سپریم کورٹ آف انڈیا نے پیر کے روز مرکزی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانےوالے مواد کو ضابطے میں لانے کے لیے مجوزہ رہنما اصول (ڈرافٹ گائیڈ لائنز) عدالت کے سامنے پیش کرے۔ عدالت نے زور دیا کہ یہ فریم ورک نیوز براڈکاسٹنگ اسٹینڈرڈز اتھارٹی (NBSA) سے مشاورت کے بعد تیار کیا جائے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت نومبر میں مقرر ہے۔ جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئمالیا بگچی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سوشل میڈیا پر اظہار رائے کی آزادی کے ’’تجارتی شکل‘‘ اختیار کرنے پر تشویش ظاہر کی اور خبردار کیا کہ بغیر کسی ضابطے کے سوشل میڈیا پر شیئر کیا جانے والا مواد کمزور طبقات، جیسے معذور افراد، خواتین، بچوں، بزرگوں اور اقلیتوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
نئے میڈیا فارمیٹس کو بھی شامل کیا جائے: عدالت
عدالت نے کہا کہ رہنما اصول قومی نشریاتی اداروں اور ڈیجیٹل ایسوسی ایشن کی شراکت سے تیار کیے جائیں اور ان کا دائرہ صرف ویڈیوز یا پوسٹس تک محدود نہ ہو بلکہ پوڈکاسٹ جیسے نئے میڈیا فارمیٹس کو بھی اس میں شامل کیا جائے۔ سماعت کے دوران ایڈووکیٹ نشا بھمبھانی نے ڈیجیٹل ایسوسی ایشن کی نمائندگی کی۔ یہ مشاہدات اس وقت سامنے آئے جب عدالت معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین سمے رینا کے خلاف ایک درخواست کی سماعت کر رہی تھی، جس میں سمے پر معذور افراد سے متعلق غیر حساس لطیفے سنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ یہ تبصرے آزاد اظہار رائے کے غلط استعمال کے زمرے میں آتے ہیں۔
جسٹس بگچی نے کہا کہ ’’ہنسی زندگی کا ایک اہم حصہ ہے، لیکن اس کے لیے حساسیت کو پامال نہیں کرنا چاہیے۔ ہم ایک کثیرالثقافتی معاشرہ ہیں۔‘‘ وہیں جسٹس سوریہ کانت نے کہا کہ ’’معذور افراد کو نشانہ بنانے والے لطیفے، انھیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے آئینی مقصد کو نقصان پہنچاتے ہیں۔‘‘
خلاف ورزی کی صورت میں مؤثر سزائیں تجویز کی جائیں: عدالت
عدالت نے زور دیا کہ رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کی صورت میں واضح اور مؤثر سزائیں تجویز کی جائیں تاکہ ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ جسٹس سوریہ کانت نے کہا کہ ’’جب تک نتائج مؤثر نہیں ہوں گے، لوگ ذمہ داری سے بچنے کے لیے ادھر ادھر بھاگتے رہیں گے۔ سزائیں محض رسمی کارروائی نہیں ہونی چاہئیں۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو
ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی جانب سے نندی گرام میں کانگریس امیدوار کی…
جلیل اختر کو 19 جون کو پولیس نے حراست میں لیا تھا، عدالت نے سرکاری…
ٹرانسپورٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ قوانین پر عمل یقینی بنانا ضروری ہے، لیکن ضابطے…
مرکزی وزیر کرن رجیجو نے اردو صحافت کی شاندار روایت، بدلتے دور میں اس کے…
13 ستمبر کو بھارت نے پہلا میچ 7 وکٹ سے جیتا، جب کہ دوسرے مقابلے…
’ماحولیات اور آب و ہوا کی حرکیات کا مستقبل‘ کے موضوع پر دو روزہ کانفرنس،…