فلاڈیلفیا: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں فرانس نے سخت مقابلے کے بعد پیراگوئے کو ایک-صفر سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔ فرانس کی فتح کے ہیرو اسٹار اسٹرائیکر کائلین ایمباپے رہے، جنہوں نے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول پینلٹی پر اسکور کیا۔ مقابلے کے آغاز سے ہی پیراگوئے نے منظم دفاعی حکمت عملی اختیار کی، جس کے باعث فرانس کو گول کرنے کے واضح مواقع نہیں مل سکے۔ پہلے ہاف میں فرانس کے پاس گیند پر زیادہ کنٹرول تھا، لیکن زیادہ تر حملے دور سے لگائے گئے شاٹس تک محدود رہے، جنہیں پیراگوئے کے گول کیپر اورلینڈو گل نے آسانی سے ناکام بنا دیا۔ دوسرے ہاف میں فرانس نے حملوں میں شدت پیدا کی۔ عثمان ڈیمبیلے اور مانو کونے نے گول کرنے کی کوششیں کیں، تاہم پیراگوئے کا دفاع مسلسل مزاحمت کرتا رہا۔
VAR کے بعد ملی پینلٹی نے میچ کا رخ بدل دیا
میچ کے 69ویں منٹ میں ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (VAR) کی مدد سے فرانس کو پینلٹی دی گئی، جب ڈیزائرے دوئے کو پنالٹی ایریا میں فاؤل کیا گیا۔ کائلین ایمباپے نے پینلٹی کو کامیابی سے گول میں تبدیل کرتے ہوئے فرانس کو فیصلہ کن برتری دلا دی۔ اس کے بعد پیراگوئے نے برابری کی بھرپور کوشش کی، مگر فرانس کے مضبوط دفاع نے اسے کامیاب نہیں ہونے دیا اور فرانس نے ایک-صفر سے کامیابی حاصل کرلی۔
گولڈن بوٹ کی دوڑ میں ایمباپے سب سے آگے
یہ کائلین ایمباپے کا رواں ورلڈ کپ میں ساتواں گول تھا، جس کے ساتھ وہ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں مضبوط دعوے دار بن گئے ہیں۔ ان کے کھاتے میں دو اسسٹ بھی ہیں، جس کی بدولت وہ دیگر حریفوں پر سبقت رکھتے ہیں۔ ایمباپے نے ایک اور منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ وہ مسلسل تین فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) مقابلوں میں گول کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے، جبکہ ناک آؤٹ مرحلے میں یہ ان کا مجموعی طور پر گیارہواں گول ہے۔
اب کوارٹر فائنل میں مراکش سے ہوگا مقابلہ
فرانس اب کوارٹر فائنل میں مراکش کا سامنا کرے گا، جس نے اپنے پری کوارٹر فائنل میں کینیڈا کو تین-صفرسے شکست دے کر آخری آٹھ میں جگہ بنائی ہے۔ میچ کے بعد کائلین ایمباپے نے کہا کہ ٹیم کو پہلے ہی اندازہ تھا کہ یہ ایک سخت مقابلہ ہوگا۔ ان کے مطابق فرانس نے ثابت کیا ہے کہ وہ صرف جارحانہ فٹبال کھیلنے والی ٹیم نہیں بلکہ مشکل حالات میں دفاعی نظم و ضبط کے ساتھ بھی کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پوری توجہ مراکش کے خلاف کوارٹر فائنل پر مرکوز ہے، کیونکہ وہ ایک مضبوط اور باصلاحیت ٹیم ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ ہمارا اتحاد کمزور طبقات کی آواز اٹھائے گا۔ ہم…
چھٹھ پوجا کے بہانے ممبئی اور مہاراشٹر میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کا بی…
راہل گاندھی نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کو براہِ راست اور عوامی…
شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھے ون ڈے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان…
وزیر اعظم نریندر مودی 21 نومبر کو ایک بار پھر بہار کے دورے پر آ…
ملک کے پہلے وزیرِ تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی یومِ پیدائش کے موقع پر یومِ…