کہا: ’’ہنگامی صورتحال میں حکام کی ہدایات محض مشورے نہیں ہوتیں بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے جاری کی جاتی ہیں۔ اگر انخلا یا گھروں میں رہنے کی ہدایت دی جائے تو فوری طور پر مقررہ راستوں کے مطابق عمل کریں۔‘‘ انہوں نے امدادی اداروں اور مختلف سرکاری محکموں کی مشترکہ کوششوں کو بھی سراہا۔

متعدد زخمی، خصوصی علاج کی تیاری

حکام کے مطابق چار افراد شدید جھلسنے اور دھوئیں سے متاثر ہونے کے باعث اسپتال منتقل کیے گئے ہیں، جبکہ انہیں مزید خصوصی علاج کے لیے ویرخن دل روسیو اسپتال (سیویل) منتقل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ چار دیگر افراد کو موقع پر ہی سانس لینے میں دشواری اور معمولی جھلسنے کے باعث طبی امداد فراہم کی گئی۔

19 افراد تاحال لاپتہ، 3,150 ہیکٹر رقبہ متاثر

اندلسیا کے صدر خوانما مورینو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ اس تباہ کن آگ میں 19 افراد اب بھی لاپتا ہیں، 11 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں چار کی حالت تشویشناک ہے۔ علاقائی حکومت کے مطابق آگ اب تک تقریباً 3,150 ہیکٹر رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ وزیر انتونیو سانز نے بتایا کہ فی الحال آگ کے شعلے مزید آگے نہیں بڑھ رہے، تاہم آئندہ چند گھنٹوں میں ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث خطرات بدستور برقرار ہیں۔ اسی پیش نظر اندلسیا کی حکومت نے جنگلاتی آگ سے نمٹنے کے ہنگامی منصوبے (Plan Infoca) کو صوبہ المیریا میں بدستور نافذ رکھا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

UP New Congress President: ارادھنا مشرا بنیں یوپی کانگریس کی نئی صدر، عمران مسعود کار گزار صدر مقرر

ارادھنا مشرا پرتاپ گڑھ کی رام پور خاص اسمبلی نشست سے کانگریس کی رکن اسمبلی…

6 hours ago

Asian Games 2026: ایشین گیمز 2026 کی اختتامی تقریب میں نیرو ڈھانڈا ہوں گی ہندوستان کی پرچم بردار، ٹریپ شوٹر نے 2 گولڈ سمیت جیتے ہیں 3 تمغے

نیرو ڈھانڈا کی کارکردگی کے اعتراف میں انہیں اختتامی تقریب میں ہندوستانی دستے کی قیادت…

6 hours ago