قومی

BJP’s plane behind Nitin Naveen’s appointment: نتن نبین کی تقرری کے پیچھے کیا ہے بی جے پی کا سیاسی حساب کتاب؟ سمجھئے نتن نبین کی تقرری کے 5 بڑے اسباب

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی نے نئے قومی صدر کے انتخاب سے قبل ایک اہم تنظیمی فیصلہ لیتے ہوئے بہار حکومت کے وزیر نتن نبین کو پارٹی کا قومی ورکنگ صدر مقرر کر دیا ہے۔ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ کی جانب سے جاری اطلاع کے مطابق یہ تقرری بی جے پی کے پارلیمانی بورڈ نے کی ہے اور یہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے۔ اگرچہ این ڈی اے کے پاس پہلے ہی بہار کی حکومت موجود ہے، لیکن اس تقرری کے بعد یہ سوال شدت اختیار کر گیا ہے کہ آخر بی جے پی نے نتن نبین کو ہی کیوں چنا؟ اس کے پیچھے پارٹی کا کیا سیاسی حساب کتاب ہے؟ آئیے، اس تقرری کے پانچ بڑے اسباب کو سمجھتے ہیں۔

1۔ مغربی بنگال کو جیتنے کا منصوبہ

بہار میں کامیابی کے بعد بی جے پی کی نظریں اب مغربی بنگال اسمبلی انتخابات پر مرکوز ہیں۔ نتن نبین کا تعلق کائستھ سماج سے ہے اور مغربی بنگال میں اس برادری کی آبادی خاصی مؤثر مانی جاتی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، بنگال میں تقریباً 27 لاکھ کائستھ ووٹرز ہیں۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ترنمول کانگریس نے بھی کائستھ سماج کو خاص اہمیت دیتے ہوئے 42 میں سے 10 تا 11 ٹکٹ اسی برادری کے امیدواروں کو دیے تھے۔ ایسے میں بی جے پی نتن نبین کے ذریعے بنگال میں اس ووٹ بینک کو متحرک کرنے کی حکمتِ عملی پر کام کر رہی ہے۔

2۔ اتر پردیش کے کائستھ ووٹروں پر نظر

سال 2027 میں اتر پردیش اسمبلی انتخابات ہونے ہیں، جو بی جے پی کے لیے سب سے اہم ریاست سمجھی جاتی ہے۔ یہاں کائستھ ووٹروں کی تعداد خاصی ہے، خصوصاً بہار سے متصل اضلاع میں۔ نتن نبین، ایک بہاری اور کائستھ چہرہ ہونے کے ناطے، اتر پردیش میں بی جے پی کے لیے ایک مؤثر سیاسی مہرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

3۔ بہار میں نتیش کمار کے ممکنہ متبادل کی تیاری

اگرچہ اس وقت این ڈی اے کے پاس بہار کی حکومت ہے، لیکن بی جے پی یہاں کوئی رسک نہیں لینا چاہتی۔ موجودہ سیاسی حالات میں پارٹی کو ایک ایسے چہرے کی تلاش ہے جو ضرورت پڑنے پر نتیش کمار کا متبادل بن سکے۔ سشیل مودی کے بعد بہار میں بی جے پی کو ایک مضبوط، قابل قبول اور نوجوان قیادت درکار ہے اور نیتن نبین اس خلا کو پُرکرتے دکھائی دیتے ہیں۔

4۔ نوجوان قیادت کی اگلی صف تیار کرنا

اگر مستقبل میں نتن نبین کو پارٹی کا باقاعدہ قومی صدر بنایا جاتا ہے تو وہ بی جے پی کی تاریخ کے سب سے کم عمر صدر ہوں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی قیادت میں بی جے پی مسلسل نوجوان چہروں کو آگے لا رہی ہےچاہے وہ حکومت ہو یا تنظیم۔ نتن نبین کی تقرری اسی سوچ کی عکاس ہے کہ اب پارٹی کی کمان بتدریج نئی نسل کے حوالے کی جا رہی ہے۔

5۔ مضبوط ریکارڈ اور تنظیمی تجربہ

نتن نبین بہار میں چار مرتبہ کے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں اور حکومت میں بطور وزیر عوامی سطح پر سرگرم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ تنظیمی محاذ پر بھی مضبوط سمجھے جاتے ہیں۔ چھتیس گڑھ میں بطور انتخابی انچارج انہوں نے مؤثر حکمت عملی کے ذریعے بی جے پی کو اقتدار میں واپس لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ اب بھی وہاں پارٹی کے انچارج ہیں اور آر ایس ایس کے پرانے کارکن مانے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے پارٹی قیادت کو ان کی سیاسی منصوبہ بندی پر خاص اعتماد ہے۔

کیا نتن نبین تاریخ رقم کریں گے؟

فی الحال نتن نبین کو عارضی طور پر قومی ورکنگ صدر مقرر کیا گیا ہے، یعنی وہ نئے قومی صدر کے انتخاب تک پارٹی کی ذمہ داری سنبھالیں گے، لیکن اگر مستقبل میں بی جے پی نے انہیں ہی مستقل قومی صدر مقرر کر دیا، تو وہ پارٹی کی تاریخ کے سب سے نوجوان صدر ہوں گے۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ بی جے پی اپنی تنظیمی سیاست میں آگے کون سا بڑا فیصلہ کرتی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

UP New Congress President: ارادھنا مشرا بنیں یوپی کانگریس کی نئی صدر، عمران مسعود کار گزار صدر مقرر

ارادھنا مشرا پرتاپ گڑھ کی رام پور خاص اسمبلی نشست سے کانگریس کی رکن اسمبلی…

8 hours ago

Asian Games 2026: ایشین گیمز 2026 کی اختتامی تقریب میں نیرو ڈھانڈا ہوں گی ہندوستان کی پرچم بردار، ٹریپ شوٹر نے 2 گولڈ سمیت جیتے ہیں 3 تمغے

نیرو ڈھانڈا کی کارکردگی کے اعتراف میں انہیں اختتامی تقریب میں ہندوستانی دستے کی قیادت…

8 hours ago