قومی

PM Modi to Attend ASEAN-India Summit: وزیر اعظم مودی آج آسیان-ہند سربراہی اجلاس میں ہوں گے شریک، کواڈ ممالک کی میٹنگ پر بھی دنیا کی نظریں

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی منگل کے روز 23ویں آسیان-ہند سربراہی اجلاس اور 21ویں مشرقی ایشیا سربراہی اجلاس (ای اے ایس) میں شرکت کریں گے۔ وہیں دنیا کی نظریں ہندوستان، امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا کے لیڈران پر بھی مرکوز رہیں گی۔ ان چاروں ممالک کے لیڈران کی مجوزہ میٹنگ تقریباً دو سال بعد کواڈ گروپ کو ایک بار پھر اعلیٰ سطح پر متحد کرنے جا رہی ہے۔

آسیان-ہند شراکت داری کا جائزہ لیا جائے گا

آسیان-ہند سربراہی اجلاس میں دونوں فریقوں کے درمیان ’جامع اسٹریٹجک شراکت داری‘ کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس میں 2026 سے 2030 کے لیے ’آسیان-ہند ایکشن پلان‘ بھی شامل ہے۔ اس اجلاس کے ذریعے تعاون کے موجودہ شعبوں کا جائزہ لینے اور ہندوستان و آسیان کے رکن ممالک کے درمیان مستقبل کے روابط کی سمت طے کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

وہیں، 21واں مشرقی ایشیا سربراہی اجلاس لیڈران کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جہاں وہ اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر اپنے خیالات کا تبادلہ کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ آسیان اور دیگر شراکت دار ممالک سے متعلق مشترکہ مفادات کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ہند-بحرالکاہل خطے کی سلامتی پر ہوگی بات چیت

وہیں، 49ویں آسیان سربراہی اجلاس کے دوران ہونے والی کواڈ ممالک کی میٹنگ بھی کافی اہمیت کی حامل ہے۔ اس کی اہمیت صرف چار ممالک کے لیڈران کے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے تک محدود نہیں ہے۔ ہند-بحرالکاہل خطے میں بدلتے ہوئے سلامتی کے حالات، سمندری تجارتی راستوں کے تحفظ اور چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے درمیان کواڈ کے کردار پر بھی دنیا کی نظریں مرکوز ہیں۔

ٹرمپ، جاپان اور آسٹریلیا کے پی ایم بھی ہوں گے شریک

دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ منگل کے روز منیلا پہنچنے والے ہیں۔ ان کے ساتھ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی ہوں گے۔ وزیر اعظم مودی کے علاوہ جاپان کی وزیر اعظم سانے تاکائچی اور آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز کے بھی اس اجلاس میں شرکت کرنے کی توقع ہے۔ کواڈ لیڈران کا آخری سربراہی اجلاس ستمبر 2024 میں امریکہ کی ریاست ڈیلاویئر میں منعقد ہوا تھا۔ اس لحاظ سے منیلا میں ہونے والی میٹنگ کو اس گروپ کی اعلیٰ سطح پر دوبارہ واپسی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

پیر کے روز منیلا پہنچے وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی پیر کے روز منیلا پہنچے۔ قابل ذکر ہے کہ فلپائن سال 2026 کے لیے آسیان کی صدارت کر رہا ہے اور اسی حیثیت سے ان سربراہی اجلاسوں کی میزبانی کر رہا ہے۔

بھارت ایکسپریس۔

Md Hammad

Recent Posts

Supreme Court: ایس آئی آر اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے متعلق انڈیا بلاک کی عرضی پر سپریم کورٹ میں سماعت ملتوی

چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے راہل گاندھی اور دیگر درخواست گزاروں…

3 hours ago