قومی

Viksit Bharat: ترقی یافتہ بھارت 2047 کے ہدف کے حصول میں نوجوان سول افسران ادا کریں قائدانہ کردار: وزیر اعظم مودی

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) 2024 بیچ کے 183 افسر تربیت یافتگان سے خطاب کرتے ہوئے انہیں ترقی یافتہ بھارت 2047 کے عزم کو حقیقت میں بدلنے کے لیے قوم کی تعمیر میں مکمل دیانت اور لگن کے ساتھ کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ سیوا تیرتھ میں منعقدہ پروگرام کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ دو برس کے فیلڈ تجربے اور انتظامی تربیت کے بعد نوجوان افسران ایک ایسے اہم مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں جہاں ان کے فیصلے نہ صرف ان کے کیریئر بلکہ کروڑوں شہریوں کے مستقبل پر بھی اثر انداز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا حقیقی امتحان دیانت داری، حساسیت اور عزم کے ساتھ زمینی حقائق کا سامنا کرنے میں ہے۔ وزیر اعظم نے افسران سے کہا کہ وہ جدت، مقصد پر مبنی طرز عمل اور شہریوں پر مرکوز حکمرانی کے ذریعے ملک کی تعمیر میں فعال کردار ادا کریں۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ انتظامی فائلوں کو محض کاغذی کارروائی نہ سمجھا جائے، کیونکہ ہر فائل کے پیچھے لاکھوں لوگوں کی امیدیں، مسائل اور زندگیوں کا تعلق ہوتا ہے۔ انہوں نے ’ناگرک دیوو بھوا‘ کا پیغام دیتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ ہر فیصلے کے مرکز میں شہریوں کو رکھا جائے اور حکمرانی کو حساس، جوابدہ اور ہمہ گیر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے ترقیاتی اہداف محض محکموں کی حدود میں رہ کر حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ اس کے لیے مختلف وزارتوں اور محکموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی ضروری ہے تاکہ دیرپا اور مؤثر نتائج یقینی بنائے جا سکیں۔

ترقی یافتہ بھارت 2047 کا وژن

وزیر اعظم نے ترقی یافتہ بھارت 2047 کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے برسوں میں ہر پالیسی اور انتظامی فیصلہ ملک کو ایک ترقی یافتہ قوم بنانے کی سمت میں معاون ثابت ہونا چاہیے۔ انہوں نے خود انحصار بھارت، ملک میں پیداوار کے فروغ، صنعتی شعبے کی توسیع، توانائی کے تحفظ اور نوجوانوں کے لیے روزگار اور مواقع کی فراہمی کو موجودہ دور کی اہم ترجیحات قرار دیا۔

نتائج پر مبنی ٹیکنالوجی کا استعمال

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں حکمرانی کا نظام طریقہ کار پر مبنی ماڈل سے نتائج پر مبنی ماڈل کی جانب منتقل ہوا ہے۔ ڈیجیٹل حکمرانی، مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کی مدد سے عوامی خدمات کی فراہمی زیادہ شفاف اور آسان ہوئی ہے۔

اعداد و شمار کو عوامی زندگی کا آئینہ سمجھنے کی تلقین

اعداد و شمار پر مبنی انتظامیہ پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اعداد کو محض نمبروں کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ انہیں کروڑوں لوگوں کی زندگی، مشکلات اور امنگوں کا عکس سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ مسلسل جائزہ لیتے رہیں کہ سرکاری پالیسیاں زمینی سطح پر مطلوبہ نتائج دے رہی ہیں یا نہیں۔

اختیارات نہیں، نتائج سے حاصل کریں اطمینان

وزیر اعظم نے کہا کہ افسران کو اپنے عہدے یا اختیارات سے نہیں بلکہ اپنے کام کے ٹھوس اور قابل پیمائش نتائج سے اطمینان حاصل کرنا چاہیے۔ انہوں نے قوم کی تعمیر میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ موجودہ بیچ میں 40 فیصد سے زائد افسران خواتین ہیں۔

تقریب میں اعلیٰ حکام کی شرکت

اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے عملہ ڈاکٹر جتیندر سنگھ، وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری پی کے مشرا، پرنسپل سیکریٹری دوم شکتی کانت داس، کابینہ سیکریٹری ٹی وی سومناتھن، محکمہ عملہ و تربیت کی سکریٹری رچنا شاہ، لال بہادر شاستری نیشنل اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکر رام ترنیکانتی سمیت کئی سینئر افسران موجود تھے۔

بھارت ایکسپریس۔

Md Hammad

Recent Posts

11th Whiteswan Responsible Art Festival: 11واں وائٹ سوان آرٹ فیسٹیول: کتھک رقاصہ سنیہا مکھرجی نے مسحور کن پیشکش سے باندھا سماں

سنیہا مکھرجی نے کلیان ٹھات میں رام استوتی اور راگ کلاوتی میں ترانہ پیش کیا،…

2 hours ago