قومی

UP Assembly Elections 2027: کانگریس نے مانگی 181 سیٹیں، اکھلیش یادو نے رکھ دی جیت کا معیار، سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے لیڈران کی آج دہلی میں میٹنگ

نئی دہلی: اتر پردیش اسمبلی انتخابات 2027 کے لیے سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کو لے کر باضابطہ بات چیت منگل کے روز نئی دہلی میں شروع ہونے والی ہے۔ کانگریس نے ریاست کی مجموعی 403 اسمبلی سیٹوں میں سے 181 سیٹوں پر دعویداری کرتے ہوئے ایک فہرست پیش کی ہے۔ وہیں سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ سیٹیں اسی پارٹی کو دی جائیں گی، جس کے متعلقہ انتخابی حلقوں میں جیتنے کے امکانات مضبوط ہوں گے۔ اس دوران کانگریس نے بھی انتخابات کی تیاریوں میں تیزی لادی ہے۔

راہل اور کھڑگے کی یوپی کے سینئر لیڈران کے ساتھ میٹنگ

لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے پیر کے روز نئی دہلی میں 10 راجاجی مارگ پر اتر پردیش کانگریس کے سینئر لیڈران کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس دوران پارٹی کی انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس میٹنگ میں کانگریس کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، اتر پردیش کانگریس کے انچارج راجندر پال گوتم، ریاستی کانگریس صدر آرادھنا مشرا، یوپی کانگریس کے کارگزار صدر عمران مسعود اور اتر پردیش میں کانگریس قانون ساز پارٹی (سی ایل پی) کے لیڈر ویریندر چودھری شامل ہوئے۔

یوپی کے سیاسی حالات اور انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال

میٹنگ کے بعد کھڑگے نے بتایا کہ بات چیت بنیادی طور پر اتر پردیش کے موجودہ سیاسی حالات اور آئندہ اسمبلی انتخابات پر مرکوز رہی۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ انتخابات ملک کی سیاست کو نئی سمت دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ کانگریس صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’آج میں نے اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر لیڈران کے ساتھ ریاست کی سیاسی صورتحال اور آئندہ اسمبلی انتخابات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’اتر پردیش میں ہونے والے آئندہ انتخابات ملک کی سیاست کو ایک نئی سمت دیں گے۔ ریاست کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور وہ سماجی انصاف، مساوی مواقع اور پسماندہ طبقات کے حقوق کو مضبوط ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔‘‘

انڈیا اتحاد کے ساتھ مضبوط متبادل پیش کرنے کا دعویٰ

پارٹی کے انتخابی امکانات پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا، ’’مجھے پورا یقین ہے کہ کانگریس پارٹی، انڈیا اتحاد کے ساتھ مل کر اتر پردیش کے عوام کے سامنے ایک مضبوط متبادل پیش کرے گی۔‘‘ انہوں نے آئندہ انتخابات کے پیش نظر پارٹی کی تیاریوں اور اتحاد کے ذریعے انتخابی میدان میں اترنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

بھارت ایکسپریس۔

Md Hammad

Recent Posts

Supreme Court: ایس آئی آر اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے متعلق انڈیا بلاک کی عرضی پر سپریم کورٹ میں سماعت ملتوی

چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے راہل گاندھی اور دیگر درخواست گزاروں…

3 hours ago