میرٹھ: اتر پردیش کی سیاست میں ایک بار پھر زبردست ہلچل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی اتل پردھان نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے فائر برانڈ لیڈر سنگیت سوم پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود گوشت یعنی میٹ کی فیکٹری چلاتے ہیں، حالانکہ عوام کے سامنے وہ سخت ہندوتوا کی سیاست کرتے ہیں۔ اتل پردھان نے نہ صرف سنگیت سوم بلکہ ان کی اہلیہ کے کردار پر بھی سوال اٹھا کر سیاسی تنازع کو مزید تیز کر دیا ہے۔ مغربی اتر پردیش کے شہر میرٹھ کی سیاست ایک بار پھر زبانی جنگ کا میدان بن گئی ہے۔ حال ہی میں بی جے پی لیڈر سنگیت سوم کی بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور ایک بنگلہ دیشی کرکٹر پر کی گئی متنازعہ بیان بازی کے بعد سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی اتل پردھان نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لیڈر خود کو ہندوتوا کا سب سے بڑا محافظ بتاتے ہیں، وہ درپردہ گوشت کے کاروبار سے جڑے ہوئے ہیں۔ اتل پردھان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سنگیت سوم نہ صرف میٹ فیکٹری چلاتے ہیں بلکہ ان کے اس کاروبار میں مسلم شراکت دار بھی شامل ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک طرف سنگیت سوم فرقہ وارانہ سیاست کے ذریعے سماج کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تو دوسری طرف انہی طبقات کے ساتھ مل کر کاروباری فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ان الزامات کے بعد میرٹھ سمیت پورے مغربی یوپی کی سیاست میں بھونچال آ گیا ہے۔
اہلیہ کے کردار پر بھی سوال
اتل پردھان نے مزید الزام لگایا کہ سنگیت سوم اور ان کی اہلیہ کئی ایسی کمپنیوں میں ڈائریکٹر ہیں، جو گوشت اور مچھلی کی سپلائی، اسٹوریج اور تجارت سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سنگیت سوم واقعی اپنے نظریات پر قائم ہیں تو پھر انہیں اس کاروبار سے الگ ہو جانا چاہیے۔ سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ لیڈروں کی کہنی اور کرنی میں کتنا فرق ہے۔
سیکیورٹی اور دھمکیوں پر سوال
اتل پردھان نے سنگیت سوم کو ملنے والی سیکیورٹی اور اس پر ہونے والے سرکاری اخراجات پر بھی سوال کھڑے کیے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی سنگیت سوم کی سیکیورٹی کی تجدید یا جائزہ کا وقت آتا ہے، انہیں کہیں نہ کہیں سے جان سے مارنے کی دھمکی مل جاتی ہے۔ حال ہی میں بنگلہ دیش سے موصول ہونے والی مبینہ دھمکی کو بھی انہوں نے اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب تک حکومت سنگیت سوم کی سیکیورٹی پر عوام کے ٹیکس کے تقریباً 66 کروڑ روپے خرچ کر چکی ہے، جو کہ سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے۔ اتل پردھان نے میڈیا کے سامنے کچھ دستاویزات پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس پورے معاملے کی جانچ کسی غیر جانبدار ایجنسی سے کرائی جائے۔
جانچ کا چیلنج
سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی نے کھلے عام چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت واقعی شفافیت چاہتی ہے تو سنگیت سوم اور ان دونوں کی جانچ کرائی جائے تاکہ سچ سامنے آ سکے۔ ان کے مطابق اس سے یہ بھی واضح ہو جائے گا کہ دھمکیاں حقیقی ہیں یا محض سیاسی فائدے کے لیے استعمال کی جا رہی ہیں۔
پرانا سیاسی تنازع
واضح رہے کہ سر دھنا اسمبلی سیٹ پر اتل پردھان اور سنگیت سوم کے درمیان سیاسی دشمنی کوئی نئی بات نہیں ہے۔ تاہم اس بار اتل پردھان نے سنگیت سوم کی بنیادی سیاسی شناخت اور نظریاتی سیاست پر براہِ راست حملہ کیا ہے۔ گوشت کے کاروبار، مسلم شراکت داروں اور سیکیورٹی پر بھاری اخراجات جیسے الزامات نے نہ صرف سنگیت سوم کو سیاسی کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے بلکہ انتظامی اور تفتیشی ایجنسیوں کے کردار پر بھی سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ بی جے پی اور سنگیت سوم ان الزامات پر کیا ردعمل دیتے ہیں اور آیا حکومت کسی جانچ کا اعلان کرتی ہے یا نہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر کیپٹن…
آئچی-ناگویا ایشین گیمز 2026 میں بھارتی ایتھلیٹس نے ٹریک اینڈ فیلڈ میں دو سلور اور…
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی شام دہلی کے دین دیال اپادھیائے پارک پہنچ…
انتخابی کمیشن کی کارروائی اور ووٹر فہرست کی نظرثانی سے متعلق اپوزیشن کا احتجاج، کانگریس…
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر نے امریکہ…
آئی بی سی کے ذریعے ممبئی کے ٹیک ٹین بی کے سی اور بھارت نگر…