قومی

مسلمانوں کے مذہبی مقامات کے خلاف راجستھان میں انتظامیہ کی بلڈوزر کارروائیاں، اے پی سی آر نے جاری کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ، سنگین خدشات نمایاں

نئی دہلی: ایسوسی ایشن فارپروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) راجستھان چیپٹرنے”نوٹسز، فیتھ اینڈ جسٹس” کے عنوان سے اپنی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ جاری کی ہے، جس میں راجستھان کے سرحدی اضلاع، خصوصاً باڑمیر، جیسلمیراوربیکانیرمیں مساجد، مدارس، درگاہوں، عیدگاہوں، قبرستانوں اوردیگر مسلم مذہبی مقامات کے خلاف حالیہ انتظامی بلڈوزرکارروائیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ یہ رپورٹ زمینی حقائق جاننے کے لئے کئے گئے دوروں، مقامی باشندوں، مساجد کی انتظامیہ، وکلاء، عوامی نمائندوں سے ملاقاتوں اورسرکاری ریکارڈ کے مطالعے کی بنیاد پرتیارکی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، انتظامی کارروائیاں چند الگ تھلگ مقامات تک محدود نہیں بلکہ سرحدی اضلاع میں مسلم مذہبی اداروں کے خلاف ایک وسیع انتظامی مہم کی صورت اختیارکرتی دکھائی دیتی ہیں۔ مختلف مقدمات میں راجستھان لینڈ ریوینیوایکٹ 1956، راجستھان پنچایتی راج رولز1996، راجستھان کالونائزیشن ایکٹ 1954 اورراجستھان لینڈ ریونیو (غیرمجازقابضین کی بے دخلی) ایکٹ 1975 کے تحت نوٹس جاری کئے گئے۔ متعدد نوٹسوں میں تین ماہ تک سول قید اورسالانہ لگان سے 50 گنا جرمانے کی تنبیہ بھی شامل تھی۔

رپورٹ میں انصاف اورقانونی ضابطۂ کارپرسنگین خدشات

رپورٹ میں انصاف اورقانونی ضابطۂ کارپرعمل درآمد کے حوالے سے سنگین خدشات ظاہرکیے گئے ہیں۔ متعدد معاملات میں نوٹس پردرج تاریخ اوراس کی حقیقی وصولی کے درمیان نمایاں فرق پایا گیا، جبکہ متاثرہ فریقین کوجواب داخل کرنے یا قانونی مدد حاصل کرنے کے لیے صرف ایک سے تین دن کا وقت دیا گیا، جس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا انہیں مؤثرطورپراپنا موقف پیش کرنے کا حقیقی موقع فراہم کیا گیا یا نہیں۔ فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کے مطابق اب تک باڑمیرمیں 6 مساجد، جیسلمیرمیں دومساجد اورمتعدد مزارات، جبکہ بیکانیرمیں ایک مسجد اوردومزارات منہدم کئے جاچکے ہیں۔ کئی دیگرمقامات پرانہدام یا بے دخلی کی کارروائیاں زیرِعمل ہیں، جبکہ متعدد مقدمات مختلف عدالتوں میں زیرِسماعت ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ متعلقہ اراضی کی قانونی حیثیت ہرمعاملے میں مختلف ہے، جن میں چراگاہی زمین، اورن زمین، کھیتیداری اراضی، الاٹ شدہ زمین اورآبادی اراضی شامل ہیں۔ تاریخی کالونائزیشن ریکارڈ، ریونیو ریکارڈ اورموجودہ زمینی ریکارڈ میں پائے جانے والے اختلافات اس امرکی نشاندہی کرتے ہیں کہ ہرمقدمے کا فیصلہ اس کے اپنے حقائق اوردستاویزی شواہد کی بنیاد پرالگ الگ کیا جانا چاہئے، نہ کہ یکساں انتظامی نقطۂ نظراختیارکیا جائے۔ رپورٹ کے مطابق، راجستھان کی بین الاقوامی سرحد سے متصل دیگراضلاع میں بھی اسی نوعیت کی کارروائیاں جاری ہیں یا زیرِغورہیں، جس کے باعث یہ معاملہ وسیع آئینی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔

قانون کی حکمرانی اورانصاف کے بنیادی اصولوں پرعمل ضروری

اے پی سی آرنے واضح کیا کہ گرچہ قومی سلامتی اورسرحدی انتظام انتہائی اہم ہیں، تاہم تمام انتظامی اقدامات آئین ہند، قانون کی حکمرانی اورانصاف کے بنیادی اصولوں کے مطابق ہونے چاہییں۔ تنظیم کے مطابق قومی سلامتی اورشہری حقوق ایک دوسرے کی ضد نہیں بلکہ ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔ رپورٹ میں کئی اہم قانونی سوالات بھی اٹھائے گئے ہیں، جن میں یہ شامل ہے کہ کیا متاثرہ فریقین کوواقعی مؤثرسماعت کا موقع ملا کیا؟ سپریم کورٹ کی ہدایات اورقانونی طریقۂ کارپرمکمل عمل کیا گیا؟ کیا ہرمقدمے کا انفرادی بنیادوں پرجائزہ لیا گیا؟ اورکیا انتظامیہ نے تمام معاملات میں یکساں اورغیرجانبدارانہ رویہ اختیارکیا؟

اے پی سی آرنے اپنی سفارشات میں  حکومت سے کیا یہ مطالبہ

اپنی سفارشات میں اے پی سی آرنے حکومتِ راجستھان اورمتعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عدالتوں میں زیرِسماعت معاملات میں ناقابلِ واپسی کارروائی سے گریزکیا جائے، ہرمتاثرہ فریق کومناسب نوٹس اورمؤثر سماعت کا موقع دیا جائے، سپریم کورٹ کی ہدایات اورقدرتی انصاف کے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے، کسی بھی کارروائی سے قبل زمین اوروقف ریکارڈ کی آزادانہ جانچ کی جائے اورعبادت گاہوں سے متعلق تنازعات کے حل میں بات چیت، شفافیت اورآئینی اقدارکوترجیح دی جائے۔ رپورٹ جاری کرتے ہوئے اے پی سی آر نے واضح کیا کہ یہ دستاویزکسی مخصوص برادری کے حق یا مخالفت میں نہیں بلکہ آئینی حکمرانی، قانون کی بالادستی اورمنصفانہ انتظامی عمل کے فروغ کے مقصد سے تیارکی گئی ہے۔ تنظیم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی سلامتی، شہری حقوق کے تحفظ اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کوایک ساتھ یقینی بنایا جا سکتا ہے، بشرطیکہ ہرانتظامی اقدام آئینی اصولوں اور قائم شدہ قانونی ضابطوں کے مطابق انجام دیا جائے۔

بھارت ایکسپریس اردو-

Nisar Ahmad

Recent Posts

Yemen Houthis Toyota Pickup Trucks: راکٹ نہیں، میزائل نہیں… یمن میں 38,000 سے زائد ٹویوٹا ٹرکوں کی آمد، دنیا بھر میں تشویش

یمن کے جنگ زدہ علاقوں میں ٹویوٹا پک اَپ ٹرکوں کی اچانک بڑھتی ہوئی تعداد…

4 minutes ago

Rajesh Mangal Ayodhya Visit: بی جے پی کے قومی شریک خزانچی راجیش منگل کل پہنچیں گے ایودھیا، رام للا کے کریں گے درشن

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی شریک خزانچی راجیش منگل منگل کے روز…

11 minutes ago

Bishnoi Gang Shooters Arrested: جودھپور میں بشنوئی گینگ کے دو انعامی شوٹر گرفتار، دونوں پر تھا 5-5 لاکھ روپے کا انعام

پولیس نے دونوں کو جودھپور کے کیلاش نگر علاقے میں واقع ایک ہوٹل کے کمرے…

39 minutes ago

Saudi Arabia-Houthi Crisis: سعودی کے تمام مددگار کیوں ہو گئے بے کار؟ پاکستان اور ترکیہ کے انکار نے ایم بی ایس کی بڑھائی مشکل

یمن میں حوثی باغیوں کے بڑھتے حملوں سے پریشان سعودی عرب نے شام، ترکیہ اور…

41 minutes ago