نئی دہلی:دارالحکومت دہلی کی سڑکیں گڈھے کے باعث مسلسل جان لیوا بنتی جا رہی ہیں اور اس کا سب سے بڑا خمیازہ بائیک سواروں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ دہلی کے جنک پوری علاقے سے سامنے آیا ہے، جہاں دہلی جل بورڈ کی جانب سے کھودے گئے ایک گہرے گڈھے میں گرنے سے ایک نوجوان بائیک سوار کی موت ہو گئی۔ حادثے کے بعد علاقے کے لوگوں میں شدید غصہ پایا جاتا ہے، جب کہ دہلی حکومت نے معاملے کی جانچ کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا ہے، جب حال ہی میں دہلی سے متصل نوئیڈا میں ایک سافٹ ویئر انجینئر کی موت کے معاملے میں انتظامیہ کی لاپروائی سامنے آئی تھی، لیکن اس کے باوجود سڑکوں کی حالت بہتر نہیں ہو سکی۔
نوئیڈا واقعے سے سبق نہیں لیا گیا
جنک پوری کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ گڈھا کافی عرصے سے کھلا پڑا تھا اور متعدد بار شکایات کے باوجود اسے بند نہیں کیا گیا۔ متاثرہ خاندان نے دہلی جل بورڈ پر سنگین لاپروائی کا الزام عائد کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دہلی کے پالَم علاقےکے رہنے والے نوجوان کمل جمعرات کی دیر رات اپنے دفتر سے گھر واپس لوٹ رہا تھا۔ اسی دوران جنک پوری میں سڑک پر موجود دہلی جل بورڈ کے ایک گہرے گڈھے میں وہ بائیک سمیت جا گرا۔ شدید زخمی حالت میں کمل پوری رات اسی گڈھے میں پھنسا رہا اور بروقت مدد نہ ملنے کے باعث تڑپ تڑپ کر اس کی موت ہو گئی۔ علاقے کے لوگ اس واقعے کو انتظامی لاپروائی کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔
پولیس کا مؤقف
پولیس کے مطابق رات تقریباً بارہ بجے جنک پوری تھانے کو اطلاع ملی تھی، جس کے بعد پولیس نے موبائل سرویلنس کے ذریعے نوجوان کو ٹریک کرنا شروع کیا۔ کمل کی آخری لوکیشن جنک پوری کے قریب ایک ٹاور کے پاس ملی۔ اس کے بعد پولیس ٹیموں نے تلاش شروع کی اور کمل کو دہلی جل بورڈ کے گڈھے میں پایا گیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ حادثہ کن حالات میں پیش آیا۔
سیاسی بیان بازی تیز
اس معاملے پرسیاست بھی گرم ہو گئی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے دہلی صدر سوربھ بھاردواج نے ریاستی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک بے قصور بائیک سوار گہرے گڈھے میں گر کر پوری رات تڑپتا رہا اور جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، لیکن حکومت نے نوئیڈا کے واقعے سے بھی کوئی سبق نہیں سیکھا۔
دہلی کے شہری ترقی کے وزیر آشیش سود
دہلی کے شہری ترقی کے وزیر آشیش سود نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مکمل جانچ کے احکامات جاری کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے اور اگر کسی بھی سطح پر کوتاہی پائی گئی تو متعلقہ ٹھیکیداروں اور افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
آئی آئی ٹی کانپور اپنے مشہور سالانہ ثقافتی میلے ’انتراگنی 2026‘ کے 61ویں ایڈیشن کے…
ورکشاپ کا مقصد طبی ماہرین کو عملی مہارت اور علم فراہم کرنا ہے، تاکہ کینسر…
بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی ترجمان آر پی سنگھ نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ…
ریلائنس گروپ کی مشترکہ مارکیٹ کیپ 28.9 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئی، ٹاٹا گروپ…
بہار قانون ساز کونسل کے پٹنہ گریجویٹ حلقے کے انتخاب میں جن سوراج کے امیدوار…
کشیدگی کے پیش نظر یونیورسٹی انتظامیہ نے تمام کورسز کی کلاسیں آن لائن کر دی…