قومی

Working to mitigate poison left behind by AAP: ’’عام آدمی پارٹی کے چھوڑے ہوئے زہریلے اثرات کو کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘‘ دہلی کے وزیر ماحولیات کا آلودگی پر عجیب وغریب بیان

نئی دہلی: دہلی کی فضا بد سے بدترین حالات میں لوگوں کی صحت کو مسلسل نقصان پہنچا رہی ہے۔ آلودگی پر قابو پانے کے بجائے موجودہ حکومت سابقہ حکومت پر الزام عائد کرکے اپنی ناکامیوں کو چھپانے میں مصروف ہے۔ آلودگی کے معاملے پر گزشتہ روز ایک احتجاجی مظاہرہ انڈیا گیٹ پر منعقد کیا گیا تاکہ حکومت نیند سے بیدار ہوسکے۔ لیکن حکومت کی جانب سے مظاہرے پر کیا رد عمل آیا وہ قابل غور ہے۔ دہلی کے وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے الزام عائد کیا ہے کہ انڈیا گیٹ پر شہریوں کے ذریعہ آلودگی کے خلاف مبینہ احتجاج دراصل عام آدمی پارٹی (AAP) کے ذریعے منظم کرایا گیا تھا۔ سرسا کے مطابق گزشتہ دس سالوں میں عام آدمی پارٹی حکومت نے دہلی کو بدترین فضائی آلودگی کے حوالے کیا اور اب اسی معاملے پر وہ عوام کو بھڑکا رہی ہے۔

’’10 سال تک آلودگی کے عذاب میں رہی دہلی‘‘

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرسا نے کہا کہ دہلی میں موجود آلودگی کے لیے سابقہ حکومت ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا: ’’عام آدمی پارٹی یہ احتجاج کروا رہی ہے، جبکہ گزشتہ دس سالوں میں انہی کی حکومت نے دہلی میں آلودگی کی سطح کو انتہائی خطرناک مقام تک پہنچایا۔ یہ آلودگی خود بخود نہیں ہوئی۔ پچھلے سال ائیرکوالٹی انڈیکس 500 سے 1000 کے درمیان تھا جو اُسی حکومت کی ناکامی کی وجہ سے تھا۔‘‘ وزیر موصوف کے بیان سے لگتا ہے کہ ابھی دہلی میں فضا آلودگی سے پوری طرح پاک ہے اور دہلی رہنے کے لیے ملک میں سب سے مثالی ریاست ہے۔

موجودہ حکومت کیا کررہی ہے؟

سرسا کے مطابق وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کی زیر قیادت موجودہ حکومت دہلی کی فضا کو بہتر بنانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں کچرے کے ڈھیروں کو صاف کیا جا رہا ہے، بلند عمارتوں پر اینٹی اسموگ گنز نصب کی جا رہی ہیں اور دھول کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا: ’’برقی بسیں لائی جا رہی ہیں۔ دس سال کی بیماری چھ سات مہینوں میں ختم نہیں ہوسکتی۔ ہم عام آدمی پارٹی کے چھوڑے ہوئے زہر کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

آلودگی کے خلاف احتجاج روکنے پر کانگریس کی تنقید

دوسری جانب کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے دہلی حکومت اور دہلی پولیس پر شہریوں کے آئینی حق کو دبانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ شہریوں کا فرض ہے جسے بھارتی آئین کی دفعہ 51 اے (جی) میں واضح طور پر درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا: ’’کرتویہ پتھ پر ہونے والا یہ احتجاج ماحولیات کی بقا کے لیے تھا۔ شہری اپنے آئینی فرض کو ادا کر رہے تھے۔ ایسے احتجاج کو روکنا افسوسناک ہے۔‘‘

دہلی پولیس نے احتجاج کرنے والوں کو حراست میں لیا

اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز انڈیا گیٹ پر آلودگی سے متعلق پالیسی بنانے کا مطالبہ کرنے والے متعدد افراد کو دہلی پولیس نے حراست میں لیا۔ دہلی کی ایک شہری نے کہا کہ یہ مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ انسانی صحت اور بنیادی حقوق کا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’ہمیں صاف ہوا چاہیے۔ یہ ہمارا بنیادی حق ہے۔ پچھلے دس سال سے ہم اس مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں۔ آرٹیکل 21 یعنی حق حیات کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ پرامن احتجاج کے باوجود لوگوں کو بسوں میں بھر کر لے جایا جا رہا ہے۔ یہ آرٹیکل 19 کی بھی خلاف ورزی ہے۔‘‘

دہلی کی ہوا خطرناک سطح پر

قومی دارالحکومت میں گزشتہ کئی دنوں سے ہوا کے معیار کا انڈیکس (AQI) ’’انتہائی خراب‘‘ اور ’’خطرناک‘‘ سطح کے درمیان ریکارڈ کیا جا رہا ہےجو شہریوں کی صحت کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔

Habiburrahman

Recent Posts

World Rhino Day 2026: ورلڈ رائنو ڈے پر پی ایم مودی کا بڑا اعلان، ’پروجیکٹ رائنو‘ شروع، آسام میں دنیا کے 80 فیصد گینڈے

وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر گینڈوں کے تحفظ سے متعلق…

9 hours ago

Asian Games 2026: ایشین گیمز میں بھارت کا ڈنکا، خواتین ٹیم نے جیتا گولڈ میڈل، وزیر داخلہ امت شاہ نے دی مبارکباد

بھارتی خواتین ٹیم کی اس تاریخی اور ریکارڈ ساز جیت پر مرکزی وزیر داخلہ امت…

9 hours ago

Prime Minister Narendra Modi: ’مکسڈ مارشل آرٹس میں بھارت کا تاریخی کمال…‘، وزیر اعظم نریندر مودی نے سچیکا تاریال کو دی مبارکباد

وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سچیکا تاریال کو مبارکباد…

10 hours ago