اسپورٹس

Asian Games 2026: ایشیئن گیمز، قازقستان کو 3-0 سے شکست دے کر بھارتی خواتین بیڈمنٹن ٹیم کوارٹر فائنل میں، پی وی سندھو نے دلائی پہلی برتری

بھارت نے ایشین گیمز 2026 کے خواتین بیڈمنٹن ٹیم ایونٹ کے راؤنڈ آف 16 میں قازقستان کو 3-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ پی وی سندھو اور انّتی ہڈا نے ابتدائی دونوں مقابلے سیدھے گیمز میں جیتے، جبکہ تنوی شرما نے ڈیانا نامینوا کو شکست دے کر بھارت کی کامیابی پر مہر ثبت کردی۔ دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو نے کمیلا سماگولووا کو یکطرفہ مقابلے میں 21-7، 21-9 سے شکست دے کر بھارت کو 1-0 کی برتری دلائی۔ یہ مقابلہ 24 منٹ تک جاری رہا۔ اس کے بعد انّتی ہڈا نے ایلیسا کلیشوا کو 21-7، 21-10 سے شکست دی۔ 22 منٹ تک جاری رہنے والے اس مقابلے کے بعد بھارت کی برتری 2-0 ہوگئی۔

تنوی شرما نے مکمل کی کامیابی

ورلڈ جونیئر چیمپئن شپ کی سلور میڈلسٹ تنوی شرما نے ڈیانا نامینوا کو صرف 19 منٹ میں 21-5، 21-10 سے شکست دے کر بھارت کو 3-0 کی فیصلہ کن کامیابی دلائی۔ کوارٹر فائنل میں منگل کو بھارت کا سامنا جاپان سے ہوگا۔ جاپان کو پہلے راؤنڈ میں بائی ملا تھا۔ بھارت اور جاپان کے درمیان ہونے والے مقابلے کی فاتح ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے ساتھ اپنا تمغہ بھی یقینی کرلے گی۔ جاپان کے خلاف سنگلز میں پی وی سندھو کا مقابلہ اکانے یاماگوچی سے جبکہ انّتی ہڈا کا مقابلہ توموکا میازاکی سے ہونے کا امکان ہے۔

ڈبلز میں بھی سخت مقابلے کی توقع

ڈبلز میں ترشا جولی اور گایتری گوپی چند کا سامنا جاپان کی مضبوط جوڑیوں سے ہوسکتا ہے، جن میں یوکی فوکوشیما-مایو ماتسوموتو اور کی ناکانیشی-سوزو ایوانا شامل ہیں۔ ایشین گیمز میں بھارتی خواتین بیڈمنٹن ٹیم نے اب تک ٹیم ایونٹ میں صرف ایک تمغہ جیتا ہے۔ 2014 کے ایشین گیمز میں بھارتی ٹیم نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ 2023 کے ایڈیشن میں بھارت کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کھا کر باہر ہوگیا تھا۔

مردوں کی ٹیم بھی میدان میں اترے گی

گزشتہ ایڈیشن کی سلور میڈلسٹ بھارتی مردوں کی ٹیم پیر کو راؤنڈ آف 16 میں بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ہانگژو میں ستوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے بھارت کے لیے ایشین گیمز بیڈمنٹن کا پہلا طلائی تمغہ جیتا تھا، جبکہ ایچ ایس پرنوئے نے مردوں کے سنگلز میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ موجودہ رنر اپ بھارتی ٹیم کوارٹر فائنل میں جاپان سے ٹکرا سکتی ہے۔ اس صورت میں لکشیا سین اور کوڈائی ناراوکا کے درمیان دلچسپ سنگلز مقابلہ متوقع ہوگا، جبکہ آیوش شیٹی کا سامنا یوشی تاناکا سے ہوسکتا ہے۔ مردوں کے ڈبلز میں ستوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کا مقابلہ جاپان کے ہیروکی اوکامورا اور تاکورو ہوکی کی جوڑی سے ہوسکتا ہے، تاہم یہ مقابلہ دونوں ٹیموں کی حتمی لائن اپ پر منحصر ہوگا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Abdul Awwal

Recent Posts

Adani Ahmedabad Marathon: اڈانی احمد آباد میراتھن کے 10ویں ایڈیشن کی آفیشل جرسی جاری

اڈانی احمد آباد مریاتھن کے 10ویں ایڈیشن کی آفشل جرسی جاری کر دی گئی۔ احمد…

2 hours ago

Saint Trilochan Darshan Das: روحانیت اور یوگا کا تاریخی سنگم، ہریدوار میں سنت تریلوچن درشن داس اور سوامی رام دیو کی جذباتی ملاقات

پتنجلی یوگ پیٹھ پہنچنے پر سوامی رام دیو جی نے انتہائی احترام اور سادگی کے…

2 hours ago