نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے جمعرات کو 2027 کے پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے 31 امیدواروں کی فہرست جاری کردی۔ پارٹی کی سیاسی امور کی کمیٹی (پی اے سی) نے ٹکٹوں کی تقسیم اور سروے کے ذریعے حاصل ہونے والی آرا پر تبادلۂ خیال کے بعد امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پی اے سی کی میٹنگ میں سروے رپورٹس کے ذریعے حاصل ہونے والی آرا پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور اس سلسلے میں دن بھر تبادلۂ خیال جاری رہا۔ پارٹی نے کہا، ’’آج پی اے سی کی میٹنگ میں پنجاب انتخابات کے لیے ٹکٹوں پر بحث ہوئی۔ سروے رپورٹس میں موصول ہونے والی آرا پر دن بھر غور کیا گیا۔‘‘ پارٹی نے اس فہرست میں کابینہ کے ایک وزیر سمیت کئی موجودہ ارکان اسمبلی کے ٹکٹ کاٹ دیے ہیں اور متعدد حلقوں سے نئے چہروں کو میدان میں اتارا ہے۔ اے اے پی کے قومی سکریٹری پنکج کمار گپتا کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں ماجھا، دوآبہ اور مالوہ خطوں کے مختلف اسمبلی حلقے شامل ہیں۔
امرتسر شمالی سے کنور وجے پرتاپ کی جگہ کرمجیت رنتو
امرتسر شمالی اسمبلی حلقے سے پارٹی نے کنور وجے پرتاپ سنگھ کی جگہ کرمجیت سنگھ رنتو کو امیدوار بنایا ہے۔ کنور وجے پرتاپ سنگھ حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے اور انہوں نے پنجاب قانون ساز اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
لالجیت بھلر، رمن اروڑہ اور چرنجیت سنگھ کے ٹکٹ کٹے
ترن تارن ضلع کے پٹی اسمبلی حلقے میں سابق وزیر اور موجودہ رکن اسمبلی لالجیت سنگھ بھلر کی جگہ جسکنور سنگھ گل عرف جسّا پٹی کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اسی طرح جالندھر وسطی سے موجودہ رکن اسمبلی رمن اروڑہ کی جگہ نتن کوہلی کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ چمکور صاحب میں اے اے پی نے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) چھوڑ کر پارٹی میں شامل ہونے والے جسویر سنگھ گڑھی کو میدان میں اتارا ہے۔ اس حلقے سے موجودہ رکن اسمبلی چرنجیت سنگھ کا ٹکٹ کاٹ دیا گیا ہے۔
سابق وزیر انمول گگن مان اور وزیر زراعت گرمیت کھڈیاں بھی باہر
کھرڑ اسمبلی حلقے سے سابق وزیر اور موجودہ رکن اسمبلی انمول گگن مان کی جگہ پرمندرسنگھ گولڈی کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ مکتسر ضلع کے لمبی اسمبلی حلقے میں پارٹی نے وزیر زراعت گرمیت سنگھ کھڈیاں کا ٹکٹ کاٹ کر ان کے رشتہ دار رندھیر سنگھ دھیرّا کھڈیاں کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ بھٹنڈہ دیہی اسمبلی حلقے سے موجودہ رکن اسمبلی امت رتن کی جگہ گوپال سنگھ کو ٹکٹ دیا گیا ہے، جبکہ شترانہ میں موجودہ رکن اسمبلی کلونت سنگھ بازیگر کی جگہ ونیندر کور لومبا کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی اے اے پی نے 2027 کے انتخابات سے قبل 117 رکنی پنجاب قانون ساز اسمبلی کے لیے اپنی دوسری فہرست میں 31 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ اس فہرست سے ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی نے امیدواروں کے انتخاب میں نمایاں تبدیلیاں کی ہیں اور کئی ایسے حلقوں میں موجودہ ارکان اسمبلی کی جگہ نئے امیدواروں کو موقع دیا ہے جہاں سے پہلے پارٹی کے منتخب نمائندے موجود تھے۔ واضح رہے کہ پنجاب میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات اگلے سال ہونے والے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کو غازی آباد کی خصوصی پی ایم…
سونیا گاندھی کی کتاب اور بہار کی سیاست پر بھی آزاد رکن پارلیمنٹ کا اظہار…
عام آدمی پارٹی نے پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے دوسری فہرست میں 31 امیدواروں کے…
ساؤ پاؤلو (برازیل): ہندوستان اور برازیل نے خلائی شعبے میں اپنے دیرینہ تعاون کو نئی…
انٹرویو میں انڈین اوورسیز کانگریس کے صدر سیم پترودا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو…
آئی پی ایل 2027 کے منی آکشن سے پہلے کھلاڑیوں کی خرید و فروخت میں…