اولین نسیم عارفی ’اردو میڈیا ایوارڈز‘ جیتنے والوں کا اعلان
سی ای ٹی آئی فاؤنڈیشن نے اولین نسیم عارفی ’اردومیڈیا ایوارڈز‘ جیتنے والے صحافیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک معتبر پینل نے ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ کے لیے دہلی میں مقیم معروف سینئرکثیرلسانی صحافی قربان علی کوصحافتی میدان میں ان کی غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں منتخب کیا ہے۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے اردو صحافیوں کے زمرے میں یہ ایوارڈ سید سجاد الحسنین اور محمد ارشد کودیا جائے گا، جو تقریباً تین دہائیوں سے اردوصحافت سے وابستہ ہیں۔ ملک کے دیگرحصوں سے نوجوان اردوفیکٹ چیکرمحمد زکریا (بہار) اورفیچررائٹر رشدہ شاہین (دہلی) کواس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ دونوں نے اردومیں معیاری اوراثرانگیزصحافتی مواد تخلیق کیا ہے۔
سی ای ٹی آئی فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیزکے مطابق، یہ ایوارڈزممتازاردوصحافی مرحوم نسیم عارفی کی یاد میں شروع کیے گئے ہیں، جنہوں نے 50 سال سے زائد عرصے تک اردو صحافت کی خدمت کی اوراس کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ فاؤنڈیشن ان ایوارڈزکوابتدا میں آنے والے دس سال تک ایک سالانہ روایت کے طور پر جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ پریس ریلیزکے مطابق ایوارڈ کے لیے انتخابی عمل ایک معتبرپینل کے ذریعے انجام دیا گیا، جس میں معززصحافی، صحافت کے اساتذہ اوردانشورشامل تھے، جنہوں نے مختلف معیارات کی بنیاد پر فاتحین کو منتخب کیا۔
سی ای ٹی آئی فاؤنڈیشن کے بانی منیجنگ ٹرسٹی پروفیسرسید بشارت علی کے مطابق ایوارڈ جیتنے والے صحافیوں کوفی کس 15 ہزارروپے نقد انعام اور ایک توصیفی سند پیش کی جائے گی، جبکہ خصوصی ایوارڈ (لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ) اعزازی ہوگا۔ ایوارڈ کی تقریب 12 اپریل 2025 بوقت شام ساڑھے چار بجے تلنگانہ اسٹیٹ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس بلڈنگ، فتح میدان عابدس، حیدرآباد میں منعقد کی جائے گی۔
میڈیا اکادمی تلنگانہ حکومت کے چیئرمین جناب کے سرینواس ریڈی اس تقریب کی صدارت کریں گے، جب کہ ایناڈو گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹرسی ایچ کرن، بحیثیت مہمانِ خصوصی اس تقریب میں شریک ہوں گے۔ اس تقریب میں کئی معزز شخصیات کی شرکت متوقع ہے، جو اپنی موجودگی سےتقریب کورونق بخشیں گی۔ اس موقع پر پینل ڈسکشنزکا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا ’’یہ ایوارڈ اردو صحافت سے جڑے سچائی، دیانتداری اورتنوع کے اصولوں پرکاربند صحافیوں کی خدمات کوسراہنے کی ایک کوشش ہے نیزاس کا مقصد اردوصحافیوں کی نسل نوکی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ اردو صحافت کے معیارکوبلند کرنا ہے۔‘‘
سی ای ٹی آئی فاؤنڈیشن ایک رضاکارتنظیم ہے جوسماجی طورپرپسماندہ طبقات کی ترقی کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ اس تنظیم کی بنیاد 1980 میں جناب بشیر الدین بابو خان، جناب سید عبدالولی قادری اورپروفیسرایم این افضل جیسے بصیرت رکھنے والی شخصیات نے ڈالی اوراس نے روزِ اول سے ہی سماجی، تعلیمی اورثقافتی مسائل کے سدباب پر توجہ مرکوز کی۔ سال 2011 میں اس کو سرکاری طورپرسی ای ٹی آئی فاؤنڈیشن کے طورپررجسٹر کیا گیا اور پروفیسر سید بشارت علی اس کے بانی منیجنگ ٹرسٹی کے بطورخدمات انجام دے رہے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو-
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر گینڈوں کے تحفظ سے متعلق…
بھارتی خواتین ٹیم کی اس تاریخی اور ریکارڈ ساز جیت پر مرکزی وزیر داخلہ امت…
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ٹیم کو مبارکباد دیتے…
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سچیکا تاریال کو مبارکباد…
ایران کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ فوجی دباؤ کم کرنے اور ایرانی بندرگاہوں کی…
صدر دروپدی مرمو نے کیوڈیا میں منعقدہ تقریب میں فلمی شخصیات کو قومی اعزازات سے…