– بھارت کے چیف جسٹس بی آر گوئی نے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں منعقدہ “بھارت-نیپال جوڈیشل ڈائیلاگ 2025” میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بھارت اور نیپال کی عدلیہ کے مابین طویل المدتی تعلقات کو سراہتے ہوئے انہیں مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
چیف جسٹس گوئی نے یاد دلایا کہ اپریل 2025 میں بھارت اور نیپال کی سپریم کورٹس نے ایک مفاہمتی یادداشت (MOU) پر دستخط کیے، جس کا مقصد عدالتی اشتراک و تعاون کو نئی وسعت دینا ہے۔ اس سال کے ڈائیلاگ کا مرکزی موضوع تھا:
“عدلیہ کا بدلتا ہوا کردار: قانونی ارتقاء اور بھارتی سپریم کورٹ کی اصلاحات”۔
چیف جسٹس گوئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عدالتیں محض تنازعات کے حل کا فورم نہیں بلکہ جمہوریت، مساوات اور انسانی وقار کے تحفظ کی ضامن ہیں۔ انہوں نے نیپالی سپریم کورٹ کی جانب سے صنفی انصاف، پرائیویسی، اور ماحولیاتی حقوق پر دیے گئے تاریخی فیصلوں کی کھل کر تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور نیپال کی عدلیہ ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ کر نہ صرف قانونی نظام کو بہتر بنا سکتی ہیں بلکہ جمہوریت کو بھی مزید تقویت دے سکتی ہیں۔
چیف جسٹس گوئی نے 1973 کے تاریخی “کیسوانند بھارتی کیس” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقدمہ بھارتی آئینی قانون کی بنیاد بن چکا ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے ان فیصلوں کا ذکر کیا جن میں تعلیم، رازداری، باوقار زندگی، موت، شادی اور تولیدی حقوق کو بنیادی انسانی حقوق تسلیم کیا گیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریزرویشن کی سہولت ان طبقات تک پہنچنی چاہیے جو سب سے زیادہ محروم ہیں، جبکہ معاشی طور پر مستحکم افراد کو (کِریمی لیئر) اس سے باہر رکھا جانا چاہیے۔
چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کے اُن حالیہ فیصلوں کی تفصیل دی جن میں خواتین کے حقوق اور معذور افراد کے لیے ڈیجیٹل سہولیات کو بنیادی حق قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بنیادی حقوق کو تسلیم کرنے والے فیصلے کو بھی نمایاں کیا۔
چیف جسٹس گوئی نے 2024 میں دیے گئے اس تاریخی فیصلے کا ذکر کیا، جس میں سپریم کورٹ نے الیکٹورل بانڈ اسکیم کو آئین کے خلاف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ شفافیت اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم قدم تھا۔
ڈائیلاگ کے اختتام پر چیف جسٹس گوئی نے نیپال کے چیف جسٹس پرکاش مان سنگھ راوت اور نیپال کی سپریم کورٹ کے دیگر ججز کی موجودگی میں اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کی عدلیہ کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی، تاکہ عدالتی نظام زیادہ شفاف، عوامی اور انصاف پر مبنی ہو سکے۔
بھارت ایکسپریس اردو
نودیپ سنگھ نے اپنے ہاسپیٹیلٹی کیریئر کا آغاز ہندوستان سے کیا۔ امرتسر سے لندن تک…
کاک پٹ میں پیش آنے والی جھڑپ کے دوران شریک پائلٹ نے پائلٹ پر چاقو…
پروفیسر سلیم انجینئر نے مزید کہا کہ آئین ہند کا آرٹیکل 21 زندگی اور شخصی…
چھتیس گڑھ اور مہاراشٹر میں ہتھیار چھوڑ کر مرکزی دھارے میں واپس آنے والے 210…
سپریم کورٹ نے 2008 کے احمد آباد سلسلہ وار بم دھماکوں کے معاملے میں سزائے…
شریئس ایئر کی کپتانی میں ٹیم انڈیا پاکستان کے خلاف اپنے سابقہ ریکارڈ کو برقرار…