از قلم: نریندر مودی، وزیراعظم ہند
آج ہندوستان کے سابق نائب صدر اور قابل احترام سیاست داں جناب ایم وینکیا نائیڈو صاحب 75 برس کے ہو گئے۔ میں ان کی طویل اور صحت مند زندگی کے لیے دعا گو ہوں اور ان کے تمام خیر خواہوں اور حامیوں کو بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ یہ ایک ایسے رہنما کا جشن منانے کا موقع ہے ۔جس کی زندگی کا سفر لگن، موافقت اور عوامی خدمت کے لیے غیر متزلزل وابستگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔ سیاسی میدان میں اپنے ابتدائی دنوں سے لے کر نائب صدر کے طور پر خدمت انجام دینے تک، وینکیا صاحب کا کیریئر ہندوستانی سیاست کی پیچیدگیوں کو آسانی اور عاجزی کے ساتھ سمجھنے کی ان کی منفرد صلاحیت کی مثال ہے۔ ان کی فصاحت، بلاغت اور ترقیاتی امور پر ثابت قدمی کی وجہ سے سبھی پارٹیاں ان کا احترام کرتی ہیں۔
وینکیا صاحب اور میں کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں۔ ہم نے ساتھ کام کیا ہے اور میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا بھی ہے۔ ان کی زندگی میں اگر کوئی چیز مشترک رہی ہے تو وہ ہے لوگوں سے محبت۔ سرگرمی اور سیاست کے ساتھ ان کا تعلق آندھرا پردیش میں ایک طالب علم رہنما کے طور پر طلبہ کی سیاست سے شروع ہوا۔ ان کی قابلیت،تقریری اور تنظیمی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ان کا کسی بھی سیاسی پارٹی میں خیر مقدم کیا جاتا لیکن انہوں نے سنگھ پریوار کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دی کیونکہ وہ نیشن فرسٹ کے وژن سے متاثر تھے۔ وہ آر ایس ایس، اے بی وی پی سے وابستہ رہے اور پھر جن سنگھ اور بی جے پی کو مضبوط کرنے کا کام کیا۔
تقریباً 50 سال قبل جب ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی، نوجوان وینکیا جی نے خود کو ایمرجنسی مخالف تحریک میں جھونک دیا تھا۔ انہیں جیل بھی جانا پڑا اور وہ بھی لوک نائک جے پی کو آندھرا پردیش مدعو کرنے کی وجہ سے۔ جمہوریت سے وابستگی ان کے سیاسی کیرئیر میں بار بار دیکھنے کو ملے گی۔ 1980 کی دہائی کے وسط میں، جب عظیم این ٹی آر کی حکومت کو کانگریس نے غیر رسمی طور پر برخاست کر دیا تھا، وہ ایک بار پھر جمہوری اصولوں کے تحفظ کے لیے تحریک میں سب سے آگے تھے۔
وینکیا صاحب ہمیشہ سے ہی انتہائی خطرناک لہروں کے بیچ تیراکی کرنے میں ماہر رہے ہیں۔ 1978 میں، آندھرا پردیش نے کانگریس کو ووٹ دیا لیکن انھوں نے اس رجحان کو شکست دی اور ایک نوجوان ایم ایل اے کے طور پر منتخب ہوئے۔ پانچ سال بعد، جب این ٹی آر کی سونامی نے ریاست کو اپنی زد میں لے لیا، وہ بی جے پی ایم ایل اے کے طور پر منتخب ہوئے، اس طرح ریاست بھر میں بی جے پی کی ترقی کی راہ ہموار ہوئی۔
وہ تمام لوگ جنہوں نے وینکیا صاحب کو بولتے ہوئے سنا ہے ان کی تقریری صلاحیتوں کی تصدیق کریں گے۔ وہ یقینی طور پر الفاظ کے جادو گر ہیں لیکن وہ ایک سرگرم کارکن بھی ہیں۔ ایک نوجوان ایم ایل اے کے طور پر اپنے دنوں سے ہی، قانون سازی کے معاملات میں سختی اور اپنے حلقے کے لوگوں کے لیے بات کرنے کے لیے انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھا جانے لگا۔ این ٹی آر جیسے قدآور رہنما نے ان کی صلاحیتوں کو پہچانا اور یہاں تک کہ انہیں اپنی پارٹی میں شامل کرنا چاہا لیکن وینکیا صاحب نے اپنے بنیادی نظریے سے انحراف کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے آندھرا پردیش میں بی جے پی کو مضبوط کرنے، گاؤں میں جا کر زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے رابطہ قائم کرنے میں بڑا کردار ادا کیا۔ انہوں نے اسمبلی میں پارٹی کی قیادت کی اور یہاں تک کہ آندھرا پردیش بی جے پی کے صدر بھی بن گئے۔
1990 کی دہائی میں جے پی کی مرکزی قیادت نے وینکیا صاحب کی کوششوں پر دھیان دیا اور اس طرح 1993 میں قومی سیاست میں ان کے دور کا آغاز ہوا جب انہیں پارٹی کا آل انڈیا جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا۔ یہ واقعی میں ایک ایسے شخص کے لیے ایک قابل ذکر لمحہ تھا، جو ایک نوجوان کے طور پر اٹل جی اور اڈوانی جی کے دوروں کا اعلان کرتا رہتا تھا، اور اب براہ راست ان کے ساتھ کام کر رہا تھا۔ جنرل سکریٹری کے طور پر، ان کی توجہ اس بات پر تھی کہ کس طرح ہماری پارٹی کو اقتدار میں لایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ملک کو بی جے پی کا پہلا وزیر اعظم ملے۔ دہلی منتقل ہونے کے بعد، انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور وہ پارٹی کے قومی صدر بن گئے۔
سنہ 2000 میں، جب اٹل جی وینکیا صاحب کو وزیر کے طور پر حکومت میں شامل کرنے کے خواہاں تھے، وینکیا صاحب نے فوری طور پر دیہی ترقی کی وزارت کے لیے اپنی ترجیحات سے آگاہ کیا۔انہوں نے اٹل جی سمیت سبھی کو حیران کر دیا۔ آخر کار، یہاں ایک ایسا رہنما تھا جس سے پوچھا جا رہا تھا کہ وہ کون سا قلمدان چاہتے ہیں اور ان کی پہلی پسند دیہی ترقی تھی۔ وینکیا صاحب بالکل واضح تھے- وہ کسان پُتر تھے، انہوں نے اپنے ابتدائی دن گاؤں -دیہات میں گزارے تھے اور اس طرح، اگر کوئی ایسا علاقہ تھا جس میں وہ کام کرنا چاہتے تھے، تو وہ دیہی ترقی تھی۔ بحیثیت وزیر، وہ ’پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا‘ کے تصور اور اس کے آغاز کے ساتھ قریب سے وابستہ تھے۔ برسوں بعد، جب 2014 کی این ڈی اے حکومت نے اقتدار سنبھالا، تو انہوں نے شہری ترقی، رہائش اور شہری غربت کے خاتمے کے اہم محکموں کو سنبھالا۔ ان کے دور میں ہی ہم نے سوچھ بھارت مشن اور شہری ترقی سے متعلق اہم اسکیمیں شروع کیں۔ شاید، وہ ان واحد رہنماؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے اتنے وسیع عرصے تک دیہی اور شہری ترقی کے لیے کام کیا۔
جب میں 2014 میں دہلی آیا تھا تو میں قومی راجدھانی کے لیے ایک باہر کا آدمی تھا، جو گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے گجرات میں کام کر رہا تھا۔ ایسے وقت میں وینکیا صاحب کی سوجھ بوجھ کام آئی۔ وہ ایک مؤثر پارلیمانی امور کے وزیر تھے – وہ دو طرفہ تعلقات کے جوہر کو جانتے تھے لیکن ساتھ ہی انہوں نے پارلیمانی اصولوں اور قواعد کے تعلق سے ایک لکیر کھینچ دی تھی۔
سنہ 2017 میں، ہمارے اتحاد نے انہیں ہمارے نائب صدر کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا۔اس وقت ہمیں ایک پریشانی کا سامنا کرنا پڑا – ہم سوچ رہے تھے کہ وینکیا صاحب کی جگہ کو بھرنا ناممکن ہوگا، لیکن ساتھ ہی، ہم یہ بھی جانتے تھے کہ نائب صدر کے عہدے کے لیے ان سے بہتر کوئی امیدوار نہیں ہے۔ وزیر اور رکن پارلیمنٹ کے عہدے سے استعفیٰ دیتے وقت انہوں نے جو تقریر کی تھی میں اسے کبھی نہیں بھول سکتا۔ پارٹی کے ساتھ اپنی وابستگی اور اس کی تعمیر کی کوششوں کو یاد کرتے ہوئے وہ اپنے آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکے۔ اس سے ان کی گہری وابستگی اور جذبے کی جھلک نظر آئی۔ نائب صدر بننے کے بعد انہوں نے مختلف اقدامات کیے جس سے اس عہدے کے وقار میں بھی اضافہ ہوا۔ وہ راجیہ سبھا کے ایک شاندار چیئرپرسن تھے جو اس بات کو یقینی بناتے تھے کہ نوجوان ممبران پارلیمنٹ، خواتین ممبران پارلیمنٹ اور پہلی بار منتخب ہونے والے ممبران پارلیمنٹ کو بولنے کا موقع ملے۔ انہوں نے حاضری پر بہت زور دیا، کمیٹیوں کو مزید مؤثر بنایا اور ایوان میں بحث کی سطح کو بھی بلند کیا۔
جب آرٹیکل 370 اور 35(A) کو ہٹانے کا فیصلہ راجیہ سبھا کے روبرو رکھا گیا تو وینکیا صاحب ہی چیئر پرسن تھے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ان کے لیے بہت ہی جذباتی لمحہ تھا- وہ نوجوان لڑکا جو ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے متحدہ ہندوستان کے خواب کو پورا کرنا چاہتا تھا وہ اس وقت کرسی پر تھا جب یہ خواب آخر کار پورا ہوا۔
کام اور سیاست کے علاوہ، وینکیا صاحب ایک شوقین قاری اور مصنف بھی ہیں۔ دہلی کے لوگوں کے لیے وہ ایک ایسے شخص کے طور پر جانے جاتے ہیں جو شہر میں شاندار تیلگو ثقافت کو لے کر آئے۔ ان کے اوگادی اور سنکرانتی پروگرام واضح طور پر شہر میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے اجتماعات میں شامل ہیں۔ میں نے ہمیشہ وینکیا صاحب کو ایسے شخص کے طور پر جانا ہے جو کھانے کے شوقین ہیں اور لوگوں کی میزبانی بھی کرتے ہیں۔ لیکن حال ہی میں، ان کا خود پر کنٹرول بھی سب کو نظر آنے لگا ہے۔ صحت کے تئیں ان کی وابستگی اس بات سے نظر آتی ہے کہ وہ اب بھی بیڈمنٹن کھیلتے ہیں اور تیز چہل قدمی سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
نائب صدر کے عہدے کے بعد بھی وینکیا صاحب نے ایک فعال عوامی زندگی گزاری ہے۔ جن مسائل کے بارے میں وہ پرجوش ہیں یا ملک بھر میں ہونے والی مختلف پیش رفتوں کے بارے میں وہ مجھے فون کرتے ہیں اور مجھ سے اس کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ میں ان سے حال ہی میں اس وقت ملا تھا جب ہماری حکومت تیسری بار اقتدار میں لوٹی تھی۔ وہ بہت خوش ہوئے اور انہوں نے مجھے اور ہماری ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ میں اس سنگ میل کے لیے ایک بار پھر انہیں مبارک باد دیتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ نوجوان کارکن، منتخب نمائندے اور وہ تمام لوگ جو خدمت کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں ان کی زندگی سے سیکھیں گے اور ان اقدار کو اپنائیں گے۔ ان کے جیسے لوگ ہی ہمارے ملک کو بہتر اور متحرک بناتے ہیں۔
بھار ت ایکسپریس
رام بھدراچاریہ نے اس موقع پر رام مندر کے حوالے سے کئی اہم باتیں کہی…
راشٹریہ لوک دل کے سربراہ اورمرکزی وزیرجینت چودھری نے پارٹی لیڈران پرسخت کارروائی کی ہے۔…
دہلی اسمبلی الیکشن کے لئے بی جے پی نے امیدواروں کے ناموں پر غوروخوض تقریباً…
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سوربھ شرما کے اکاؤنٹ کی تمام تفصیلات ان کے…
پی ایم مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہندوستان موبائل مینوفیکچرنگ میں دنیا…
صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے کامیاب پیروی پر وکلاء کی ستائش…