اسپورٹس

Rohit Sharma and Virat Kohli: روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی مقبولیت کا اثر، ون ڈے میچوں کی تعداد بڑھانے پر غور

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کا سال 2026 کا شیڈول پہلے ہی کافی مصروف ہے،قابل ذکر بات یہ ہےکہ اب اس میں مزید میچ شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بی سی سی آئی 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل بھارتی ٹیم کے ون ڈے میچوں کی تعداد بڑھانے پر غور کر رہی ہے۔ اس فیصلے کے پیچھے نہ صرف کھیل کی تیاری بلکہ معاشی اور شائقین کی دلچسپی جیسے عوامل بھی اہم سمجھے جا رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی غیر ملکی کرکٹ بورڈز نے بی سی سی آئی سے درخواست کی ہے کہ پہلے سے طے شدہ ون ڈے سیریز میں میچوں کی تعداد بڑھائی جائے۔ ان بورڈز میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آئرلینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔ اضافی ون ڈے میچوں سے ان کرکٹ بورڈز کو مالی فائدہ ہونے کی توقع ہے کیونکہ بھارتی ٹیم کے میچوں میں بڑی تعداد میں شائقین اسٹیڈیم کا رخ کرتے ہیں اور نشریاتی حقوق سے بھی خاطر خواہ آمدنی حاصل ہوتی ہے۔

اس درخواست کی ایک بڑی وجہ بھارتی کرکٹ کے دو عظیم بلے باز روہت شرما اور وراٹ کوہلی بھی ہیں۔ دونوں کھلاڑی اس وقت بنیادی طور پر صرف ون ڈے فارمیٹ کھیل رہے ہیں اور عالمی سطح پر ان کی بے حد مقبولیت ہے۔ اگر ون ڈے میچوں کی تعداد بڑھتی ہے تو ان دونوں کو زیادہ کھیلنے کا موقع ملے گا، جس سے شائقین کی دلچسپی بھی بڑھے گی اور میزبان کرکٹ بورڈز کو بھی مالی فائدہ ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق جب بھی روہت شرما اور وراٹ کوہلی میدان میں اترتے ہیں تو اسٹیڈیم میں شائقین کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ اسی وجہ سے کئی کرکٹ بورڈ چاہتے ہیں کہ بھارت کے خلاف زیادہ ون ڈے میچ کھیلے جائیں تاکہ ٹکٹوں اور نشریاتی حقوق کے ذریعے زیادہ آمدنی حاصل کی جا سکے۔

انگلینڈ کے خلاف آئندہ سیریز میں اس وقت تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کا پروگرام ہے، تاہم اس شیڈول میں تبدیلی بھی ممکن ہے۔ ذرائع کے مطابق روہت شرما اور وراٹ کوہلی اپنے طویل کیریئر میں شاید آخری بار انگلینڈ کا دورہ کریں، اس لیے سیریز میں دو اضافی ون ڈے میچ شامل کیے جانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہےکہ اس بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اگست میں بھارتی ٹیم سری لنکا کے دورے پر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے والی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ان میں سے ایک میچ کولمبو کے سنگھالی اسپورٹس کلب اسٹیڈیم میں ڈے نائٹ ٹیسٹ کے طور پر کھیلا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ سری لنکا کرکٹ بورڈ بھی بی سی سی آئی کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے تاکہ اس دورے کے شیڈول میں وائٹ بال یعنی محدود اوورز کے میچ بھی شامل کیے جا سکیں۔

ادھر بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات میں افغانستان کے خلاف ممکنہ سیریز کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کے باعث بھارت اس دوران اضافی میچ کھیلنے کا خواہاں ہو سکتا ہے۔ آئرلینڈ کے خلاف مجوزہ سیریز کے میچوں کی حتمی تاریخیں بھی ابھی طے نہیں کی گئی ہیں۔ ایسے میں بی سی سی آئی آنے والے مہینوں میں شیڈول میں بڑی تبدیلیاں کر سکتی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو

Abu Danish Rehman

Recent Posts

Nitin Navin seeking his own identity in the shadow of Yogi: یوگی کے سائے میں اپنی سیاسی شناخت تلاش کرتے نتن نوین

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نوین آج گورکھپور پہنچے، جہاں…

5 hours ago

Mumbai Airport Flights: ممبئی سے نوی ممبئی منتقل ہوں گی 14 بین الاقوامی پروازیں، غیر ملکی ایئرلائنز نے ’ڈیسٹنیشن بیسڈ‘ منصوبے کی حمایت کی

ممبئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل-1 کی ازسرنو تعمیر کے پیش نظر 14 بین الاقوامی مقامات کے…

7 hours ago

PM Modi Critical Minerals Processing Scheme: اب بھارت میں ہی ہوگا لیتھیم اور نکل کی پروسیسنگ، مودی کابینہ نے 2,814 کروڑ روپے کی اسکیم کو دی منظوری

مرکزی حکومت نے ’اہم معدنیات کی پروسیسنگ کو فروغ دینے کے لیے سرمایہ جاتی اخراجات…

7 hours ago

PM Modi Calls Sharad Pawar Health Update: اسپتال سے ڈسچارج ہوئے شرد پوار، وزیر اعظم مودی نے آرام کرنے کا دیا مشورہ

وزیر اعظم نریندر مودی نے این سی پی (ایس پی) کے سربراہ شرد پوار کو…

8 hours ago